قومی کھیل،بحالی کی نئی امیدیں

گرین شرٹس نے ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ کافائنل کھیل کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان میں ابھی ہاکی ختم نہیں ہوئی۔ اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں وکٹری سٹینڈ پر پہنچنا قومی کھیل کی بحالی کے لئے امید کی ایک نئی کرن ہے۔
ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ ایک بین الاقوامی فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ ہے جو ہر سال انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ہوتا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فاتح مردوں کی ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے کوالیفائی کرتا ہے۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونے والا یہ ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ کا تیسرا ایڈیش تھا۔ نیوزی لینڈ جس کا فاتح قرار پایا۔ فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا اور قومی ٹیم رنر اپ رہی۔نیوزی لینڈ نے پول میچ میں بھی پاکستان کو شکست دی تھی، تاہم پاکستان آخری میچ ہار کر بھی پول میں دوسری پوزیشن پر رہا ہے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے 4، 4 پوائنٹس برابرتھے، دونوں کی فتوحات بھی برابر تھیں، جبکہ دونوں ملکوں کا گول کا فرق بھی برابر ہی تھا۔ ابتدائی تین مراحل میں برابری کے بعد پاکستان کو زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر برتری ملی۔ پاکستان نے مجموعی طور پر9 گول کیے، جبکہ ملائیشیا کے مجموعی گول کی تعداد8 رہی۔
نیشنز کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیااور اپنا اعزاز برقرار رکھا۔نیوزی لینڈ نے ابتدائی منٹوں میں 2 مرتبہ گیند پاکستان کے جال میں پہنچائی، یہ گولز فاؤل قرار دے کر مسترد کیے گئے۔نیوزی لینڈ نے میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان کے خلاف پہلا گول کیا اور پندرہویں منٹ ایک اور گول کرکے برتری 0-2 کردی، جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
پہلے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کے تینوں ریویو کامیاب رہے، پہلے دو گول قرار دینے پر ریویو لیا جو گول مسترد کردیے گئے جبکہ پاکستان کے خلاف امپائر نے پنالٹی اسٹروک دیا، جس کے خلاف ریویو لیا، وہ بھی کامیاب ہوا، ریفری کو اسٹروک کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔
نیوزی لینڈ نے تیسرا گول دوسرے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں بنایا، اسی کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے مزید 2 گول کرکے برتری کو 0-5 کر دیا۔تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے اپنا پہلا گول کرکے خسارے کو کم کر 1-5 کر دیا۔اس سے قبل سابق اولمپئنز نے پاکستانی ٹیم کو فائنل میں اٹیکنگ ہاکی کھیلنے کا مشورہ دیا۔
یاد رہے پاکستان نے جمعہ کے روز سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے بعد فرانس کو ہرا یا تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو شکست دی تھی۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو پینالٹی شوٹ آوٹس پر شکست سے دوچار کیا۔ مقررہ وقت میں پاکستان اور فرانس کا میچ 3-3 سے برابر رہاتھا۔ یہ میچ ایک اعصاب شکن اور انتہائی دلچسپ مقابلہ تھا، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان بہترین ہاکی اور سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں اطراف سے کھیل کے دوران حملہ آور مزاج اوراچھے کھیل کا مظاہرہ کیاگیا، جس کے نتیجے میں مقررہ وقت تک میچ برابر رہا تاہم شوٹ آئوٹ میں پاکستان نے اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا۔ گرین شرٹس نے تین گول کیے ، جبکہ قومی گول کیپر اکمل حسین نے فرانس کی ایک کوشش ناکام بناکر پاکستان کو فتح دلادی۔
ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں پر ماہرانہ نظر ڈالی جائے تو سب سے اچھی بات فارورڈ لائن کا اچھا کھیل ہے، ٹورنامنٹ میں پاکستانی فارورڈز حنان، ندیم، رانا وحید اور غضنفر نے بڑے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم ہمارے کوچز کو ٹیم کے دفاع کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ میں سب سے زیادہ کارڈز پاکستانی کھلاڑیوں کو ملے اور اس طرح ٹیم کو ایک کھلاڑی کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
حالیہ ٹورنامنٹ میں ہم نے دیکھا کہ دیگر ٹیموں کے مقابلے میں پاکستانی کوچز نے اپنے کھلاڑیوں کو مسلسل زیادہ کھلایا جس کی وجہ سے وہ چوتھے کوارٹر میں تھکن کا شکار ہو جاتے اور ٹیم کی کارکردگی پر اثر پڑتا، اگر کھلاڑیوں کو بروقت تبدیل کرکے ساتھ ساتھ ریسٹ دی جائے تو اس طرح شروع سے آخر تک ٹیم کو ردھم برقرار رہ سکتا ہے۔کھلاڑیوں کی معمولی غلطیوں پر قابو پاکر مضبوط ٹیم کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔
طویل عرصہ تک ہاکی کے عالمی میدانوں پر حکمرانی کرنے والی گرین شرٹس (پاکستان ہاکی ٹیم) کھیلوں میں بڑھتی ہوئی سیاست اور ارباب اختیار کے مبینہ مفادات کی بدولت تقریباً تین دہائیوں سے زوال پذیر رہی، جس سے قومی کھیل کو بڑا نقصان پہنچا۔
حکومت کو چاہئے کہ قومی ہاکی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے، ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں فوری بحال کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو روزگار ملے اور دوبارہ پاکستان میں ہاکی فروغ پاسکے۔ سپانسرز کو بھی قومی کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ملنے والی گرانٹس زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں پر خرچ ہوں اور فیڈریشن عہدیداران کے غیر ضروری بیرونی دوروں پر پابندی عائد ہونی چاہئے جبکہ کھلاڑیوں اور عہدیداران کا ڈیلی الائونس بھی یکساں ہونا چاہئے۔پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ٹریننگ کیمپس زیادہ لگائے جائیں اور ان میں کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات دی جائیںتو یقینا پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتاہے۔
نیشن کپ کی تاریخ
ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ کی بنیاد 2019 ء میں رکھی گئی تھی۔
پہلا ایڈیشن : پہلا ایڈیشن نومبر 2022 ء میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا تھا، جس میں میزبان جنوبی افریقہ نے فائنل میں آئرلینڈ کو شکست دے کر پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دوسرا ایڈیشن: پولینڈ میں منعقدہ دوسرے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ نے فرانس کو شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔
تیسرا ایڈیشن: تیسرے ایڈیشن کا فائنل ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