جان کا تحفظ
حضرت عبداللہ بن عمر ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’جو شخص ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں‘‘ (بخاری شریف)۔ احادیث نبویہ اور آیات قرآنیہ میں ہر شہری کو جان کے تحفظ کا حق عطا کیا گیا ہے۔اللہ رب العزت نے سورۃ المائدہ کی32 ویں آیت میں جان کے تحفظ کے بارے میں ارشاد فرمایا۔ اس میں خطاب تو بنی اسرائیل کو ہے لیکن جو ہدایت ارشاد فرمائی وہ پوری انسانیت کیلئے ہے اور فرمایا کہ کوئی شخص کسی کو دوسرے کے قتل کے بدلہ کے علاوہ یا زمین میں فساد پھیلانے والے کے علاوہ کسی کو قتل کر دے تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کر دیا اور جو شخص کسی کی جان کو بچائے تو گویااس نے تمام لوگوں کو بچا لیا۔
اسلام نے شہریوں کے حقوق کو مکمل تحفظ دیا ہے۔ شہری سے مراد کسی ملک یا ریاست میں رہنے والا ہر وہ شخص ہے جسے اس ملک میں رہائش کے حقوق قانونی طور پر حاصل ہوں۔ اگرچہ شہری کا لفظی مطلب شہر کا رہنے والا ہے لیکن اصطلاح میں شہری کسی ملک میں رہنے والے ہر شخص کو کہا جاتا ہے۔ چاہے وہ شہر میں رہتا ہو یا قصبے اور دیہات میں، یا خانہ بدوش ہو، یہ تمام شہری کہلاتے ہیں۔ اس میں نہ رنگ اور نسل کا فرق ہے نہ مذہب اور عقیدہ کا، بلکہ ہر وہ شخص جو ایک ملک یا ریاست کی حدود میں رہتا ہو اور حکومت کے قوانین کو تسلیم کرتا ہو وہ اس ملک کا شہری ہے۔ اگر وہ حکومت کی اجازت سے عارضی طور پر کسی دوسرے ملک میں چلا جائے تب بھی وہ اپنے ملک کا شہری ہے۔
اسلام نے ہر شہری کے ہر طرح کے حق کا تحفظ کیا ہے۔ شہریوں کے حقوق کو چار حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: (1) مذہبی حقوق ، (2) سیاسی حقوق، (3) معاشی حقوق، (4) معاشرتی حقوق۔ جس حق کے بارے میں ہم یہاں بات کر رہے ہیں یعنی کسی شہری کی جان کے تحفظ کا حق تو اس حق کا تعلق معاشرتی حقوق ہے بلکہ معاشرتی حقوق میں سب سے اہم حق ہے۔ ایک اسلامی ریاست، ایک اسلامی ملک اپنے ہر شہری کی جان کی حفاظت کا ذمہ دار ہے اور جان کی حفاظت ہر شہری کا حق ہے۔ اسلام نے جان کے تحفظ کیلئے باقاعدہ قوانین بنانے کیلئے سخت سزائیں مقرر فرمائیں لیکن یہ بات واضح ہے کہ محض قوانین اور محض سزائیں مقرر کرنا اس سے جان کی حفاظت نہیں ہوتی بلکہ ان قوانین کو نافذ کرنے اور ان سزائوں پر عمل کرنے سے جان کا تحفظ ملے گا۔ دوسری طرف اسلام نے شہریوں پر بھی کچھ فرائض عائد کیے ہیں کہ وہ خود بھی اپنی جان کی حفاظت کریں اور دوسرے کی جان اور اس کی زندگی کا بھی تحفظ کریں۔ اگر کوئی شہری خود اپنی زندگی کی حفاظت نہیں کرتا تو وہ بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق سخت گنہگار ہے۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ ؓ سے ارشاد نبوی ﷺ منقول ہے فرمایا، ’’جس شخص نے اپنے آپ کو پہاڑ سے گرا کر مار ڈالا اس کو دوزخ میں بھی گرایا جاتا رہے گا اور جس شخص نے زہر کھا کر اپنی جان ختم کر لی تو پھر دوزخ کے اندر زہر کا پیالہ اس شخص کے ہاتھ میں ہو گا اور وہ اسے پیتا رہے گا اور فرمایا کہ جو شخص کسی ہتھیار سے اپنے آپ کو مار ڈالے اس کا ہتھیار دوزخ کے اندر اس کے ہاتھ میں ہو گا اور وہ اسے اپنے پیٹ میں گھونپتا رہے گا‘‘۔
بخاری اور مسلم کی ایک اور روایت میں ہے کہ خودکشی کرنے والے پر اللہ تعالیٰ جنت حرام کر دیتے ہیں لہٰذا ہر شہری پر خود اپنی جان کی حفاظت بھی ضروری ہے۔ اب مثال کے طور پر دیکھئے سڑکوں پر ٹریفک کے اشارے موجود ہیں یہ تمام ٹریفک کے قوانین شہریوں کی حفاظت کیلئے بنائے گئے ہیں، تیز رفتاری پر پابندی بھی جان کے تحفظ کیلئے ہے، اب ایک شہری ٹریفک اشارے کی خلاف ورزی کرے تو یہ خود کشی کے مترادف ہے۔ یہ شخص خود اپنی زندگی کی حفاظت نہیں کر رہا اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک بھی یہ مجرم ہے۔ اس طرح تمام ملکی قوانین اور احکامات جو شہریوں کی جان کی حفاظت کیلئے بنائے گئے ہیں ان پر خود شہریوں کو عمل کرنا لازمی ہے۔
