رجب المرجب :عظمت وحرمت کا بابرکت مہینہ

تحریر : مولانا محمد الیاس گھمن


’’بیشک اللہ کے ہاں مہینوں کی گنتی 12ہے، جن میں سے 4 عزت والے ہیں‘‘:(التوبہ 36)جب رجب کا چاند نظر آتا تو نبی کریم ﷺ دعا مانگتے ’’اے اللہ!ہمارے لیے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکتیں عطا فرما‘‘ (طبرانی: 911)

اللہ تعالیٰ نے سال کے 12 مہینے مقرر فرمائے اور ان میں سے4 مہینوں (ذوالقعدہ، ذوالحجہ، محرم اور رجب) کو عظمت والا قرار دیا۔ ان میں عبادت کرنے کا اجر و ثواب زیادہ ملتا ہے۔ جو شخص ان مہینوں میں برائیوں سے بچتا ہے، اسے باقی مہینوں میں برائیوں سے بچنے کی توفیق ملتی ہے۔رجب ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جن کا قرآن کریم میں ذکر آیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’بیشک اللہ کے ہاں مہینوں کی گنتی بارہ مہینے ہے، اللہ کی کتاب میں جس دن سے اللہ نے زمین اور آسمان پیدا کیے، ان میں سے چار(رجب، ذوالقعدہ، ذوالحجہ اور محرم) عزت والے ہیں، یہی سیدھا دین ہے، سو ان میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو، اور تم سب مشرکوں سے لڑو جیسے وہ سب تم سے لڑتے ہیں، اور جان لو کہ اللہ پرہیزگاروں کے ساتھ ہے‘ ‘ (سورۃ التوبہ : 36)۔

ماہ رجب کو اسلام کے ظہور سے بھی پہلے سے حرمت والے مہینے کا درجہ حاصل ہے اور اس مہینے میں جنگیں رک جایا کرتی تھیں، اس مہینے کئی اہم اسلامی واقعات بھی پیش آئے ہیں۔اس مہینہ کو’’اصب‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت و بخشش کے خصوصی انعام فرماتا ہے۔ اس ماہ میں عبادات اور دعائیں مستجاب ہوتی ہیں۔

رجب کا چاند دیکھنے کی دعا

حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ جب رجب کا چاند نظر آتا تو نبی کریمﷺ یوں دعا مانگتے تھے: ’’اے اللہ! ہمارے لیے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکتیں عطا فرما اور ہمیں رمضان کا مہینہ نصیب فرما‘‘ (کتاب الدعاء للطبرانی، باب القول عند دخول رجب، الرقم: 911)۔ رسول اکرم ﷺ کا رجب میں برکت کی دعا مانگنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ مہینہ برکتوں والا ہے۔ 

رجب کی پہلی رات

اس مہینے کی پہلی رات کی فضیلت بہت زیادہ ہے اور اس میں دعاؤں کا قبول ہونا حدیث مبارک سے معلوم ہوتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے: پانچ راتیں ایسی ہیں جن میں مانگی جانے والی دعاؤں کومسترد نہیں کیا جاتا۔ شبِ جمعہ، رجب کی پہلی رات، پندرہویں شعبان کی رات اور عیدین کی راتیں۔ (فضائل الاوقات للبیہقی، باب فی فضل العید، الرقم:  149)

رجب کی پہلی رات فضیلت والی ہے لیکن یہ خیال رہے کہ اس میں اپنی طرف سے یا غیر مستند باتوں کی وجہ سے اس میں کوئی عبادت خاص نہ کی جائے جیسا کہ بعض علاقوں میں بعض لوگوں نے بعض چیزوں کو رواج دے رکھا ہے۔ دوسری یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ نفلی عبادات اتنی طویل نہ کی جائیں کہ فرائض و واجبات متاثر ہوں یعنی رات بھر تلاوت، ذکرو اذکار، استغفار، درود پاک، نوافل وغیرہ اتنی دیر تک نہ کی جائیں کہ فجر کی نماز قضا ہو جائے۔ 

رجب کے روزے

حضرت عطاء ؒسے مروی ہے کہ حضرت عروہ ؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ ؓسے پوچھا کہ کیا اللہ کے رسول ﷺ رجب کے مہینے میں روزہ رکھا کرتے تھے؟ ابن عمر ؓنے جواب دیا کہ جی ہاں آپ ﷺ اس مہینے میں روزہ رکھا کرتے تھے اور اس کو عظمت والا مہینہ قرار دیتے تھے۔ (جمع الوسائل فی شرح الشمائل)

