معراج مصطفیٰﷺ قرب الٰہی کی انتہا

تحریر : مفتی ڈاکٹرمحمد کریم خان


حضرت محمد مصطفی ﷺ سے جمادات نے کلام کیا، آپﷺ کے ہاتھوں میں کنکریوں نے تسبیح کی، آپ ﷺکے معجزات صحیح روایتوں سے بھی ثابت ہیں۔یہ معجزات اہل ایمان اور کفار،سب نے دیکھے۔اسراء اور معراج النبیﷺ دو ایسے واقعات ہیں جن کی بے شماررحمتیں ہیں، ان واقعات میں عبرتیں بھی پنہاں ہیں۔ ایسے بہت سے امور بھی بیان کئے گئے ہیں جن کی آج ہمیں سمجھنے کی بہت ضرورت ہے۔

اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺکو تھوڑے عرصے کیلئے زمین سے آسمانوں کی سیر کرائی، مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک ۔ وہ مسجد اقصیٰ جس کے گرد اللہ تعالیٰ نے بہت برکتیں رکھی ہوئی ہیں۔ پھر وہاں سے بلند آسمانوں کی جانب لے جایا گیا ، پھر آپﷺ کو آپ ﷺکے رب نے اپنے قرب میں بلایا، ارشاد باری تعالیٰ ہے،’’(ہر عیب سے ) پاک ہے، وہ ذات جس نے سیر کرائی ، اپنے خاص بندے (نبی کریم ﷺ)کو راتوں رات لے گیامسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک ،جس کے گرد ہم نے بہت برکت رکھی کہ ہم اسے اپنی عظیم نشانیاں دکھائیں ، بے شک وہ سنتا اور دیکھتا ہے‘‘۔

اللہ تعالیٰ کی سنت جاریہ یہ ہے کہ اس نے ہر زمانہ کے انسانی کمالات کے مطابق انبیاء و رُسل کو معجزات دے کر مبعوث فرمایا۔ یہ معجزات انسانی عقل و علم کو عاجز کر کے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور انبیاء و رُسل کی حقانیت کی دلیل بنے۔ جیسا کہ حضرت موسیٰؑ کے زمانہ میں جادوگری عروج پر تھی، تو آپؑ کو عصا اور ید بیضا عطا کیا گیا۔ حضرت داؤدؑ کے دور میں لوہے کی صنعت عروج پر تھی تو آپؑ کیلئے لوہے کو مسخر کر دیا گیا۔ حضرت سلیمانؑ کا دور اقدس جنات کی طاقت کا مظہر تھا تو آپؑ کیلئے ہواؤں، چرندپرند کو مسخر کر دیا گیا۔ حضرت عیسیٰؑ کے دور میں طبّ عروج پر تھی تو آپؑ کو لاعلاج بیماریوں حتیٰ کہ مردوں کو زندہ کرنے کا معجزہ عطا کیا گیا۔ حضور نبی اکرمﷺ کا زمانہ نبوت چونکہ قیامت تک جاری و ساری ہے اور یہ سائنسی عروج کا زمانہ ہے، جس میں انسان چاند و مریخ پر پہنچ چکا ہے، اس لئے آپﷺ کو معجزہ معراج عطا کیا گیا۔ جس میں سفر کی تمام مسافتوں کو تمام زمینوں،آسمانوں اور عرش سے لامکاں تک کی مسافت کو رات کے قلیل حصہ میں طے کر کے دکھایا گیا ہے۔ اس طرح یہ معجزہ سب سے ارفع و اعلیٰ ہے۔ اس کی ایک شان یہ بھی ہے کہ اس سفر میں خالق کائنات نے اپنے حبیب مکرمﷺ کو اپنا دیدار بلا حجاب عطا فرمایا ہے جو کہ صرف آپﷺ کا ہی خاصہ ہے، کسی اور نبی و رسول کو یہ نعمت عظمیٰ نہیں ملی۔