اسی طرح اسلام نے ہر شہری کیلئے دوسرے شہری کی جان کی بھی حفاظت ضروری قرار دی اور کسی جان کو معمولی نقصان پہنچانے سے بھی منع فرمایا۔ حضرت عبداللہ بن مغفلؓ کی روایت میں ارشاد نبوی ہے کہ آپﷺ نے کنکریاں اور چھوٹے چھوٹے پتھر مارنے سے بھی منع فرمایا۔’’کبھی اس سے دانت ٹوٹ جاتا ہے کبھی آنکھ پھوٹ جاتی ہے‘‘۔
حضرت ابو موسیٰؓ سے متفق علیہ روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’جو شخص تم میں سے ہماری مسجدوں میں آئے یا بازار سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہوں تو وہ تیروں کے پھل پر ہاتھ رکھ لے تاکہ کسی مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے‘‘۔ رسول اللہ ﷺ نے کسی شہری کی طرف اسلحہ سے اشارہ کرنے کو بھی منع فرمایا: ’’یعنی تم میں سے کوئی شخص کسی مسلمان بھائی کی طرف ہتھیار سے اشارہ نہ کرے، اس لیے کہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ سے ہتھیار کو کھینچ لے اور وہ اس کے بھائی کو لگ جائے اور پھر یہ مارنے والا جہنم کے گڑھے میں جا پڑے‘‘۔ بخاری شریف میں ارشاد نبوی ہے،فرمایا ’’جو شخص کسی مسلمان کی طرف تیز دھار والی چیز سے اشارہ کرے تو فرشتے اس پر لعنت کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ وہ اس چیز کو رکھ دے اگرچہ اشارہ کرنے والے کا حقیقی بھائی کیوں نہ ہو‘‘۔
نبی کریم ﷺ نے دوسرے مسلمان پر ہتھیار اٹھانے والے کو مسلمانوں کے دائرہ سے خارج فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں‘‘(صحیح بخاری)۔
اسلام نے ہر مسلمان کی جان دوسرے مسلمان کیلئے قابل احترام قرار دی۔ دوسرے کی زندگی کو نقصان پہنچانا حرام قرار دیا ہے۔ فرمایا: ’’ہر مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حرام ہے اس کا خون اس کا مال اور اس کی عزت‘‘۔
اللہ رب العزت نے جان کی حفاظت کیلئے قانون ارشاد فرمایا: جو شخص جان بوجھ کر کسی ایمان والے کو قتل کرے تو اس پر لعنت ہو گی اور اس کے لیے بڑا عذاب تیار کیا گیا ہے، دنیا میں قاتل کیلئے قصاص کا قانون عطا فرمایا کہ جان کے بدلے جان لی جائے۔ اگر قاتل کے ورثاء مالی معاوضہ لینا چاہیں تو دیت کا قانون رکھا اور یہ بھی اجازت دی کہ اگر ورثاء قاتل کو دنیوی سزا معاف کر دیں تو یہ بھی ان کا حق ہے، وہ معاف کر سکتے ہیں۔
جان کے تحفظ کے سلسلے میں اسلام نے جتنے بھی قوانین عطا کیے ہیں ان قوانین کو ہر آدمی نافذ نہیں کر سکتا اور کوئی شخص جوش انتقام اور غصہ میں کسی بھی شخص کو سزا دینے کیلئے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔ ان سزائوں کا نفاذ صرف اور صرف حکومت اور عدلیہ کر سکتی ہے یا ان کی طرف سے مقرر کردہ ادارے سزا دے سکتے ہیں۔ البتہ اپنی جان کے تحفظ کیلئے اسلام نے ہر شخص کو حق دیا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے گھر والوں کی جان بچانے کیلئے مقابلہ کرے۔ اگر وہ مارا جائے تو اسے شہید قرار دیا گیا۔ ترمذی اور ابوداؤد میں سعید بن زیدؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’یعنی جو شخص اپنی جان کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے تو وہ شہید ہے اور جو اپنے گھر والوں کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے تو وہ بھی شہید ہے‘‘۔