پاکستان کا مشن ورلڈ کپ!
آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ شروع ہونے میں صرف 13روز باقی رہ گئے ہیں اور اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف چار میچز پر مشتمل انٹرنیشنل ٹی 20 سیریز بھی کھیلنی ہے۔ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں مشن ورلڈکپ سے قبل گرین شرٹس کو 3 انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کا موقع ملا، ہوم گرائونڈ پر نیوزی لینڈ کیخلاف پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلی۔
ناتجربہ کار کیویز کیخلاف شاہین بڑی مشکل سے سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوئے۔اس کے بعد دورہ آئرلینڈ میں شاہینوں نے سبزہلالی پرچم کی لاج رکھ لی۔پاکستان نے تیسرے ٹی 20 میچ میں آئر لینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔ گرین شرٹس نے تین میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔ پاکستانی بلے بازوں نے آئرلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ریکارڈز کے انبار لگا دیئے۔ قومی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پارٹنرشپ کا نیا ریکارڈ قائم کیا جبکہ بابر اعظم نے سب سے زیادہ ففٹی پلس سکورز کا ویرات کوہلی کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ڈبلن میں کھیلے جانے والے میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کیلئے 139 رنز کی شراکت قائم کی، یہ دونوں کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میں 10 ویں سنچری شراکت ہے، جس کے ساتھ وہ انٹرنیشنل ٹی 20 میں 10 سنچری پارٹنرشپس کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔دونوں کھلاڑی شراکت داری میں 3 ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل آئرلینڈ کے پاول سٹرلنگ اور بیل بائرن نے شراکت داری میں 2043 رنز بنائے تھے۔یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم کی 17 ویں سنچری پارٹنرشپ تھی، وہ سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری پارٹنرشپ کرنے والے کھلاڑی ہیں جبکہ محمد رضوان نے 13 ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ میں حصہ داری نبھائی۔میچ میں 75 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ بابر اعظم سب سے زیادہ 50 پلس رنز کی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، یہ بابر اعظم کا 39 واں ففٹی پلس سکور تھا۔ بھارت کے ویرات کوہلی نے 38 ففٹی پلس سکور بنائے ہیں۔
آئرلینڈ کیخلاف تیسرے میچ کے 14 ویں اوور میں بابر اعظم نے بین وائٹ کو چار چھکے لگاتے ہوئے ایک اوور میں 25 رنز بنائے، یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اوور میں کسی پاکستانی بیٹرکا سب سے زیادہ سکور ہے۔ ان سے قبل عامر جمال، خوشدل شاہ، آصف علی اور محمد رضوان اوور میں 24، 24 رنز بنا چکے ہیں۔یہ صرف تیسرا موقع تھا جب کسی ایک پاکستانی بیٹر نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک اوور میں چار چھکے لگائے ہوں۔ اس سے قبل آصف علی نے افغانستان کے خلاف اور خوشدل شاہ نے ہانگ کانگ کے خلاف چار، چار چھکے لگائے ہیں۔کامیاب دورہ آئرلینڈ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ، انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے لیڈز پہنچ گئی۔قومی ٹیم نے جمعہ اورہفتہ کے روز ہیڈنگلے لیڈز میں پریکٹس کی، تمام کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس میں حصہ لیا۔آج پاکستان ٹیم آرام کرے گی اور پریکٹس سیشن نہیں ہو گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 22 مئی بروزبدھ کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کیلئے انگلینڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے واپس بلا لیا ہے۔ آئی پی ایل کھیلنے والے برطانوی کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو چھوڑ کر وطن پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے اہم کھلاڑی جوش بٹلر، فل سالٹ، ول جیل، ریس ٹوپلے، معین علی، جونی بیرسٹو اور سیم کیورن آئی پی ایل کھیل رہے تھے اور وہ انگلینڈ کے ورلڈ کپ سکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔انگلینڈ کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پاکستان کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ سے قبل اسی ہفتے لیڈز میں جمع ہوں گے۔دوسری جانب آئی پی ایل کو ادھورا چھوڑ کر کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گواسکر نے لیگ پر نیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دینے والے پلیئرز پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے لکھا کہ فرنچائز کو اپنی دستیابی ظاہر کرنے کے بعد یوں ایونٹ سے دستبردار ہو کر کھلاڑیوں نے فرنچائز کو مایوس کیا ہے۔