پس منظر

خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی دعوت اسلام کے جواب میں اعلان نبوت کے ساتویں سال سے دسویں سال تک قریشِ مکہ نے آپﷺ کے خاندان بنو ہاشم کا معاشرتی و معاشی بائیکاٹ کیا۔ یہ تینوں سال آقا کریم ﷺ اور مسلمانوں کیلئے بڑے کٹھن اور دشوار تھے۔ یہ بائیکاٹ خدائی تدبیر سے ختم ہوا تو اسی سال پہلے آپ ﷺ کے سب سے بڑے ہمدرد اور غمخوار چچاحضرت ابو طالبؓ کا وصال ہوا اور پھر ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دینے والی وفا شعار بیوی اُم المؤمنین حضرت خدیجہ الکبریٰؓ کا انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد آقا کریم ﷺ تبلیغ اسلام کیلئے وادی طائف تشریف لے گئے تو انہوں نے آپ ﷺ کو شدید زخمی اور لہو لہان کیا، حتیٰ کہ آپﷺ کے نعلین مبارک خون سے تر ہوئے۔ آپ ﷺ واپس مکہ تشریف لاتے ہیں تو اہل مکہ نے کسی کے امان دینے کی شرط رکھی، اسی شام آپﷺ امان کے ساتھ اپنے ہی شہر میں داخل ہوئے اور رات اپنی چچا زاد ہمشیرہ حضرت اُمِ ہانیؓ کے گھر سوئے تو یہ مبارک سفر نصیب ہوا۔

آسمانی معراج کی انتہاء

بخاری شریف کی ایک روایت میں سدرۃ المنتہیٰ کے بعد رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ کا ایسا قرب مذکور ہے جسے قاب قوسین اوادنیٰ سے تعبیر فرمایا گیا۔ حدیث شریف کے الفاظ ہیں ’’یعنی اللہ تعالیٰ رسول اللہ ﷺ سے قریب ہوا پھر اللہ تعالیٰ نے حضور اکرمﷺ سے یا حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے اس سے بھی زیادہ قرب طلب فرمایا۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ رسول اللہ ﷺ سے دو کمانوں کی مقدار یا اس سے بھی زیادہ قریب ہو گیا اور اللہ تعالیٰ کا جمال مبارک سر اقدس کی آنکھوں سے دیکھا۔ (فتح الباری، ج13، ص417)

اسراء، معراج اور اعراج

حضرت خواجہ نظام الدین دہلوی فرماتے ہیں (مسجد حرام سے) بیت المقدس تک اسراء ہے، وہاں سے آسمانوں تک معراج ہے اور آسمان سے مقام قاب قوسین تک اعراج ہے۔(ایضاً، ج1، ص118-119)

سفر معراج کا حکم

علامہ سید احمد سعید کاظمیؒ لکھتے ہیں: اسراء یعنی مسجد حرام سے بیت المقدس تک تشریف لے جانا قطعی اور یقینی ہے جس کا منکر مسلمان نہیں اور زمین سے آسمان کی طرف معراج ہونا احادیث مشہورہ سے ثابت ہے، اس کا منکر فاسق اور ضال و مضل ہے، پھر آسمانوں سے جنت کی طرف اور عرش یا عرش کے علاوہ فوق العرش تک یا لامکاں تک ثابت ہے۔ جس کا منکر گنہگار ہے۔ (مقالات کاظمی، ج1،ص138)

قرآن و حدیث میں بیان

سفر معراج شریف کو قرآن مجید نے دو جگہ بیان کیا ہے۔ 

(1) سورہ بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’وہ ذات ہر عیب سے پاک ہے جس نے اپنے عبد کریم (محمد ﷺ) کو رات کے مختصر سے حصے میں مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک سیر کرائی (وہ مسجد ِاقصیٰ) جس کے ماحول کو ہم نے برکتیں دے رکھی ہیں(یہ سیر اس لئے کروائی) کہ ہم انہیں اپنی کچھ عظیم نشانیاں دکھائیں، بے شک وہ سب کچھ خوب سننے اور دیکھنے والا ہے‘‘۔ 

(2) دوسری جگہ سورۃ النجم کی پہلی اٹھارہ آیات میں اس کا اشارۃً بیان ہے۔

اس سفر مبارک کی تفصیلات و جزئیات کو اکثر کتب احادیث و سیرت میں بیان کیا گیا ہے، ہم اختصار سے کام لیتے ہوئے صرف بخاری شریف کی ایک حدیث مبارکہ کے ترجمہ کو پیش کر رہے ہیں۔

