بچوں کا انسائیکلوپیڈیا
کیا ’’فلائنگ فش‘‘واقعی اُڑتی ہے؟ اُڑن مچھلی واقعی ہوا میں اُڑتی ہے۔اگر کوئی دشمن اس کا پیچھا کرے تو وہ بہت تیزی سے تیرتی ہے اور پھر پانی سے باہر چھلانگ لگا دیتی ہے۔پانی سے باہر نکلتے وقت یہ اپنی دُم کو اس کی سطح پر بہت تیزی کے ساتھ حرکت دیتی ہے تاکہ پرواز کیلئے زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل ہو سکے۔پھر وہ اپنے بہت بڑے پَر پھیلا کر کسی گلائیڈ ر طَیارے کی طرح اوپر اُٹھ جاتی ہے۔
کیا جیلی فش مچھلی ہوتی ہے؟
نہیں! مچھلی کی طرح نہ اس میں کانٹے ہوتے ہیں نہ گوشت۔اس کے جسم کا تقریباً 99فیصدپانی پر مشتمل ہوتا ہے۔جیلی فش کی بہت سی اقسام بڑی اچھی تیراک ہوتی ہیں مگر یہ زیادہ تر پانی کے بہائو کے ساتھ بہتی ہیں۔
سٹار فش
کیا آپ کو معلوم ہے کہ سٹار فش اپنا ٹوٹا ہوا با زو پھر سے اُگا سکتی ہے؟اگر ستارہ مچھلی کا بازو ٹوٹ جائے تو اس کی جگہ نیا بازو اُگ آتا ہے۔یہاں تک کہ اگر ستارہ مچھلی ٹوٹ کر آدھی رہ جائے تو اس کے دونوں ٹکڑے بڑھ کر دو نئی ستارہ مچھلیوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔جب تک اس کے جسم کا ایک حصہ یا اس کا قُرص (Disc) اس کے کسی بازو سے جڑا ہو،نئی ستارہ مچھلی وجود میں آجاتی ہے۔ستارہ مچھلیوں کی کچھ اقسام کی توافزائش نسل ہی خود کو تقسیم کر کے ہوتی ہے۔
کیا جل پریاں(Mermaids) واقعی موجود ہیں؟
ایک لمبے عرصے تک لوگ جل پریوں کی کہانیاں سناتے رہے ہیںلیکن حقیقت میں جل پریاں اپنا وجود نہیں رکھتیں۔ہو سکتا ہے کہ یہ کہانیاں اس وقت شروع ہوئی ہوں جب لوگوں نے بحری گائے یا کچھ دوسرے سمندری جانوروں کو دیکھا ہو جو انہیں اپنے بچے اس طرح اٹھائے ہوئے نظر آئے ہوں جیسے کوئی عورت اپنے بچے کو گود میں لیتی ہے۔