ذوالنورین ؓ کی سیرت ومظلومانہ شہادت

تحریر : مولانا محمد طارق نعمان گڑنگی


ذوالحجہ کے مہینے کواسلامی سال میں خاص اہمیت حاصل ہے اس مقدس مہینے میں ایثار وقربانی کے بے شما ر واقعات رونماہوئے جن میں نبی پاک ﷺ کے دوہرے داماد،جامع قرآن حضرت عثمانؓ کایومِ شہادت بھی ہے۔

 اس مہینہ کی 18 تاریخ کوحضرت عثمان ؓ نے جامِ شہادت نوش کیا، ہمارا ایمان ہے کہ نبی پاکﷺ کے تمام صحابہ عظمت و رفعت کے روشن ستارے ہیں۔ نبی پاک ﷺ نے فرمایا ’’میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں‘‘ یعنی میرے صحابہ رشد و ہدایت کے ستارے ہیں۔ صحابہ کرام ؓ رحمت دوعالمﷺ کی صفات وکمالات کا عکس تھے۔ 

صدیق عکس کمال محمدؐ است

فاروق ظل جاہ و جلال محمدؐ است

عثمان ضیاء شمع جمال محمدؐ است

حیدر بہارِ باغِ خصال محمدؐ است

حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت کے بیشمار پہلو ہیں، نبی پاکﷺ کے دربار سے کسی کو صدیق کا لقب ملا کسی کو فاروق کا اور کسی کو حیدر کرار کا۔ سیدنا عثمان غنی ؓ وہ خوش نصیب ہیں، جنہیں دربار رسالت سے ذوالنورین کا عظیم لقب ملا۔ سیدنا عثمان غنیؓ بے پناہ خوبیاں اور کمالات رکھنے والے جلیل القدر صحابی تھے۔ آپ ایسے خوش نصیب تھے کہ زندگی میں ہی کئی بار زبان رسالت سے شہادت اور جنت کی بشارت سنی۔ سخی ایسے کہ نبی پاک ﷺ کے معمولی اشارہ پر مسلمانوں کیلئے اپنے خزانوں کے منہ کھول دیئے۔ زہد و تقویٰ ایساکہ قبرستان سے گزر ہوتا تو چہرہ مبارک اشکبار ہو جاتا، نیک ایسے کہ زندگی بھر کبھی تہجد کی نماز قضا نہ کی۔ حضرت عثما نؓ کی زندگی بھی قابل رشک تھی اور موت بھی۔ خلیفہ سوم حضرت عثمان غنیؓ نبی کریمﷺ کے داماد، کاتب وحی اور عشر مبشرہ میں سے ہیں۔

ابتدائی زندگی

 حضرت عثمان غنیؓ قریش کی ایک شاخ بنو امیہ میں پیدا ہوئے۔ سلسلہ نسب عبد مناف پر رسول اللہصﷺسے ملتا ہے۔ آپ ؓسب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے لوگوں میں چوتھے نمبرپر ہیں۔آپؓ نے خلیفہ اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کی دعوت پر اسلام قبول کیا ۔ آپؓ ایک خدا ترس اور غنی انسان تھے۔ آپؓ اللہ کی راہ میں دولت دل کھول کر خرچ کرتے۔ اسی بنا پر حضور اکرمﷺ نے آپؓ کو غنی کا خطاب دیا۔

عثمان ؓسے حیاء

حضرت حفصہؓ فرماتی ہیں کہ ایک دفعہ نبی اکرمﷺ  میرے پاس تشریف لائے اور اپنا (اوپر لپیٹنے کا)کپڑا اپنی مبارک رانوں پر رکھ لیا۔ اتنے میں حضرت ابو بکرؓ آئے اور اندر آنے کیلئے اجازت طلب کی۔ آپ ﷺ نے انہیں اجازت عنایت فرمائی اور آپﷺ اپنی اسی حالت میں رہے۔ پھر باری باری حضرت عمرؓ ، حضرت علیؓ اور دیگر صحابہ کرامؓ آئے، آپﷺ نے انہیں بھی اجازت عنایت فرمائی اور اپنی اسی حالت میں تشریف فرما رہے۔ حضرت عثمانؓ آئے تو آپﷺ نے پہلے اپنے جسم اقدس کو کپڑے سے ڈھانپ لیا پھر انہیں اجازت عنایت فرمائی۔ جب صحابہ کرامؓ چلے گئے تو میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ! آپﷺ کی خدمت اقدس میں ابو بکر، عمر، علی اور دوسرے صحابہ کرام (رضوان اللہ علیھم اجمعین) حاضر ہوئے لیکن آپﷺ اپنی پہلی ہیئت میں تشریف فرما رہے۔ جب حضرت عثمانؓ حاضر ہوئے تو آپﷺ نے اپنے جسم اقدس کو کپڑے سے ڈھانپ لیا۔ آپﷺ نے فرمایا: کیا میں اس شخص سے حیا نہ کروں جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں(احمد بن حنبل فی المسند: 26510، الطبرانی فی المعجم الکبیر)