پاکستان نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ورلڈ کپ سٹرینتھ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیاہے، توقع ہے کہ انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں فاسٹ بائولر حارث رئوف اور عثمان خان کو کھلایا جائے گا، دونوں کرکٹرز ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔ عثمان خان کو صائم ایوب کی جگہ جبکہ حارث رئوف کو حسن علی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا جاسکتاہے۔فاسٹ بائولر نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون میں جگہ بنائیں گے، ایک فاسٹ بائولر کم کر کے شاداب خان یا ابرار احمد کو بھی کھلانے کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے مکمل سٹرینتھ اور ورلڈ کپ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، حتمی فیصلہ گیری کرسٹن کے ساتھ مشاورت سے ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی20ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان انگلینڈ کیخلاف پہلے میچ کے بعد کرے گا۔ ورلڈ کپ سکواڈ کیلئے اعلان کی آئی سی سی کی ڈیڈ لائن 24 مئی ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے گرین شرٹس کے سکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ سوچ بچار کر رہی ہے، تاہم ابھی تک انگلینڈ میں موجود سکواڈ کو 18 سے 15 کرنے کیلئے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ حارث رئوف، عثمان خان اور سلمان علی آغا کو آئرلینڈمیں موقع نہیں ملا۔ حارث رئوف کے بیک اپ کیلئے حسن علی کو سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جنہیں آئرلینڈ کیخلاف سیریز میں موقع دیا گیا۔
بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے 15 ارکان کے نام فائنل کر لیے ہیں ،پاکستانی سکواڈ میں5 فاسٹ بائولرز،4 آل رائونڈرز،3 وکٹ کیپرز،2 بیٹرزاور ایک سپنر شامل ہوگا۔ شاداب خان، صائم ایوب اور عثمان بھی ٹیم میں شامل ہوں گے، حارث رئوف مکمل فٹ ہیں اور وہ بھی ورلڈ کپ کے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، عثمان خان، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، صائم ایوب اور افتخار احمد بھی سکواڈ میں ہوں گے۔ ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عباس آفریدی بھی پاکستانی سکواڈ میں شامل ہوں گے جبکہ3 ٹریول ریزروز میں سلمان علی آغا، حسن علی اور عرفان نیازی ہوں گے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں یکم سے29 جون2024ء تک کھیلا جائے گا۔آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 ء کے وارم اپ میچز کا شیڈول جاری کردیا ہے جس میں پاکستان کاکوئی وارم اپ میچ شامل نہیں اور قومی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل کوئی ارم اپ میچ نہیں کھیلے گی۔انگلینڈ کیخلاف سیریز کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ وارم اپ میچ نہیں کھیلے گا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی 20 میچز 22 سے 30 مئی کے درمیان ہوں گے۔ انگلینڈ کی ٹیم بھی ورلڈکپ سے قبل وارم اپ میچ نہیں کھیلے گی۔ورلڈ کپ میں شریک 20 میں سے 17 ٹیمیں ایونٹ سے قبل وارم اپ میچز کھیلیں گی۔ ورلڈکپ کے وارم اپ میچز 27 مئی سے یکم جون کے درمیان ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم یکم جون کو انگلینڈ سے امریکہ روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکہ کے خلاف کھیلے گی۔مشن ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی پرعزم ہیں۔دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی نظریں ورلڈکپ فائنل سے قبل دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ کے سب سے اہم ، دلچسپ اور سنسنی خیز میچ پر جمی ہوئی ہیں ،یہ میچ نیویارک میں9جون کو کھیلا جائے گا۔ نسائو کانٹی سٹیڈیم پاک بھارت میچ سمیت ورلڈ کپ کے 8 میچز کی میزبانی کرے گا۔نسائو سٹیڈیم کے دورہ کے بعد سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک نے کہا ہے کہ امریکہ میں پہلی بار میچ ہوگا، جو کنڈیشن سمجھے گا اس کو فائدہ ملے گا۔