رنگ گورا کرنا مہنگا نہ پڑ جائے!
دنیا بھر میں نوجوانوں میں گہری رنگت کو گورا کرنے (ٹیننگ) کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ لیکن ماہرین صحت نے نئے اور تیزی سے مقبول ہونے والے طریقے ’’ناک کے ذریعے استعمال ہونے والے ٹیننگ اسپرے‘‘ کے بارے میں سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اسپرے انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اور ان کا تعلق ممکنہ طور پر جلد کے کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریوں سے ہے۔
ناک کے ذریعے لیے جانے والے یہ ٹیننگ اسپرے حالیہ برسوں میں آن لائن مارکیٹ میں عام ہو چکے ہیں۔ ان میں خاص طور پر ایک کیمیکل ’’میلانوٹان‘‘ (Melanotan) استعمال ہوتا ہے، جو جسم میں میلانین کی مقدار بڑھاتا ہے۔ یہ مادہ جلد کو سورج کی روشنی سے محفوظ رکھنے میں کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کی تشویش
برطانیہ، امریکہ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں میڈیکل ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ اسپرے جسمانی نظام میں براہِ راست جذب ہو کر خطرناک اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ ماہر جلد ڈاکٹر لورا ہیکٹ کا کہنا ہے: ’’یہ اسپرے بغیر کسی طبی منظوری کے آن لائن فروخت ہو رہے ہیں۔ صارفین کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ اپنی صحت کو کس بڑے خطرے میں ڈال رہے ہیں‘‘۔
برطانوی ادارہ برائے صحت اور امریکی ایف ڈی اے (FDA) دونوں ان مصنوعی مصنوعات کے استعمال سے خبردار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میلانوٹان نہ صرف غیر منظور شدہ دوا ہے بلکہ اس کے مضر اثرات میں دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی، ہائی بلڈ پریشر، معدے کی خرابی اور جلد کے سرطان کی علامات شامل ہیں۔
سوشل میڈیا کا کردار
یہ مصنوعی ٹیننگ اسپرے زیادہ تر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مشہور ہو رہے ہیں، جہاں شوبز اور سپورٹس کی نامور ہستیاں اس سپرے کی خوبصورتی اور فیشن کے نئے معیار کے طور پر تشہیر کر رہی ہیں۔ نوجوان نسل بھی گورا ہونے کے شارٹ کٹ کی تلاش میں رہتے ہیں ان میں جلدی اور آسان طریقے سے گورا ہونے کی خواہش اس خطرناک رجحان کو مزید فروغ دے رہی ہے۔
ماہرین کی ہدایات
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی جلد کی رنگت میں تبدیلی لانے کا خواہش مند ہے تو اسے کسی ماہر ڈاکٹر یا ڈرماٹولوجسٹ سے مشورہ کرنا چاہیے۔ مصنوعی کیمیکلز کا استعمال بغیر تحقیق اور منظوری کے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
حکومتی اقدام کی ضرورت
پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک میں ان مصنوعات پر تاحال کوئی واضح قانون سازی نہیں کی گئی، جس کے باعث یہ آن لائن باآسانی دستیاب ہیں۔ ماہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو فوری طور پر اس بارے میں ضوابط نافذ کرنے چاہئیں تاکہ شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔ناک کے ذریعے استعمال ہونے والے ٹیننگ اسپرے صحت کیلئے شدید خطرناک ہو سکتے ہیں، جن کا استعمال جلد کے کینسر اور دیگر بیماریوں کو جنم دے سکتا ہے۔ صارفین کو محتاط رہنے اور مستند طبی مشورہ لینے کی ضرورت ہے۔