حضرت بدر بن خالدؓ سے روایت ہے کہ میں نے نبی اکرمﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ایک فرشتہ میرے پاس تھا جب عثمانؓ میرے پاس سے گزرے تو اس نے کہا یہ شہید ہیں، ان کی قوم انہیں قتل کرے گی اور ہم ملائکہ ان سے حیا کرتے ہیں (الطبرانی فی المعجم الکبیر 4939)۔

گر شرم و حیاء پہ کوئی دیوان لکھے گا

مجھ کوہے یقیں سیرتِ عثمانؓ لکھے گا

نبی ﷺ کاہاتھ عثمانؓ کاہاتھ

نبی پاک ﷺکے ہاتھ پہ چودہ سوصحابہ کرام نے بیعت کی اورانہیں دنیامیں ہی رب کی رضامندی حاصل ہوئی جوبیعت ہوئی اس کو بیعت رضوان کے نام سے پکاراجاتاہے۔ یہ اعزازحضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کوحاصل ہواکہ بیعت رضوان آپؓ کے لیے کی گئی ۔نبی پاک ﷺ چودہ سوصحابہ کرام سمیت عمرہ کے لیے مکہ جاتے ہیں ایک مقام پرکفاراور مسلمانوں کے درمیان تصادم کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ نبی پاک ﷺ حضرت عثمان ؓ کو سفیر اسلام بناکر کفار مکہ کی طرف بھیجتے ہیں تاکہ انہیں یہ بتلایاجاسکے کہ مسلمان جنگ وقتال کیلئے نہیں بلکہ عمرہ کرنے کی غرض سے آئے ہیں۔ حضرت عثمان ؓکے جانے کے بعد نبی پاکﷺ کویہ افسوسناک خبر ملتی ہے کہ عثما نؓ کوکفار نے شہید کر دیاہے ۔آپ ﷺ خون عثمانؓ کابدلہ لینے کیلئے تمام صحابہ کرامؓ سے بیعت لیتے ہیں ۔حضرت عثمان ؓکے اکرام وتوقیر کیلئے آپ ﷺ اپنے ہاتھ مبار ک کوعثمان ؓ کاہاتھ قراردے کرخود بیعت لیتے ہیں ۔گویا’’نبی کا ہاتھ عثمانؓ کاہاتھ عثمانؓ کاہاتھ نبی ﷺکاہاتھ‘‘

ذوالنورین کاخطاب

قبول اسلام کے بعد حضرت عثمانؓ کو جو شرف حاصل ہوا وہ آپؓ کی کتبِ منقبت کاسب سے درخشندہ باب ہے۔ آپؓ داماد رسول ہیں اور ایسے خوش نصیب انسان ہیں کہ نبی پاک ﷺ کی دو بیٹیاں یکے بعد دیگرے آپؓ کے نکاح میں آئیں۔ اس اعزاز کی بدولت آپؓ کو ذوالنورین کا لقب ملا یعنی دو نوروں والا۔ پہلا نکاح نبی پاک ﷺ کی بیٹی حضرت رقیہ رضی اللہ عنھا سے ہوا، جن کی وفات کے بعد آپؓ غمگین و اداس رہتے تھے کہ نبی پاکﷺ سے میرارشتہ رقیہ کی وفات کی وجہ سے ٹوٹ گیا ہے۔ جب آپﷺ کو اس بات کا علم ہوا تو آپ ﷺ نے اپنی دوسری صاحبزادی حضرت اُم کلثوم رضی اللہ عنھا کا نکاح آپؓ سے کر دیا۔ جب ان کابھی انتقال ہوا تو آپﷺنے فرمایاعثمانؓ !اگر میری چالیس بیٹیاں بھی ہوتیں تومیں یکے بعد دیگرے تیرے نکاح میں دے دیتا۔

