ٹی 20 ورلڈکپ 2024:شیڈول جاری
رواں برس مختصرفارمیٹ(ٹی20) کر کٹ کی عالمی جنگ امریکہ اور ویسٹ انڈیز کے محاذوں پر لڑی جائے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے شائقین کا تجسس ختم کرتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
ڈلاس(امریکہ) میں ہفتہ یکم جون 2024ء کو امریکہ اور کینیڈا کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا جبکہ ویسٹ انڈیزعالمی ایونٹ کی مشترکہ میزبانی کرے گا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں ریکارڈ 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیاگیا ہے جبکہ55 میچوں کے بعد فیصلہ ہوگا کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 ء کا تاج کس ٹیم کے سر سجے گا۔جن میں شریک میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکہ بھی شامل ہیں جبکہ دیگر ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، کینیڈا، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نمیبیا، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، عمان، پاکستان، پاپوا نیو گنی(پی این جی)، سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور یوگنڈاشامل ہیں۔ایونٹ کا آغاز دو شریک میزبان ممالک جون کے پہلے دو دنوں میںاپنی اپنی مہم شروع کرنے کے ساتھ کریں گے۔یکم جون کوڈلاس کے گرینڈ پریری کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ شریک میزبان ویسٹ انڈیز اتوار 2 جون کو گیانا کے نیشنل سٹیڈیم میں پاپوا نیو گنی کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی حریف ٹیموںپاکستان اور بھارت کے مابین میگا ایونٹ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز میچ نیو یارک میں 9 جون کوہو گا۔ یہ میچ نیو یارک کے جدید ترین 34ہزار سیٹوں والے ماڈیولر سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس مقام پر آٹھ میچ کھیلے جائیں گے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ اپنے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز 4 جون کو بارباڈوس میں سکاٹ لینڈ کے خلاف کرے گا اور 2022 ء ورلڈکپ کی فائنلسٹ ٹیم پاکستان 6 جون کو ڈلاس میں امریکہ کے خلاف اپنے چیلنج کا سامنا کرے گا۔3 جون کو نیو یارک میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کامقابلہ ہو گا جبکہ انگلینڈ 8 جون کو باربا ڈوس میں روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ ایک اور انتہائی متوقع میچ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں 12 جون کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔پہلی بار کوالیفائر یوگنڈا اپنا پہلا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ گیانا میں3 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ نیپال، جس نے 2014 ء کے بعد پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے، اپنی مہم کا آغاز سری لنکا کے خلاف کرے گا۔شیڈول کے مطابق جون 2024 ء میں ہونے والا میگا ایونٹ 29 روز جاری رہے گا۔ ایونٹ کے گروپ میچز یکم سے 17 جون تک ہوں گے۔ٹیموں کو4 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم گروپ اے میں ہے، جس میں بھارت، کینیڈا، امریکہ اور آئرلینڈ شامل ہے۔یکم جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کا اختتام 29 جون کو ہوگا جبکہ ایونٹ کے سیمی فائنل 26 اور 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکہ سے کھیلے گا جبکہ ایونٹ کا سب سے بڑا میچ 9 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان نیویارک میں ہوگا۔میگا ایونٹ میں پاکستان اور کینیڈا کا میچ 11 جون، آئرلینڈ اور پاکستان کا میچ 16 جون کو ہوگا جبکہ ایونٹ میں سپر 8 رائونڈ 19 جون سے شروع ہوگا۔
گروپ مرحلے کی تکمیل کے بعد، چار گروپوں میں سے ہرگروپ کی دو سرفہرست ٹیمیں مقابلے کے سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی۔ پہلے رائونڈ میں اپنے گروپس میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سپر ایٹ میں اس سیڈنگ کو برقرار رکھیں گی، بشرطیکہ وہ کوالیفائی کریں۔ سپر ایٹ کے میچز مشہور کیریبین سیاحتی مقامات اینٹیگوا اور باربوڈا، بارباڈوس، سینٹ لوشیا اور سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز میں کھیلے جائیں گے۔سپر ایٹ میں ہر گروپ سے دو سرفہرست ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریںگی جو بالترتیب 26 اور 27 جون کو گیانا اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں منعقد ہوں گے۔ فائنل 29 جون کو بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا شیڈول بھی تیار کرلیا گیاہے۔اس مرتبہ پی ایس ایل کا آغاز17 فروری سے ہوگا اور 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 34 میچ ہوں گے۔پہلے مرحلے میں میچز لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے اور فائنل میچ بھی کراچی میں ہوگا۔افتتاحی میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔ لیگ کے 6 میچ اور ایک کوالیفائر دن کے وقت میں ہوگا۔ راولپنڈی میں 3 اور لاہور میں2 میچ دن میں کھیلے جائیں گے۔کراچی میں 11 جبکہ لاہور اور راولپنڈی میں 9،9 اور ملتان میں 5 میچز ہوں گے۔پی ایس ایل کے لیے ٹیموں کی آمد 12 فروری سے شروع ہوگی اورپھر 4 دن آفیشل پریکٹس سیشن ہوں گے۔