دلکش آئی میک اپ آنکھوں کو چارچاند لگائے
فیشن کی دنیا ،ملبوسات اور میک اپ کے انداز پر تیزی سے اثر انداز ہو کر اسے تبدیل کر رہی ہے۔ آرائش حسن میں نت نئی مصنوعات کے اضافے سے خواتین میں شعور اورآ گاہی بڑھ رہی ہے، میک اپ کے انہی جدید اور بدلتے ہوئے طریقوں کو مدّ نظر رکھتے ہوئے ہم نے سوچا کیوں نا آپ کوآئی میک اپ کے نئے انداز بتائیںجو منفرد بھی ہوں اور خوبصورت بھی۔آپ بھی ان آسان ٹپس سے فائدہ اٹھائیں، رنگوں کے امتزاج اور بلینڈنگ سے آنکھیں خوبصورت بنائیں۔
وسپی آئی لیشزلُک
آغاز: چہرے پر فائونڈیشن کی ہلکی تہہ جما لیں۔پھر اس پر پائوڈر لگائیں اور بھنویں سنواریں۔ بلش آن کیلئے ہلکا رنگ لیں مثلاً خاکستری یا بیج رنگ اس لُک کیلئے موزوں رہے گا۔
آئی شیڈو:آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے ان پر ہلکا برائون شیڈ لگائیں اور ان کی بلینڈنگ سروں تک محدود رکھیں۔
آنکھیں پر کشش بنائیں: آنکھیں اجاگر کرنے کیلئے چاکلیٹ برائون رنگ کی پنسل کو بطور آئی لائنر استعمال کریں،نیز اس پنسل کو آنکھوں کے نچلے حصے پر بھی لگائیں۔ لگانے کے بعدچھوٹے سائز کے اسکوائر برش سے اس کی بلینڈنگ کریں اور دوسری آنکھ پر بھی یہی عمل دہرائیں۔
پلکیں اور ہونٹ: اس میک اپ کا بنیادی مقصد آنکھوں کو پر کشش بنانا ہے ۔اس لئے میک اپ کے علاوہ پلکوں پر بھی مصنوعی وسپی پلکوں کا استعمال کیا جائیگا۔سب سے پہلے پلکوں کو کرل کر لیں،اور پھرصرف اوپری پلکوںپر وافر مقدار میںمسکارا لگائیںاس کے بعد احتیاط سے وسپی پلکیں لگائیں۔ہونٹوں پر ٹرانسپیرنٹ لپ اسٹک لگائیںیا چاہئیں تو ہونٹوں پر ہلکا سا بلش آن کا ٹچ بھی دے دیں،دونوں ہی صورتوں میں چہرہ دلکش لگے گا۔
شمری لُک
آغاز:اس لُک کیلئے پہلے اپنے چہرے کو کریم فائونڈیشن سے تیار کر لیں،پھر شفاف پائوڈر جلد کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے پپوٹوں پر بھی لگائیںاور آنکھوں میں چمک پیدا کرنے کیلئے اندرونی حصے میں کریم رنگ کی شمری پنسل لگائیں۔
آئی شیڈو: دیگر لُک کی نسبت اس میک اپ میں گہرے آئی شیڈو کا استعمال نہیں کیا جائیگابلکہ آنکھوںپر ہلکا خاکستری یا بیج رنگ لگائیں تا کہ میک اپ میں توازن رہے۔
بلینڈنگ:آنکھوں پر مزید اچھا تاثر جمانے کیلئے پر پل رنگ کا اضافی شیڈ درکار ہو گا۔اسے آنکھوں کے سروں سے ذرا پہلے اس انداز سے لگانا ہے کہ آنکھیں کھلنے کے بعد شیڈ باہر نکلتا ہوا محسوس ہو۔اس لئے آئی شیڈوکی بلینڈنگ سیدھ میں احتیاط کے ساتھ کریں۔
رخسار اور ہونٹ:اس لُک میں بلش آن کیلئے ہلکا شیڈ منتخب کریںجبکہ ہونٹوں پر آئی شیڈ کی مناسبت سے گہری لپ اسٹک لگائیںتاکہ میک اپ کی وضاحت بھر پور انداز میں ہو۔آخر میں پلکوں کو کرل کر کے صرف اوپری پلکوں پر وافر مقدار میں مسکارا لگائیں۔