اچھی صحت کیلئے ڈائٹ پلان ضروری!
جو خواتین صحتمند ڈائٹ پلان پر عمل کرتی ہیں ان کی صحت اچھی رہتی ہے۔ اگر آپ اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتی ہیں تو اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں۔ صحتمند کھانا نہ صرف آپ کا وزن برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے بلکہ آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔آپ نے دیکھا ہوگا کہ کچھ خواتین اکثر بیمار رہتی ہیں جبکہ کچھ خواتین زیادہ تر ہشاش بشاش نظر آتی ہیں۔ اس کی وجہ ہماری کھانے پینے کی عادت ہوتی ہے۔
پروسیسڈ فوڈ ترک کردیں
سب سے پہلی چیز، پروسیسڈ فوڈ کی جگہ ہول فوڈ (وہ کھانا جو کسی کیمیکل یا مصنوعی طریقے سے تیار نہ کیا گیا ہو) کو ترجیح دیں۔ پروسیسڈ فوڈ کے برعکس ایسی اشیاء کھانے کی کوشش کریں جن میں ضروری اجزاء جیسے پروٹین، فائبر، نشاستہ اور صحتمند چربی موجود ہوں۔ پیکٹ میں بند اور پروسیس شدہ کھانوں کے بجائے تازہ پھل اور سبزیاں کھانے کی کوشش کریں۔
مشروبات کی جگہ پانی پئیں
بازار میں دستیاب مشروبات آپ کی صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان میٹھے مشروبات کے بجائے مناسب مقدار میں پانی پئیں۔ اس سے نہ صرف آپ اپنی صحت میں تبدیلی محسوس کریں گی بلکہ آپ کی جلد اور دماغی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ قدرتی مشروبات کو بھی ترجیح دے سکتی ہیں۔
سلاد کھانا فائدہ مند
جب آپ صحتمند کھانے کا سوچتی ہیں تو سلاد بہترین متبادل ہو سکتا ہے۔ اپنے کھانے میں ہری سبزیاں یا سلاد شامل کرنے کی کوشش کریں۔ سلاد کھانے سے پیٹ بھرا رہے گا اور بھوک محسوس نہیں ہوگی۔ ان میں صحتمند اور غذائیت سے بھرپور تمام اجزاء شامل ہوتے ہیں جس کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔
مچھلی زیادہ کھائیں
صحتمند کھانوں کی طرف قدم بڑھانے کیلئے مچھلی کا گوشت بہترین ہے۔ یہ فیٹی ایسڈ اور اومیگا تھری سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کے دماغ اور دل کی صحت کیلئے انتہائی مفید ہیں۔
تیل کا کم سے کم استعمال
اعتدال کے ساتھ اچھے فیٹس صحتمند زندگی اور متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں۔ ہم اپنی روز مرہ غذا میں تیل کی زیادہ مقدار کھانے کے عادی ہیں جو کہیں نہ کہیں ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ اپنے تیل استعمال کرنے کے لیول کو جانچیں اورصحتمند متبادل کا انتخاب کریں۔
چینی کے استعمال میں محتاط رہیں
ضرورت سے زیادہ چینی کا استعمال آپ کے میٹابولزم کو خراب کرتا ہے۔ درحقیقت چینی کے نتیجے میں آپ کے جسم کو ایسی کیلوریز ملتی ہیں، جس کے غذائی فوائد نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ چینی کا زیادہ استعمال وزن بڑھا سکتا ہے۔ چینی کو مکمل طور پر چھوڑ دینا تو یقیناً ممکن نہیں، لیکن اسے محدود ضرور کردینا چاہئے۔ کاربونیٹڈ ڈرنکس سے دوری اختیار کریں اور مٹھائی یا چاکلیٹ کے بجائے پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
باہر کھانا کھائیںمگر احتیاط ضروری
جب بھی باہر کھانے کا سوچیں تو صحتمند کھانا پسند کریں اور وہی کھائیں۔ ایسے کھانوں کا انتخاب کریں جو مفید فیٹس اور پروٹینز سے بھرپور ہوں۔ گو کہ کبھی کبھی اپنی خواہش کے مطابق کھا لینا بھی ٹھیک ہے مگر پھر بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب بھی باہر کھانا کھائیں تو جتنا ممکن ہوسکے ہلکے پھلکے پکوان کو ہی ترجیح دیں۔
فائبر سے بھرپور غذائیں
اپنی ڈائٹ میں فائبر سے بھرپور چیزوں کو ضرور شامل کریں، اپنی غذا میں فائبر کا استعمال زیادہ رکھیں تاکہ آپ کی آنتیں حرکت میں رہیں اور آپ تندرست و توانا رہیں۔ فائبر کی وافر مقدار پرمشتمل کچھ کھانوں میں تازہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں جو آپ کے جسم میں فائبرکی سطح کو برقرار رکھتی ہیں۔
خود کو بھوکا نہ رکھیں
صحتمند کھانے سے مراد خود کو بھوکا رکھنا یا کم کھانا نہیں ہے۔ اس کا مطلب صرف صحتمندانہ متبادل کا انتخاب کرنا ہے جن میں غذائی اجزاء اور مفید کاربوہائیڈریٹس۔ وافر مقدار میں پائے جاتے ہوں۔اپنے کھانوں کی منصوبہ بندی کریں اور اس پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں۔ لنچ یا ڈنر ضرور کریں کیونکہ ان کو چھوڑنا کبھی بھی آپ کی صحت اور جسم کیلئے اچھا نہیں۔ ان ساری باتوں پر عمل کریں اور اس کے علاوہ روزانہ کم از کم 30 منٹ ہلکی پھلکی ورزش کریں۔ نیز 8 گھنٹہ سوئیں تاکہ آپ ہمیشہ ہشاش بشاش رہیں۔