بڑی پلکیں خوبصورتی کو چارچاند لگائیں

آنکھیں کسی بھی انسان کی شخصیت کو پرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ خاص طور سے خواتین کی خوبصورتی کا پیمانہ ان کی کشادہ اور روشن آنکھیں ہی سمجھی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر عورت چاہتی ہے کہ اس کی آنکھیں بڑی اور پلکیں لمبی نظر آئیں۔
لیکن بہت سی خواتین ان ترکیبوں سے واقف نہیں ہوتیں جن سے کام لیتے ہوئے نہ صرف آنکھوں کی دلکشی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ وہ کشادہ بھی دکھائی دیتی ہیں۔ یہاں آپ کے لئے کچھ ایسی کارآمد ٹپس حاضر ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنی آنکھیں خوبصورت بنانے کا خواب پورا کرسکتی ہیں۔
بڑی پلکیں
یہ حقیقت ہے کہ آپ کی پلکیں جس قدر بڑی ہوں گی،آنکھیں بھی اتنی کشادہ نظر آئیں گی۔ لہٰذا آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے چاہئے کہ پلکوں میں گنھا پن لانے والا مسکارا استعمال کریں یا مصنوعی آئی لیش ایکسٹینشنز خریدیں، یہ دونوں ہی چیزیں بہت کارآمد ثابت ہوں گی۔ سب سے پہلے اپنی پلکوں کو کرل کریں اور اس کے بعد مسکارا لگائییں یا مصنوعی پلکیں لگالیں تاہم جب بھی بھر کم پلکوں کے بجائے الگ الگ ملنے والے ایکسٹینشنز ہی لیںاور نچلی پلکوں پر انہیں نہ لگائیں-
بھنویں ہلکی رکھیں
یہ ٹھیک ہے کہ ان دنوں موٹی اور گھنی بھنوئیں فیشن میں آن ہیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ ایسی بھنوئوں کو بناتے ہوئے بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے اور ہر ایک کے چہرے پر یہ اچھی بھی نہیں لگتیں۔ اس لئے بہت زیادہ موٹی بھنوئیں نہ رکھیں کیونکہ آپ یہ ہر گز نہیں چاہیں گی کہ بھنوئوں کے گھنے بالوں کی وجہ سے آنکھیں کے گرد کی جگہ چھپ جاتی اور آنکھیں چھوٹی دکھائی دیں۔ بھنوئیں جتنی ہلکی ہوں گی،آنکھیں اتنی ہی بڑی دکھائی دیں گی اور آپ آئی میک آپ بھی اچھی طرح کرسکیں گی۔
آئی لائنر کا استعمال
آئی لائنر کا استعمال اپنی آنکھوں کی مناسبت سے کریں اور بہت موٹا لائنر لگانے سے گریز کریں۔ آنکھوں کا میک اپ ہلکا رکھیں جبکہ لپ اسٹک گہری اور چمکدار سی لگائیں۔
رنگ آزمائیں کشادگی کا تاثر لائیں
مختلف شوخ رنگ آئی شیڈو لگانے سے بھی آنکھیں بڑی دکھائی دیتی ہیں۔ آنکھوں میں کشادگی کا تاثر پیدا کرنے کیلئے اپنے آئی شیڈو کو آنکھوں کے اردگرد پھیلا کر لگانے سے نہ ہچکچائیں۔اس لئے آئی شیڈو کو آوٹ لائن دیتے ہوئے اسے باہر کی جانب بڑھاتے ہوئے لگائیں تاکہ آپ کی آنکھیں زیادہ بڑی دکھائی دیں۔اس بات کو ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ میک آپ کرتے ہوئے ہائی لائٹر آپ کا بہترین دوست بھی ہو سکتا ہے اور بدترین دشمن بھی۔ اس لئے ہائی لائٹر کا درست استعمال سیکھیں۔
ایک ہی شیڈ لگائیں
آنکھوں پر ایک ہی شیڈ یا ایک ہی رنگ کے مختلف شیڈز لگائیں۔ اس معاملے میں اصول یہ ہے جتنے کم شیڈ استعمال کئے جائیں گے، اسی قدر آپ کی آنکھیں خوبصورت اور بڑی نظر آئیں گی۔