رہنمائے گھر داری

ناریل کے کمالات ناریل مشہور عام چیز ہے۔ اس کا ذائقہ شیریں خوش مزہ ہوتا ہے۔ اس کا رنگ باہر سے سرخ اور اندر سے سفید ہوتا ہے۔ اس کا مزاج گرم اور خشک دوسرے درجے میں ہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک دوتولہ ہے۔ اس کے حسب ذیل فوائد ہیں۔
٭…بینائی کو مضبوط کرنے کیلئے ہر روز نہار منہ کوزہ مصری ہم وزن ناریل کے ہمراہ کھانا بے حد مفید ہے۔
٭…ناریل کا تیل سر پر لگانے سے بال ملائم ہوتے ہیں اور بڑھتے بھی ہیں۔
٭…ناریل کا تیل اگر روزانہ پلکوں پر لگایا جائے تو وہ بہت ملائم ہو جاتی ہیں۔
٭…ناریل پیاس بجھاتا ہے۔
٭…ناریل کے چھلکوں کے جوشاندے سے غرارے کرنے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں۔
٭… کچاناریل بھوک لگاتا ہے اور فوائد کے اعتبار سے زیادہ مفید ہوتا ہے، کیونکہ اس کا مزاج سرد تر ہوتا ہے۔ کچا ناریل زود ہضم ہوتا ہے۔
٭…اگر بند چوٹ ہو تو پرانے ناریل میں ایک چوتھائی ہلدی ملا کر پوٹلی باندھ لیں۔ اس کو گرم کرکے چوٹ کی جگہ ٹکور کرنے سے چوٹ کی درد اور سوجن ٹھیک ہو جاتی ہے۔
٭…چاول کھانے کے بعد تھوڑا سا ناریل کھا لینے سے چاول فوراً ہضم ہو جاتے ہیں۔
٭…ناریل کھا کر پانی نہیں پینا چاہئے۔
٭…پھیپھڑوں کے مریض کو ناریل کا دودھ بنا کر پلانا اور کھلانا مفید ہوتا ہے۔
٭…ناریل کی داڑھی کی راکھ کو پانی میں گھول کر نتھرا ہوا پانی ہچکی کیلئے بے حد مفید ہوتا ہے۔
٭…ناریل کا تیل گردے اور مثانے میں قوت اور چربی پیدا کرنے کیلئے مفید ہے۔
٭…گرتے ہوئے بالوں کی صورت میں کھوپرے یعنی ناریل کا تیل سر پر لگانا خاص طور پر رات کے وقت اور صبح اُٹھ کر کسی اچھے صابن سے سر دھو لینا مفید ہوتا ہے۔
٭…فالج، لقوہ، رعشہ میں اس کا استعمال بے حد مفید ہوتا ہے۔