حضرت انس بن مالک ؓ حضرت مالک بن صعصعہ ؓ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور ﷺ نے صحابہ کرام ؓ سے اس رات کی کیفیت بیان فرمائی جس میں آپﷺ کو معراج ہوئی تھی۔ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’میں حطیم کعبہ میں تھا، یکایک میرے پاس ایک آنے والا آیا اور اس نے میرا سینہ حلقوم شریف سے لے کر ناف مبارک تک چاک کیا۔ پھر اس نے میرا دل نکالا، پھر سونے کا ایک طشت لایا گیا جو ایمان و حکمت سے لبریز تھا ،اس کے بعد میرا دل دھویا گیا، پھر وہ ایمان و حکمت سے لبریز ہو گیا۔ اس قلب کو سینہ ٔ اقدس میں اسی جگہ پر رکھا گیا۔ اس کے بعد میرے پاس ایک جانور سوار ہونے کیلئے لایا گیا جو خچر سے نیچا اور گدھے سے اونچا تھا، وہ اپنا قدم منتہائے نظر پر رکھتا تھا۔ میں اس پر سوار ہوا۔ پھر جبرائیل ؑ مجھے لے کر چلے یہاں تک کہ ہم آسمان دنیا پر پہنچے۔ مسلم شریف کی روایت میں آسمان پر جانے سے پہلے بیت المقدس تشریف لے جانے کا ذکر اس طرح وارد ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ: میں براق پر سوار ہو کر بیت المقدس آیا اور میں نے اپنی سواری کو اسی حلقے سے باندھ دیا جس میں انبیاء علیہ السلام اپنی سواریاں باندھا کرتے تھے، پھر میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوا (مسلم شریف،ص 91)۔ مسلم شریف کی دوسری روایت میں ہے ’’ پھر نماز کا وقت آگیا اور میں نے انبیاء ؑ کی امامت کی‘‘ (مسلم شریف،ص94) ۔

 مسلم شریف کی ایک اور روایت میں ہے کہ ’’بیت المقدس شریف جاتے ہوئے میں حضرت موسیٰ ؑکی قبر کے پاس سے گزرا تو وہ اپنی قبر میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے۔

پہلے آسمان پر پہنچ کر جبرائیل ؑ نے آسمان کا دروازہ کھلوایا تو پوچھا گیا کون ہے؟ انہوں نے کہا :جبرائیلؑ ۔ پھر آسمان کے فرشتوں نے پوچھا تمہارے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا محمدﷺ، پوچھا گیا وہ بلائے گئے ہیں؟ جبرائیل ؑ نے جواب دیا کہ ہاں۔ کہا گیا انہیں خوش آمدیدہو، ان کا آنا بہت اچھا اور مبارک ہے۔ دروازہ کھول دیا گیا جب میں وہاں پہنچا تو حضرت آدم ؑ ملے۔ جبرائیل ؑنے کہا :کہ یہ آپ ﷺ کے والد حضرت آدمؑ ہیں، آپﷺ انہیں سلام کیجئے! میں نے سلام کیا۔ انہوں نے سلام کا جواب دیا اور کہا خوش آمدید ہو صالح بیٹے اور صالح نبی کو۔ پھر ہم دوسرے آسمان پر پہنچے، وہاںحضرت یحییٰ ؑ اورحضرت عیسیٰ ؑ ملے۔ پھر جبرائیل ؑ مجھے تیسرے آسمان پر لے گئے اور وہاں حضرت یوسف ؑ ملے۔ چوتھے آسمان پر حضرت ادریس ؑ ملے۔ پانچویں آسمان پر پہنچے توحضرت ہارون ؑ ملے ۔چھٹے آسمان پر حضرت موسیٰ  ؑ سے ملاقا ت ہوئی۔ جب میں آگے بڑھا تو وہ روئے، ان سے پوچھا گیا کہ آپؑ کیوں روتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا میں اس لئے روتا ہوں کہ میرے بعد ایک مقدس لڑکا مبعوث کیا گیا جس کی امت کے لوگ میری امت سے زیادہ جنت میں داخل ہوں گے۔ پھر جبرائیل ؑ مجھے ساتویں آسمان پر لے گئے۔ وہاں حضرت ابراہیم ؑ ملے۔ جبرائیل ؑ نے کہا یہ آپﷺ کے باپ حضرت ابراہیم ؑ ہیں۔ 

