موسم سرما: خواتین غذا کا صحیح استعمال کریں
سردیوں میں خواتین یہی چاہتی ہیں کہ ان کا چہرہ تروتازہ نظر آئے کیونکہ خشک موسم ہونے کی وجہ سے ان کے چہرے کی رنگت خراب ہو جاتی ہے۔انہیں اس موسم کے دوران اپنے ہاتھ اور پائوں کو بھی توجہ دینی پڑتی ہے۔ موسم سرما کے دوران غذا کا صحیح استعمال کریں اور پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔ چہرے کو ترو تازہ رکھنے کیلئے ایک نسخہ بتا رہی ہوں، انشاء اللہ یہ آپ کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گا۔زیتون کا تیل، عرق گلاب، لیموں کا عرق، ان تینوں چیزوں کو مکس کرکے چہرے پر لگائیں، اس سے چہرے کی خشکی ختم ہو جاتی ہے۔ روغن بادام، عرق گلاب، کیسٹر آئل ہم وزن ملا کر رکھ لیں۔ ہفتے میں ایک بار اس ماسک کو چہرے پر لگائیں۔
سردیوں میں بہت سارے لوگوں کو صحت کے مسائل لاحق ہو جاتے ہیں۔ ان کے جوڑوں میں درد بڑھ جاتا ہے، کئی لوگوں کو سانس کا مرض ہو جاتا ہے، کھانسی، نزلہ، زکام، بخار، چھینکیں وغیرہ مستقل آتی ہیں، ایسے لوگوں کو چاہئے کہ وہ یخنی کا استعمال زیادہ کریں، مرغی کے پانچوں کا سوپ پئیں۔
خواتین کو اپنی جلد بہت عزیزہوتی ہے۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کی جلد صاف شفاف ہو، جلد پر داغ دھبے یا ایکنی کے دانے نہ دکھائی دیں، جب بھی وہ آئینے دیکھیں تو انہیں اپنا چہرہ چمکتا ہوا دکھائی دے۔ خواتین کی یہ خواہش اس وقت ہی پوری ہو سکتی ہے جب وہ اپنی جلد کو صاف شفاف بنانے کیلئے مناسب غذا کا استعمال کریں۔
جلد کو شفاف بنانے کیلئے اکثر ہربل پروڈکٹس استعمال کی جاتی ہیں، کیونکہ ان کی وجہ سے جلد کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا جبکہ کیمیکلز سے تیار کردہ اسکن پروڈکٹس کو اگر دیر تک استعمال کیا جائے تو اس کے سائیڈ افیکٹس چہرے پر کچھ ہی عرصے میں دکھائی دینے لگتے ہیں۔جلد کو نکھارنے اور اسے دمکتا ہوا کھانے میں وٹامن سی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف اسکن پروڈکٹس میں وٹامن سی کو ضرور شامل کیا جاتا ہے۔ کچھ اسکن اسپیشلسٹ کا ماننا ہے کہ وٹامن سی کا استعمال کرنے سے لٹکتی ہوئی جلد ٹھیک ہونے لگتی ہے۔ وٹامن سی جلد کو جلدی بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے ساتھ ہی اس کی مدد سے جھریوں اور جھائیوں کا خاتمہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اگر وٹامن سی کا مستقل استعمال کیا جائے تو خواتین کو چہرے کی جلد کو جھریوں سے بچانے اور اپنی جلد کو بوڑھا ہونے سے بچانے کیلئے بوٹوکس، مختلف انجکشنز یا کاسمیٹک سرجری کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
وٹامن سی پر مشتمل سپریم مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہیں تاہم وہ اتنے مہنگے ہوتے ہیں کہ کچھ خواتین انہیں خریدنے کی سکت نہیں رکھتیں۔ ایسی خواتین کو اس مضمون میں وٹامن سی کا سیرم تیار کرنے کے طریقے بتائے جا رہے ہیں تاکہ خواتین گھر پر ہی جلد کو چمکانے اور بڑھاپے سے محفوظ رکھنے کا سیرم تیار کر سکیں۔
وٹامن سی اور گلیسرین: اس سیرم کو بنانے کیلئے وٹامن سی کے کیپسول کھولیں اور ایک کھانے کا چمچ وٹامن سی لے لیں، اس میں ایک کھانے کا چمچ پانی ملائیں، پھر اس میں ایک کھانے کا چمچ گلیسرین ملائیں، اچھی طرح مکس کریں، اب اس سیرم کو کسی گہرے شیشے والی بوتل میں بھر کر رکھ لیں۔ اس تیار سیرم کو چہرہ دھونے کے بعد صبح اور شام میں چہرے پر لگائیں۔
فوائد: گلیسرین اور وٹامن سی کے سیرم کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر اسے کچھ عرصہ استعمال کر لیا جائے تو چہرے پر موجود جھریوں میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔ آنکھوں اور منہ کے نزدیک موجود جھریوں میں کمی آتی ہے۔ وہ لڑکیاں جنہیں جلد کے خشک اور بے جان رہنے کی شکایت رہتی ہے، ایسی لڑکیوں کو اس سیرم کو ضرور آزمانا چاہئے۔ یہ جلد کو نمی پہنچاتا ہے اور اس کی وجہ سے چہرے کی جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے۔ چہرے کی جلد کو مختلف انفیکشنز سے بچانے اور جلد کو خشکی سے بچانے کیلئے بھی یہ سیرم بہت کارآمد ہے۔
ایلوویرا جیل اور بادام کا تیل: ایک کھانے کا چمچ وٹامن سی ، ایک چائے کا چمچ بادام کا تیل، ایک کھانے کا چمچ ایلوویرا جل، تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کر کے بوتل میں بھر کر رکھ لیں۔ اس سیرم کو دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں۔ کوشش کریں کہ صبح اور شام کے وقت چہرہ دھونے کے بعد اس کے چند قطرے چہرے پر اچھی طرح مل لیں۔
فوائد: وٹامن سی جلد میں ہائیڈرو او کسی لازین بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کی وجہ سے ایسے کولا جن کی تعداد بڑھتی ہے جو کہ خلیات بناتے ہیں اور پرانے خلیات کو ختم کرتے ہیں جس کی وجہ سے چہرے پر موجود لائنوں اور جھریوں میں کمی آ جاتی ہے۔ وہ خواتین جنہیں یہ شکایت رہتی ہے کہ گھر سے باہر نکلنے کی وجہ سے ان کے چہرے کی رنگت خراب ہو گئی ہے، ایسی خواتین کو یہ سیرم استعمال کرنا چاہئے، دھوپ سے خراب ہونے والی رنگت پہلے جیسے ہو جاتی ہے۔
عرق گلاب اور وٹامن ای:2کھانے کے چمچ وٹامن سی کا کیپسول، اس میں 2کھانے کے چمچ عرق گلاب ڈالیں، ساتھ ہی اس میں وٹامن ای کا کیپسول کھول کر لیں۔ اس کے علاوہ اس میں دو کھانے کے چمچ ایلوویرا جیل شامل کریں، تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کر یں اور بوتل میں بھر کر ریفریجریٹر میں رکھیں۔ اس تیار سپریم کو صبح کے وقت ایک مرتبہ اچھی طرح چہرہ دھونے کے بعد استعمال کریں۔
فوائد: یہ سیرم جلد کی لچک کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وہ خواتین جن کے آنکھوں کے گرد کالے حلقے موجود ہیں، وہ لڑکیاں اس سیرم کو آنکھوں کے نیچے لگائیں، اس سے آنکھوں کے گرد موجود حلقوں میں کمی آئے گی اور چہرہ چمکنے لگے گا۔