شہادت عثمانؓ ذوالنورین 

باغیوں نے حضرت عثمانؓ  کے گھر کا محاصرہ چالیس روز تک کیے رکھا۔ وہ عثمانؓ جس نے مسلمانوں کیلئے بئیر رومہ کو خرید کے وقف کیا، خود پانی کو ترس گیا۔ حضرت عثمانؓ کے گھر پہ پہرے دار حضرت علیؓ کے صاحبزادے حضرات حسنین کریمینؓ تھے۔ باغی دیوار پھلانگ کے اندر گھر داخل ہوئے، حضرت عثمان ؓ قرآن پاک کی تلاوت فرما رہے تھے۔ ظالموں نے تلوار چلائی تو آپؓ کی زوجہ محترمہ حضرت نائلہؓ آگے بڑھیں، ہاتھوں سے روکنے کی کوشش کی تو ایک ظالم کے وار سے انگلیاں ہاتھ سے جدا ہو گئیں۔ حضرت عثمانؓ کے خون کا پہلا قطرہ قرآن پاک پہ گرا۔ 18ذوالحجہ کوحضرت عثمان ؓ کوباغیوں نے شہید کیا۔ جنت البقیع میں آپ کو دفن کیا گیا۔

شہرت ہے جہاں بھر میں عثمانؓ کی سخاوت کی 

اُس شان خلافت کی اُس کانِ مروت کی 

جنت کو مدینے میں سرکارؐ نے جب بیچا

اُس وقت خریدی کی عثمانؓ نے جنت کی 

جس طرح سے بیعت لی سرکارِ دوعالمؐ نے 

تمثیل ملے گی نہ عثمانؓ کی بیعت کی 

ذوالنور لقب پایا عثمانؓ نے جو لوگو!

رفعت ہو بیاں کیسے عثمانؓ کی نسبت کی 

تجھ کو اے مشاہد سن غم چھو بھی نہیں سکتے

محفل جو سجائی ہے عثمانؓ کی مدحت کی 

اللہ پاک ہمیں حضرت عثمان ذوالنورینؓ کی سیرت و کردار کو اپنانے کی توفیق عطا فرمائے، آمین

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

میدان محشر میں نعمتوں کا سوال!

’’اور اگر کفران نعمت کرو گے تو میری سزا بہت سخت ہے‘‘ (سورہ ابراہیم :7) ’’اور اس نے تمہارے کان اور آنکھیں اور دل بنائے تاکہ تم شکر گزار بنو‘‘ (سورۃ النحل : 78)’’اے ایمان والو! ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو اگر تم اُسی کی عبادت کرتے ہو‘‘ (البقرہ )’’اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوتا ہے جو کھاتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے اور پانی پیتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے‘‘ (صحیح مسلم)

کامیاب انسان کون؟

’’وہ اہل ایمان کامیابی پائیں گے جو اپنی نماز میں خشوع اختیار کرنے والے ہیں‘‘ (المومنون) قرآن و سنت کی روشنی میں صفاتِ مومناللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’جس نے خود کو گناہوں سے بچالیا حقیقتاً وہی کامیاب ہوا(سورۃ الیل)

صدقہ: اللہ کی رضا، رحمت اور مغفرت کا ذریعہ

’’صدقات کو اگر تم ظاہر کر کے دو تب بھی اچھی بات ہے، اور اگر تم اسے چھپا کر دو تو یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے‘‘(سورۃ البقرہ)

مسائل اور ان کا حل

’’اسے اپنے گھر لے جاو‘‘ کہنے سے طلاق نہیں ہوتی سوال :میں نے اپنی بیوی سے ایک موقع پرکہاتھاکہ میں تمہیں کبھی ناراض نہیں کروں گا،اگرکوئی ناراضی ہوئی توآپ کے کہنے پرطلاق بھی دے دوں گا۔

فیض حمید کی سزا،بعد کا منظر نامہ

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سزا سنا دی گئی ہے جو کئی حلقوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے۔ ریاست ملک میں عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کر چکی ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے امکانات

چیف الیکشن کمشنر کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہے،لیکن حکومتِ پنجاب نے10 جنوری تک کا وقت مانگا ہے۔ پنجاب حکومت نے انتخابی بندوبست کرنا ہے جبکہ شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