مسائل اور ان کا حل

اذان کے وقت تلاوت قرآن کی شرعی حیثیتسوال:تلاوت کے دوران اگر اذان شروع ہو جائے تو اذان کے وقت قرآن پڑھنا درست ہے یا نہیں ؟(جاویدستار،کراچی)
جواب: ایسے وقت میں دونوں اختیار ہیں، چاہے تلاوت جاری رکھے چاہے بند کرکے اذان کا جواب دے۔بہتر اور مستحب یہ ہے کہ تلاوت کو موقوف کرکے اذان کا جواب دے کیونکہ تلاوت بعد میں ہوسکتی ہے مگر اذان کے جواب کا بعد میں موقع نہیں ملے گا۔ (کما فی البدائع)۔
بچے کی ولادت کے بعد پاکی کی مدت
سوال : بچے کی ولادت کے بعد عورت کتنے دن بعد پاک ہوتی ہے؟( محمد جمیل، حیدر آباد)
جواب:نفاس(بچے کی ولادت کے بعد ناپاکی کے خون ) کی زیادہ سے زیادہ مدت چالیس دن ہے ، کم ازکم مدت کی حد نہیں ہے۔ اگر بچہ کی ولادت کے بعدچالیس دن سے پہلے خون بند ہوجا ئے تو عورت پر غسل کرکے نماز پڑھنا فرض ہوگا اور اگر رمضان ہے تو روزہ بھی لازم ہوگا۔
امانتا ًتدفین کا معاملہ
سوال :کیا میت کو امانت کے طور پر دفن کر سکتے ہیں، اگرکرسکتے ہیں تو کتنے عرصے کیلئے اور اس کا طریقہ ٔکار کیا ہے ؟ (جنید، امریکہ )
جواب: امانت کے طور پر میت دفن کرنا شرعاً بے اصل ہے، شریعت میں اس کا کوئی ثبوت نہیں (عزیزالفتاویٰ، ص342)۔ البتہ اگر کسی نے غیر کی زمین پر بلا اجازت میت کو دفن کردیا ہواور مالک زمین اب بھی اجازت نہیں دے رہاتو ایسی صورت میں میت نکال کر قریبی قبرستان میں دفن کرنا جائز ہے۔اس صورت میں بھی میت کو کہیں دورلے جانا اور دوبارہ جنازہ پڑھنا درست نہیں۔ (وفی الدرالمختار،جلد 1،ص 602)۔
نان ونفقہ یا مارپیٹ پر خلع
یا فسخ نکاح کا معاملہ
سوال:اگرشوہرعورت پرظلم کرے، اسے ذہنی اذیت دے اورگھرکاخرچہ بھی نہ دے اورگندے الزام بھی لگائے۔ آیا اس صورت میں عورت کوکیاحق حاصل ہے؟شادی کو 20 سال گزرچکے ہیں۔بار بار سمجھانے پربھی آدمی ٹھیک نہیں ہوتا اور نہ طلاق دیتا ہے۔ آیااب عورت خلع لے سکتی ہے یا نہیں؟ ایسامسئلہ ہمارے محلے میں واقع ہوا ہے تاکہ ان کی بہتررہنمائی کی جا سکے۔ (محمدشفیق ،لاہور)
جواب: شوہر کی رضامندی کے بغیرخلع نہیں ہوتا،تاہم اگرکسی عورت کووہ صورت پیش آئے جو سوال میں مذکور ہے کہ شوہرانتہائی مار پیٹ کرتاہے یانان ونفقہ نہیں دیتاتواس سے خلاصی کیلئے پہلے تواس بات کی کوشش کی جائے کہ شوہرکوخداکاخوف دلاکراس بات پرآمادہ کیا جائے کہ وہ ازخود طلاق دے دے۔اگروہ اس پر راضی نہ ہو تو خلع کر لیں مثلاً اپنا مہر معاف کر کے یااورکوئی مال کی پیشکش کرکے اس سے طلاق حاصل کریں۔ اگروہ اس پربھی آمادہ نہ ہو تو ایسی صورت میں عورت کیلئے جائزہے کہ کسی مسلمان قاضی کی عدالت میں دعویٰ دائرکرکے پہلے یہ ثابت کرے کہ میرا نکاح فلاں شخص کے ساتھ ہوا تھااوروہ ظلم و تشددکرتاہے یا نان ونفقہ کی ادائیگی نہیں کرتا، پھر قاضی معاملات کی شرعی تحقیق کے بعد ’ضرب شدید‘‘یاتعنت (نان ونفقہ کی عدم ادائیگی ) کی بناء پرنکاح فسخ کر سکتاہے ۔ مذکورہ تفصیل کے مطابق نکاح فسخ ہونے کے بعد عورت اپنی عدت پوری کرکے دوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے۔(کذافی فتاوی عثمانی 2؍470)
عاق کرنا
سوال :عاق کرنا کیسا ہے؟ کیا کوئی والد اپنے بیٹے کو عاق کر سکتا ہے اور پھر اس کو میراث سے حصہ ملے گا یا نہیں؟(عابد، کراچی)
جواب :عاق کرنے کی شرعاً کوئی حیثیت نہیں ہے یعنی عاق کرنے سے کوئی وارث محروم نہیں ہوتا۔
پرندے پالنا
سوال :کیا پرندے شوقیہ یا کاروبار کی نیت سے گھر کے اندر پنجرے میںپالنا جائز ہے ؟ (محمد احمد یونس، کراچی)
جواب:پرندوں کو گھر کے اندر پالنا مندرجہ ذیل شرائط کے تحت جائز ہے ۔(1)اس کا پنجرہ بڑااور کشادہ ہو۔ (2) اس کے پالنے میں کسی دوسرے شخص کو تکلیف نہ ہو۔(3) اس کے ذریعے دوسرے کے پرندے کو پکڑنا مقصود نہ ہو۔ (4) اس کی خوراک کا صحیح انتظا م کیا جائے۔
نکاح کا معاملہ
سوال:زاہد کی 2بیویاں ہیں۔پہلی بیوی سے جو لڑکیاں ہوئیں ان کا عقد دو سری بیوی کے بھائیو ں سے جائز ہے؟(یاسین ،لاہور)
جواب : صورت مذکورہ میں ان دونوں کے درمیان نکاح درست ہے۔
نکاح خوانی کی اجرت
سوال : نکاح پڑھانے کیلئے پیسے ،تحفہ یانذانہ وصول کرناجائزہے؟ (ثناء اللہ بھٹہ ،راولپنڈی)
جواب:نکاح خوانی پر اجرت لینا شرعاً جائز ہے، شرط یہ ہے کہ اجرت طے ہو۔ کوئی شخص طے شدہ اجرت سے کچھ زیادہ دیدے تو نکاح پڑھانے والے کیلئے یہ زائد رقم بھی لینا شرعاً ًدرست ہے۔ جبر یا دبائو کے ذریعے سے رقم لینا جائز نہیں۔ نیز اگر نکاح خواں کو دلہن والے بلاکر لائیں اور اجرت دلہا والوں سے دلوائیں تویہ لینا جائز نہیں کیونکہ اجرت بلانے والے کے ذمے ہے اس کاباردوسرے پرڈالنا جائز نہیں۔(محمودیہ 17؍97، امداد الفتاویٰ 2؍278 وامدادالمفتین 868)