آئی سی سی ورلڈ کپ 2023:فائل میں بھارتی شکست کے آفٹر شاکس
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے پہلے دس میچوںمیںناقابل شکست رہنے کے بعد فائنل میںآسٹریلیاکے ہاتھوں عبرتناک شکست بھارت سے ابھی تک ہضم نہیںہو رہی اور بھارتی شائقین کی طرف سے عجیب و غریب قسم کے ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ بھارت ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہونے والی شکست پر ابھی تک غمزدہ ہے۔
کوئی شعبہ ہائے زندگی ایسا نہیں جہاں سے چیخیں نہ سنائی دے رہی ہوں۔ سابق کرکٹرز اور عوامی سطح پر تو شدید ردعمل سامنے آیا ہی ہے، سیاسی ایوان بھی لرز اٹھے ہیں۔ اپوزیشن پارٹی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیم کی شکست کا ذمے دار قرار دیا ہے۔ راجستھان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ اچھے بھلے ہمارے لڑکے وہاں پر ورلڈ کپ جیت جاتے لیکن منحوس نے فائنل ہروا دیا۔ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کی شکست کا ذمے دار بھارت کی پچ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو ٹھہرایا۔یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)پر نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ کی پِچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی اجازت کے بغیر تبدیل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ورلڈکپ 2023 ء کے فائنل کے دوران ساتھی کمنٹیٹر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر کیف کا کہنا تھا کہ میں نہیں مانتا کہ عالمی کپ ایونٹ کی بہترین ٹیم نے جیتا ہے، بھارت کاغذ پر بہترین ٹیم تھی ۔ کیف کے اس بیان پر آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کرارا جواب دیا اور کہا کہ میں کیف کو پسند کرتا ہوں، لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ کاغذ پر کیا ہے کیونکہ آخر میں آپ کوفیلڈ میں بہترین پرفارمنس کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی معنی رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے فائنل کہتے ہیں۔ یہ وہ دن ہے جو اہمیت رکھتا ہے، یہ کسی کے بھی حق میں جاسکتا ہے اور اسے ہی کھیل کہتے ہیں۔ آسٹریلوی بلے باز نے اپنے پیغام میں آئندہ ایونٹ کا بگل بھی بجادیا اور تحریر کیا کہ 2027ء میں ہم آرہے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد عوام اور میڈیا نے بھی اپنی ٹیم سے منہ موڑ لیا ہے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان سوریا کمار یادیو کی پریس کانفرنس میں صرف 2 صحافی موجود تھے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)ورلڈ کپ 2023ء کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کے کرکٹر مچل مارش کے خلاف بھارت میں مقدمہ درج ہوگیا۔آسٹریلوی کرکٹر پر ورلڈ کپ ٹرافی پر پائوں رکھنے پر مقدمہ درج ہوا ہے۔19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دی، جس کا جشن منانے کے بعد مچل مارش نے اپنے کمرے میں آرام کرتے ہوئے ورلڈ کپ ٹرافی پر پیر رکھ دئیے تھے۔آسٹریلوی کھلاڑی کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، اس اقدام کو بھارتی شائقین کرکٹ نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اب علی گڑھ کے ایک سماجی کارکن نے مچل مارش کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ آسٹریلوی کرکٹر کے اقدام سے بھارتی شائقین کرکٹ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔اس سے قبل ایک سماجی کارکن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی خط لکھا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ مچل مارش کے بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کی جائے۔
بھارت کی جانب سے کھیلوں میں سیاست کوئی نئی بات نہیں،لیکن اب انڈین قوم کھیل کے میدانوں میں دھوکہ دہی اور شدت پسندی کی طرف زیادہ مائل ہورہی ہے جو کہ تشویشناک ہے، آئی سی سی کو ان معاملات کانوٹس لیناچاہئے ورنہ مستقبل میں مزید سخت ردعمل کا سامنابھی کرنا پڑسکتا ہے۔