ٹھنڈے موسم میں پہنیں نرم گرم ویلوٹ کے ڈریسز
موسموں کی شدتوں کو مد نظر رکھ کر ملبوسات پہنے جاتے ہیں۔ جہاں غذائوں کے انتخاب میں احتیاط برتی جاتی ہے، وہیں کپڑے کی ساخت، بنائی اور میٹریل کو بھی جانچنا ضروری ہوتا ہے۔ موسم ٹھنڈا ہوتے ہی ویلوٹ کے کپڑوں کا سب سے زیادہ انتخاب کیا جاتا ہے، لیکن بہت سے لوگوں کو آج بھی اس بات کی سمجھ نہیں کہ ویلوٹ کے کپڑے کس ڈیزائن میں پہننے چاہئیں۔
موسم سرما کے ملبوسات میں ویلوٹ کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔ ویلوٹ کے ملبوسات خوبصورتی اور نزاکت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ سردی سے تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں۔ گہرے رنگوں پر نفیس کڑھائی اور آنچل اور دامن پر لگے نازک اسٹونز ویلوٹ ملبوسات کو بارونق اور جاذب نظر بنا دیتے ہیں۔ اگر آپ بھی جدید فیشن کے مطابق ویلوٹ کا لباس تیار کروانا چاہتی ہیں تو اپنی شخصیت کے مطابق رنگ کا انتخاب کریں۔ ویلوٹ پر گہرے رنگ زیادہ خوبصورت لگتے ہیں لہٰذا آپ سیاہ ، سبز یا وائلٹ رنگ سے منفرد اور اچھوتا احساس حاصل کر سکتی ہیں۔
موسم سرما خاص احتیاط چاہتا ہے۔ زیادہ تر شادی بیاہ بھی اس موسم میں ہونا قرار پاتے ہیں۔ اہل پنجاب میں اب بھی جہیز اور بری کے جوڑوں کی تیاری کرتے وقت دلہن کیلئے کم از کم ایک جوڑا شنیل یا مخمل کا بھاری کامدار ضرور بنوایا جاتا ہے۔ کوشش کی جاتی ہے کہ اعلیٰ ترین مخمل کا انتخاب کر کے گوٹے کناری، تلے، دبکے یا
ایمبرائیڈری کا شاندار شاہکار جیسا لباس جسے شاہانہ پیرہن کہا جائے تو غلط نہ ہوگا ضرور بنوایا جائے۔
ملک کے بالائی حصوں میں خوبٹھنڈ پڑتی ہے اس لئے وہاں سردیوں کے پہناوئوں میں شالیں، سوئیٹر، ریپس، کوٹس، فل بوٹس، اونی ملبوسات میں دستانے اور موزوں کی وسیع تر ورائٹی دل لبھا دیتی ہے۔اصل میں سرما کا لطف تو پاکستان کے بالائی علاقوں میں اٹھایا جاتا ہے۔ بہرحال دل خوش کرنا ہم بھی اپنا حق تصور کرتے ہوئے یہاں کے ڈیزائن کردہ جدید اور سٹائلش انداز کے پیرہنوں کا ذکر کرتے ہیں۔
مختلف برانڈز ہر موسم میں جدت اور موسم کے تقاضوں کے تحت لباس متعارف کراتے ہیں۔ کچھ برانڈز نے پاکستان کے اعلیٰ میٹریل سے مخمل کا چنائو کیا۔ اس نرم و گداز میٹریل پر دبکے اور ریشم کے دھاگوں سے ایمبرائیڈری کرائی اور لباس کے جدید رجحانات کے مطابق جمپ سوئس، جیکٹس، شلوار قمیض، ٹرائوزرز متعارف کرائے جسے خواتین کی بڑی تعداد نے سراہا ہے۔
اگر آپ اپنے ویلوٹ کے سوٹ پر مکیش یا زردوزی کا کام کروانا چاہتی ہوں تو بہت ہلکا سا ، نازک اور نفیس کام کروائیں کیونکہ بھاری بھرکم لباس شخصیت کو بوجھل کر دیتا ہے ۔ شرٹ فیشن کے مطابق درمیانے سائز کی سلوائیں۔ تقریبات میں شرکت کیلئے آپ گھیر والی فراک یا پیپلم سٹائل بھی اپنا سکتی ہیں اور اگر آپ کے پاس ویلوٹ کا لباس نہیں ہے تو آپ شیفون، جارجٹ یا نیٹ کے ساتھ ویلوٹ شال کے ذریعے اپنی تقریبات کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