ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا
شکست خوردہ پاکستان کرکٹ ٹیم برطانیہ کا دورہ مکمل کرکے آئی سی سی مینزٹی 20ورلڈکپ 2024ء کیلئے امریکہ کے شہر ڈیلاس پہنچ گئی۔قومی ٹیم نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کھیلی۔گرین شرٹس کو انگلینڈ کے ہاتھوں چار میچز پر مشتمل ٹی 20سیریز میں 2-0سے شکست ہوئی۔ سیریز کے دو میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ اس طرح شاہین وائٹ واش سے بچ گئے اور کھیلے گئے دونوں میچوں میں شکست کے زخم کھانے کے بعد امریکہ پہنچ گئے ہیں۔
امریکہ اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔پاکستانی سکواڈ بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان،حارث رئوف،افتخار احمد، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی،محمدعامر،محمدرضوان،نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان پرمشتمل ہے۔پاکستان ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔15کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم آخری بار 2016 ء اور 2021 ء میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے تھے،دیگر آٹھ کھلاڑیوں نے 2022 ء میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔سلیکشن کمیٹی کے مطابق یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربے کا امتزاج موجود ہے۔ یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے۔ 2009 ء میں پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔2007 ء میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا جبکہ 2022 ء میں گرین شرٹس نے بابر اعظم کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا۔ 2010ء، 2012 ء اور 2021 ء میں پاکستان سیمی فائنل کھیل چکا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم کے خلاف ہوم سیریز اور پھر آئرلینڈ و انگلینڈکے دورے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم تھے تاہم برطانیہ میں قومی ٹیم فتح کے ٹریک پر نہ چڑھ سکی اور سیریز ہار گئی۔ انگلینڈ نے چار میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔سیریز کے دو میچ بارش کے باعث منسوخ ہوئے تھے۔ 22 مئی کو لیڈز میں سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف میں ہونے والا تیسرا ٹی 20 بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔ 25 مئی کو دوسرے ٹی 20 میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔
انگلینڈکیخلاف سیریز میں شاہینوںنے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے۔بابر اعظم نے اپنے کرئیر کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہو ئے ہیں۔ بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں حاصل کیا ہے۔ ویرات کوہلی 4037 رنز سکور کرکے اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، روہت شرما 3974 رنز سکور کرکے تیسرے جبکہ پال سٹرلنگ 3589 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں۔
پاکستانی آل رائونڈر شاداب خان نے ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کی۔شاداب خان 100 ٹی 20 میچ کھیلنے و الے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں۔100 سے زائد ٹی20 انٹرنیشنلز کھیلنے والے پاکستانی کرکٹرز میں شعیب ملک (123)، بابر اعظم (119 ) اور محمد حفیظ (119) شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان ٹی 20 کرکٹ کی کامیاب ترین جوڑی بن گئے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنانے والی جوڑی بن گئے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے مجموعی طور پر 24واں ففٹی پلس سکور بنایا۔ بابر اور رضوان کی 24 ففٹی پلس شراکت میں سے 10 سنچری شراکت میں تبدیل ہوئیں۔انگلینڈ کیخلاف 59 رنز کی شراکت کے ساتھ بابر اور رضوان کی جوڑی نے ریکارڈ بنا دیا۔ بابر اعظم اور رضوان نے ویرات کوہلی اور کرس گیل کی جوڑی کو پیچھے چھوڑا۔ گیل اور کوہلی نے رائل چیلنجرز بنگلور کیلئے23 ففٹی پلس شراکتیں بنائیں۔ بابر اعظم اور محمد رضوان پاکستان کے علاوہ کراچی کنگز میں بھی بیٹنگ پارٹنر رہے۔دونوں کے درمیان پاکستان کیلئے 22 اور کراچی کنگز کیلئے دو مرتبہ 50 پلس شراکتیں بنیں۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان پارٹنرشپ میں 3227 رنز بنے ہیں۔
ادھر امریکہ میں شروع ہونیوالے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی 2روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کیخلاف سازشیں نہ رک سکیں اور نیویارک میں پاک بھارت میچ کیلئے سکیورٹی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا۔ 9 جون کو ہونے والے ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملے کی خبریں سامنے آگئیں۔نیویارک انتظامیہ نے دھمکیوں کے بعد پاک بھارت میچ کیلئے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔نیویارک گورنر آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ۔آئی سی سی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ایونٹ کے دوران تمام مقامات پر سکیورٹی سخت ہو گی۔سب کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ایونٹ کیلئے ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سکیورٹی پلان موجود ہے۔ واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران نیویارک میں ایک تنظیم کی جانب سے حملے کی دھمکی سامنے آئی ہے۔دہشت گرد گروپ نے حملوں کی دھمکی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی۔