پی ایس ایل 10 کی تیاریاں عروج پر

پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، پلیئرز کی ڈرافٹنگ مکمل،تمام 6 فرنچائزز نے سٹارز پر مشتمل اپنے سکواڈزمنتخب کر لیے تاہم سابق قومی کپتان سرفرازاحمد سمیت دنیائے کرکٹ کے کئی بڑے ناموں کو کوئی خریدار نہ ملا۔سرفراز احمد، نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بالر ٹم ساتھی، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ، انگلینڈ کے جیسن رائے اور ایلکس ہیلز کو پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل10) کے پلیئرز ڈرافٹ میں کسی نے منتخب نہ کیا۔
ڈرافٹ کی تقریب کا انعقاد لاہور کے شاہی قلعہ حضوری باغ میں کیا گیا جس میں 6 فرنچائزز نے اپنے پسندیدہ سٹارز پر مشتمل سکواڈز کا انتخاب کیا۔ڈرافٹنگ تقریب میں بابرعظم اور شاہین آفریدی مرکز نگاہ بنے رہے، شاداب خان نے قوالی کی سریلی دھن پر رقص بھی کیا، تقریب میں پچھلے 9 سیزنز کی ٹرافیاں بھی ڈسپلے کی گئیں۔اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی، جنہوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے پک کئے گئے ایک کھلاڑی کے نام کا اعلان بھی کیا۔
پلاٹینم کیٹیگری
پلاٹینم کیٹیگری میں تمام ٹیموں نے تین، تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔پلاٹینم کیٹیگری میں کراچی کنگز نے پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر سمیت ایڈم ملنے، عباس آفریدی کا انتخاب کیا۔ لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈیرل مچل، فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کا انتخاب کیا ہے۔پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں ٹام کوہلر کیڈمور کو رائٹ ٹو میچ کے ذریعے حاصل کرلیا جبکہ پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم اور صائم ایوب کا انتخاب کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فن ایلن، مارک چیپمین اور فہیم اشرف کا چنائو کیا۔ملتان سلطانز نے مائیکل بریسویل، محمد رضوان اور اسامہ میر کو چنا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے میتھیو شورٹ، نسیم شاہ، شاداب خان کا انتخاب کیا ہے۔
ڈائمنڈ کیٹیگری
ڈائمنڈ کیٹیگری میں حسن علی، جیمز ونس اور خوشدل شاہ کراچی کنگز، کاربن بوش، محمد علی اور محمد حارث پشاور زلمی، عماد وسیم، اعظم خان، جیسن ہولڈر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے۔اسی طرح حارث رئوف، کوشل پریرا اور سکندر رضا کو لاہور قلندرز، ابرار احمد، محمد عامر اور ریلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ڈیوڈ ولی، افتخار احمد، عثمان خان کو ملتان سلطانز نے چنا۔
گولڈن کیٹیگری
گولڈ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے عبدالصمد (وائلڈ کارڈ)، ناہید رانا اور حسین طلعت، ملتان سلطانز نے کرس جارڈن، کامران غلام اور محمد حسنین، اسلام آباد یونائیٹڈ نے بین دروش، سلمان علی آغا اور حیدر علی کو چنا۔کراچی کنگز نے عامر جمال، محمد عرفان خان، شان مسعود، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عقیل حسین، سعود سعید اور محمد وسیم جونیئر جبکہ لاہور قلندرز نے عبداللہ شفیق، جہانداد خان اور زمان خان کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
سلور کیٹیگری
سلور کیٹیگری میں ملتان سلطانز نے عاکف جاوید، طیب طاہر (رائٹ ٹو میچ)، گڈاکیش موتی ، جوش لٹل، فیصل اکرم، طیب طاہر، اسلام آباد یونائیٹڈ نے اندریاس گوس، کولن منرو، محمد نواز، رومان رئیس، سلمان ارشاد کا انتخاب کیا۔پشاور زلمی نے سلور کیٹیگری میں عارف یعقوب، نجیب اللہ زدران، میکس برینٹ، مہران ممتاز، سفیان مقیم، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حسیب اللہ خان، خواجہ نافع، کال جیمی سن ، خرم شہزاد، عثمان طارق کو ٹیم میں شامل کیا۔سلور کیٹیگری میں کراچی کنگز نے عرفات منہاس، لٹن داس، میر حمزہ، ٹم سیفرٹ، زاہد محمود جبکہ لاہور قلندرز نے آصف آفریدی، آصف علی، ڈیوڈ ویزے، محمد اخلاق، رشاد حسین کا انتخاب کیا۔
ایمرجنگ پلیئرز
ایمرجنگ پلیئرز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حسن نواز، محمد ذیشان، پشاور زلمی نے علی رضا اور معاذ صداقت، ملتان سلطانز نے شاہد عزیز اور عبید شاہ کا انتخاب کیا۔اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے سعد مسعود اور حنین شاہ، لاہور قلندرز نے مومن قمر اور محمد ازاب جبکہ کراچی کنگز نے ریاض اللہ اور فواد علی کا انتخاب کیا۔
سپلیمنٹری کیٹیگری
سپلیمنٹری کیٹیگری کیلئے لاہور قلندرز نے ٹام کرن، سیم بلنگز، سلمان علی مرزا اور محمد نعیم، کراچی کنگز نے کین ولیمسن، محمد نبی، عمیر بن یوسف اور مرزا مامون، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کوسل مینڈس، سین ایبٹ، شعیب ملک، دانش عزیز کو چنا۔ پشاور زلمی نے الزری جوزف، احمد دانیال، ملتان سلطانز نے جانسن چارلز، شائے ہوپ، یاسر خان، محمد عامر برکی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ریلے مریڈتھ، رسی وین ڈیر دوسان کوچنا ہے۔
ہیڈ کوچز
پی ایس ایل کے10 ویں ایڈیشن کیلئے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سابق کپتان سرفراز احمد کو نئی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ٹیم کا کوچ مقرر کر دیاہے۔لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کیلئے انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بائولر ڈیرن گف کی بطور ہیڈ کوچ خدمات حاصل کر لی ہیں اور ڈیرن گف بھی ایک بار پھر اپنے اس رول کو ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے اس سے قبل بھی گلوبل سپر لیگ 2024ء کے پہلے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کیلئے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کیا تھا۔گلوبل سپر لیگ کے دوران لاہور قلندرز کی ٹیم نے ان کی نگرانی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن ہی میں فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
انگلینڈ کے جارح مزاج بیٹر جیمز ونس نے پی ایس ایل کیلئے انگلش فرسٹ کلاس سیزن کو خیرباد کہہ دیا۔جیمزونس اس سال صرف ہمپشائرکی جانب سے وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے،انہوں نے اپنی کائونٹی کے ساتھ صرف وائٹ بال کرکٹ کا نیا معاہدہ کر لیا۔اس فیصلے کی وجہ ای سی بی کی نئی این اوسی پالیسی ہے، ای سی بی نے اس سال ریڈ بال کرکٹرز کو سیزن کے دوران این او سی دینے سے انکار کر دیا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے اس سال پی ایس ایل کی تاریخیں انگلش سیزن سے بھی متصادم ہیں۔انگلش بیٹر جیمز ونس پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کا حصہ ہیں، ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی کے بعد جیمز ونس کو پی ایس ایل کا این او سی مل جائے گا تاہم رپورٹس ہیں کہ انگلش کرکٹر ٹام کوہلر کیڈمور بھی ایسا ہی فیصلہ کر سکتے ہیں۔