رجب کے روزہ داروں کیلئے جنتی محل

حضرت عامر بن شبلؒ سے مروی ہے کہ حضرت ابوقلابہ ؒ فرماتے ہیں: ’’جنت میں ایک عظیم الشان محل ان لوگوں کیلئے ہے جو رجب میں روزے رکھنے والے ہیں۔ (بیہقی، الرقم:  17)

رسم تبارک

بعض لوگ ماہ رجب کے جمعہ والے دن یا کسی اور دن میں ایک مخصوص رسم کرتے ہیں کہ ایصال ثواب کیلئے میٹھی روٹیوں پرسورۃالملک اکتالیس بار پڑھواتے ہیں پھر ان روٹیوں کو کھاتے ہیں۔ ایصال ثواب کا یہ طریقہ مستند احادیث سے ثابت نہیں۔

ہزاری روزہ

 بعض لوگ رجب کی ستائیس تاریخ کو روزہ رکھنا ضروری سمجھتے ہیں اور اس کا ثواب ایک ہزار روزوں کے برابر سمجھتے ہیں جبکہ بعض لوگ اس کو مریم روزے کا چاند بھی کہتے ہیں۔ یہ امر بھی چونکہ ثابت نہیں،اس لیے یہ اعتقاد رکھنا ضعف الاعتقادی ہے۔ 

صلوٰۃ الرغائب

بعض لوگ رجب کی پہلی شب جمعہ جبکہ بعض لوگ ستائیسویں رجب کو ایک نماز پڑھتے ہیں جسے ’’صلوٰۃ الرغائب‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی کل بارہ رکعتیں ہوتی ہیں، ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ اور ایک سورۃ ساتھ ملاتے ہیں جب بارہ رکعتوں سے فارغ ہوتے ہیں تو اسی جگہ بیٹھ کر سات بار سورۃ الفاتحہ پڑھتے ہیں ۔ اس کے بعد سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبر ولا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم چار بار پڑھتے ہیں اور پھر صبح روزہ رکھتے ہیں۔ اس کے بعد یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اس طرح کرنے سے سو سال نیکی کرنے کا ثواب ملے گا۔ اس طرح کی فضیلت کسی حدیث میں مذکور نہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں شریعت اسلامیہ کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور بے بنیاد من گھڑت باتوں سے بچنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

عشرہ ذوالحجہ:رحمتوں و برکتوں والے دن

اللہ تعالیٰ نے حرمت والے مہینے ذوالحج کے پہلے عشرہ کو برکت و عظمت عطا فرمائی اس عشرہ میں کیے جانے والے نیک اعمال کا اجر باقی ایام کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہے(صحیح بخاری) رسول اللہ ﷺ ماہ ذوالحج کے (پہلے) نو دنوں میں روزہ رکھا کرتے تھے ( ابو دائود)

حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام:جلیل القدر پیغمبر

حج و عمرہ کی اکثر عبادات کا تعلق سنت ابراہیمی سے ہے

جانوروں کے حقوق اور ہماری ذمہ داریاں

’’جانور کو کھلانا پلانا باعث اجر ہے‘‘(ابن ماجہ)

مسائل اور ان کا حل

حالت احرام میں مختلف ذائقوں والے خوشبودار مشروبات پینا سوال: کیاحالت احرام میں مختلف ذائقوں والے خوشبو دار مشروبات پینا جائز ہے،کیا اس کے پینے سے دم لازم ہوگا؟(تنویر خان، بہاولپور)

سفارتی کامیابیاں مگر معاشی محاذ پر مشکلات

پاکستان نے حالیہ مہینوں میں سفارتی محاذ پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کے دوران پاکستان نے نہ صرف متوازن سفارتکاری کا مظاہرہ کیا بلکہ عالمی طاقتوں کے درمیان اپنے کردار کو بھی نمایاں کیا۔

مجوزہ 28ویں ترمیم اوراپوزیشن کی سیاست

ملک کے سیاسی حلقوں میں سرگوشیاں ہیں کہ حکومت آنے والے دنوں میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 28 ویں ترمیم کی منظوری کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