پھر میں سدرۃ المنتہیٰ تک گیا۔مقام سدرۃ المنتہیٰ پر جبرائیل ؑ حضور ﷺ سے پیچھے رہ گئے اور آگے ساتھ جانے سے معذرت کر لی۔ عرض کیا کہ حضورﷺ اگر میں انگلی کے ایک پورے کے برابر بھی بڑھوں تو جل کر خاکستر ہو جاؤں گا لیکن حضور ﷺ سدرۃ المنتہیٰ سے گزر کر عرش سے بلند ہو گئے۔ جس سے ثابت ہوا کہ قوت نوریہ قوت ملکیہ سے بہت زیادہ قوی ہے۔ (روح البیان، ج9، ص267)، سدرۃ المنتہیٰ پرچار نہریں تھیں،دو پوشیدہ اور دو ظاہر ۔ میں نے پوچھا اے جبرائیل ؑ یہ نہریں کیسی ہیں؟ انہوں نے کہا ان میں جو پوشیدہ ہیں وہ تو جنت کی نہریں ہیں اور جو ظاہر ہیں وہ نیل و فرات ہیں۔ پھر بیت المعمور میرے سامنے ظاہر کیا گیا ۔ اس کے بعد مجھے ایک برتن شراب کا، ایک دودھ کا اور ایک برتن شہد کا دیا گیا۔ میں نے دودھ کو لے لیا ۔ جبرائیل ؑ نے کہا یہی فطرت (دین اسلام) ہے آپ ﷺ اور آپﷺ کی امت اس پر قائم رہیں گے۔ 

اس کے بعد مجھ پر ہر روز پچاس نمازیں فرض کی گئیں۔ جب میں واپس لوٹا تو حضرت موسیٰ  ؑنے کہا آپ ؐکی امت پچاس نمازیں روزانہ نہ پڑھ سکے گی۔ خدا کی قسم میں آپﷺ  سے پہلے لوگوں کو تجربہ کر چکا ہوں لہٰذا آپﷺ اپنے رب کے پاس لوٹ جائیے اور اپنی اُمت کیلئے تخفیف کی درخواست کیجئے۔ چنانچہ میں لوٹا اور اللہ تعالیٰ نے مجھے دس نمازیں معاف کر دیں ۔ پھر میں موسیٰ  ؑکے پاس آیا تو انہوں نے پھر اسی طرح کہا۔ میں پھر خدا کے پاس واپس گیا اور اللہ تعالیٰ نے مجھے دس نمازیں پھر معاف کر دیں۔ پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام کے پاس آیا انہوں نے پھر اسی طرح کہا ۔ میں پھر خدا کے پاس واپس گیا تو مجھے ہر روز پانچ نمازوں کا حکم دیا گیا۔میں حضرت موسیٰ ؑ ؑکے پاس لوٹ کرآیا ۔ تو انہوں نے پوچھا کہ آپﷺ کو کیا حکم ملا؟ میں نے کہا کہ روزانہ پانچ نمازوں کا حکم ملا ہے، انہوں نے کہا کہ آپﷺ کی اُمت پانچ نمازیں بھی نہ پڑھ سکے گی۔میں نے آپﷺ سے پہلے لوگوں کا تجربہ کیا ہے اوربنی اسرائیل سے سخت برتاؤ کر چکا ہوں۔آپ ﷺپھر اپنے رب کی بارگاہ میں جائیے اور اپنی امت کیلئے تخفیف کی درخواست کیجئے۔ حضور ﷺنے فرمایا: اب مجھے حیاء آتی ہے، لہٰذا اب میں راضی ہوں اور اپنے رب کے حکم کو تسلیم کرتا ہوں ۔ حضور ﷺنے فرمایا کہ میں آگے بڑھا، ایک پکار والے نے آواز دی کہ میں نے اپنا حکم جاری کر دیا اور اپنے بندوں سے تخفیف فرما دی۔ (بخاری شریف، ج1، ص 548)

حضرت ابراہیم ؑ ، موسیٰ  ؑاور عیسیٰ ؑکا حلیہ مبارک

سیدنا سلیمان ندوی لکھتے ہیں : آپ ﷺنے چند پیغمبروں کی شکل و صورت بھی بیان کی۔ حضرت موسیٰ  ؑکی نسبت فرمایا کہ ان کا لمبا قد اور گندمی رنگ تھا اور الجھے ہوئے گھنگریالے بال تھے ۔ اور شنوہ کے قبیلے کے آدمی معلوم ہوتے تھے۔ حضرت عیسیٰ ؑکا قد درمیانہ تھا۔ سر کے بال سیدھے اور لمبے تھے ۔ یہ معلوم ہوتا تھا کہ ابھی نہا کر آئے ہیں ۔ حضرت عروہ بن مسعود ثقفیؓ(صحابی) سے ان کی صورت ملتی تھی۔ حضرت ابراہیم ؑ کی صورت تمہارے پیغمبر خود آنحضرت ﷺکی سی تھی۔ بہر حال اسی اثنامیں نماز (غالباًصبح کی نماز)کا وقت آگیا ،سرور انبیاء ﷺ منصب امامت سے سرفراز ہوئے ۔نماز سے فراغت ہوئی تو ندا آئی کہ اے محمد ﷺ! دوزخ کا داروغہ حاضر ہے سلام کرو۔ آپ ﷺنے مڑکر دیکھا تو داروغہ دوزخ نے سلام کیا ۔ بخاری میں ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ شب معراج میں دجال بھی آپﷺکو دکھایا گیا۔ (سیرۃ النبی ؐ، ج3، ص234)

سفر معراج 

مظفر وارثی

براق فکر ہے گردوں نورد آج کی رات 

ہوا اڑاتی ہے تاروں کی گرد آج کی رات 

 

یہ کون ذہن کے روشن مکان میں اترا 

خیال صورتِ جبرائیل ؑدھیان میں اترا 

 

ہے خم رسائی اِنساں پہ فاصلوں کی جبیں 

بلندیوں پہ کمندیں اچھالتی ہے زمیں 

 

یہ رات کیوں نہ ہو افضل تمام راتوں میں 

لیے ہوئے ہیں اندھیرے، چراغ ہاتھوں میں 

 

وہ رات، جس کا زمانہ جواب لا نہ سکے 

مِلائے آنکھ تو سورج بھی تاب لا نہ سکے 

 

وہ رات جس نے حسیں خواب جاگ کر دیکھا 

وہ رات جس نے محمدﷺ کو عرش پر دیکھا 

 

گیا تھا عشق، خلاؤں کی راہ سے آگے 

نگاہ جاتی ہے حد نگاہ سے آگے 

 

رُکی رُکی نظر آتی تھی نبض عالم کی 

گزر رہی تھی سواری رسول اکرمﷺ کی 

 

رواں تھے ساتھ فرشتے عبا اٹھائے ہوئے 

فضائیں کتبہ صل علیٰ اٹھائے ہوئے 

 

عروج آدمیت آپ پر تمام ہوا 

خدا خود اپنے ہی جلووں سے ہم کلام ہوا 

 

تجلیات کے ہالے میں یوں گھرے دونوں 

کمانِ وصل کھنچی، مل گئے سرے دونوں 

 

بلند ایسے نہ رُتبے کسی نبی کے ہوئے 

زہے نصیب کہ ہم امتی اُسی کے ہوئے

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

خود اعتمادی، خواتین کی معاشرتی ضرورت

خود اعتمادی ہر شخص کی شخصیت، کامیابی اور ذہنی سکون کا بنیادی جزو ہے۔ یہ وہ صلاحیت ہے جو انسان کو اپنے فیصلوں، خیالات اور احساسات پر یقین کرنے کی ہمت دیتی ہے۔

شال، دوپٹہ اور کوٹ پہننے کے سٹائل

سردیوں کا موسم خواتین کے فیشن میں تنوع اور نفاست لے کر آتا ہے۔ اس موسم میں شال، دوپٹہ اور کوٹ نہ صرف جسم کو گرم رکھتے ہیں بلکہ شخصیت، وقار اور انداز کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔ درست سٹائل کا انتخاب خواتین کے لباس کو عام سے خاص بنا سکتا ہے۔

آج کا پکوان:فِش کباب

اجزا : فش فِلے : 500 گرام،پیاز :1 درمیانہ (باریک کٹا ہوا)،ہری مرچ : 2 عدد (باریک کٹی)،ہرا دھنیا : 2 چمچ،ادرک لہسن پیسٹ :1 چمچ،نمک : 1 چمچ،لال مرچ پاؤڈر : 1چمچ،کالی مرچ : آدھا چائے کا چمچ،زیرہ پاؤڈر : 1 چائے کا چمچ،دھنیا

5ویں برسی:شمس ُ الرحمن فاروقی ، ایک عہد اور روایت کا نام

جدید میلانات کی ترویج و ترقی میں انہوں نے معرکتہ الآرا رول ادا کیا

مرزا ادیب ،عام آدمی کا ڈرامہ نگار

میرزا ادیب کی تخلیقی نثر میں ڈراما نگاری کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے بصری تمثیلوں کے ساتھ ریڈیائی ڈرامے بھی تحریر کیے۔ اردو ڈرامے کی روایت میں ان کے یک بابی ڈرامے اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔

35ویں نیشنل گیمز2025:پاک آرمی 29ویں بار فاتح

آرمی نے196گولڈ میڈلز اپنے نام کئے،واپڈا نے84اورنیوی نے36طلائی تمغے جیتے