مسائل اور ان کا حل
مہر قسطوں میں ادا کرنا سوال :کیاحق مہر قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے؟ (جواد،لاہور) جواب : اگر شوہر تنگ دست ہو نے کی وجہ سے مہر کی رقم یک مشت ادا نہ کرسکے تو قسطوں میں ادا کرسکتا ہے۔ قسطوں کا تعین فریقین کی باہمی رضامندی سے کرلیں۔
بالغ بیٹے کے نان ونفقہ اور
شادی کے اخراجات کاشرعی حکم
سوال :جب بیٹا بالغ اور کمانے کے قابل ہوجائے، کام بھی جانتا ہو تو کیا اسے خرچہ وغیرہ دینا یا اس کے نان ونفقہ کی یا اس کی شادی وغیرہ کرانے کا پورا خرچہ کرنے کی ذمہ داری باپ پر عائد ہوتی ہے ؟ (ابراہیم، کراچی)
جواب :بالغ بیٹے کا نان ونفقہ نیز اس کی شادی کے اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری شرعاً باپ پر واجب نہیں ہے۔ تاہم اگر باپ اپنی طرف سے یہ خرچہ کرنا چاہے تو یہ باپ کی طرف سے احسان ہو گا۔ ( وفی الھندیہ، ج1، ص563)
قسم کا کفارہ
سوال:ایک شخص نے قسم کھائی کہ وہ اپنے دوست سے بات نہیں کرے گا مگر اس نے دوست سے بات کرلی اور قسم توڑ دی۔ براہ کرم یہ بتائیے کہ قسم کا کیا کفارہ ہوتا ہے؟(طاہرمحمود ،اسلام آباد)
جواب:مذکورہ صورت میں قسم کا کفارہ ادا کرنا لازم ہے۔ قسم کا کفارہ یہ ہے کہ 10 مسکینوں کو صبح شام کھانا کھلایاجائے۔ یا 10 مسکینوں میں سے ہر مسکین کو پونے دو کلو (احتیاطاً 2کلو گندم یا گندم کا خالص آٹا یا اس کی رقم دے دی جائے) یا 10 مسکینوں میں سے ہر ایک کو ایک ایک کپڑا جوڑا دے دیاجائے۔ اگر قسم کھانے والا شخص ان میں سے کسی کام کی اطاعت نہیں رکھتا تو پھر قسم کی کفارے کی نیت سے مسلسل 3روز تک روزہ رکھے۔(سورۃ المائدہ: 89)
بیوی کو جیب خرچ دینے کا معاملہ
سوال:میرے شوہر میرے نان و نفقہ یعنی کھانے پینے اور کپڑوں وغیرہ کا تو خیال رکھتے ہیں لیکن الگ سے جیب خرچ باقاعدگی سے نہیں دیتے۔ پوچھنا یہ ہے کہ نان و نفقہ میں جیب خرچ بھی شامل ہے یا نہیں۔ کیا بیوی اپنے شوہر کو جیب خرچ دینے پر شرعاً مجبور کرسکتی ہے یا نہیں؟ (ابراہیم جوہری، کوئٹہ)۔
جواب:شوہر پر اپنی مالی استطاعت کے مطابق بیوی کا نان و نفقہ(کھانا ،پینا، کپڑے اور رہائش) دینا واجب ہے (سورۃ البقرہ: 233)۔ نفقہ کے علاوہ علیحدہ سے جیب خرچ کا واجب ہونا کسی شرعی دلیل سے ثابت نہیں ہے۔ بیوی کا اپنے شوہر کو نفقہ کے علاوہ علیحدہ سے جیب خرچ دینے پر مجبور کرنا درست نہیں ہے، تاہم میاں بیوی کے تعلقات چونکہ محبت اور شفقت پر مبنی ہوتے ہیں، اس لئے شوہر کیلئے بیوی کو نفقہ کے علاوہ کچھ اضافی رقم حسب توفیق اور دستور کے مطابق بطور جیب خرچ دے دینا بہتر و مناسب ہے، تاکہ وہ باوقت ضرورت یا شوہر کی غیر موجودگی میں اپنی ضرورت کو پورا کرسکے۔ بیوی کو بھی شوہر سے اس کی استطاعت سے زیادہ نان و نفقہ کے تقاضے یا غیر ضروری مطالبات کرنے سے گریز کرنا چاہیے ۔
چچا زاد وماموں زاد سے نکاح
سوال : چچا،ماموں یا خالہ کی بیٹی کے ساتھ نکاح کرنا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟ (اکبر، وزیر آباد)
جواب: چچا،ماموں یا خالہ کی بیٹی سے نکاح شرعاً جائزہے،بشرطیکہ کوئی اور سبب حرمت مثلاً رضاعت (دودھ کا رشتہ ) یا مصاہرت نہ پایا جائے۔
نواسا،نواسی کوزکوٰۃ دینا
سوال:میری بیٹی غریب ہے کہتے ہیں کہ بیٹی، نواسا،نواسی کوزکوٰۃدیناواجب نہیں،آپ اس بارے میں رہنمائی کریں(نعمان، لاہور)
جواب:اگرسوال کامطلب یہ ہوکہ نانا،نانی اپنے نواسا،نواسی کوزکوٰۃ دے سکتے ہیںیانہیں؟ تو واضح ہوکہ نانا، نانی اپنے نواسا، نواسی اوربیٹی کوزکوٰۃ نہیں دے سکتے اگرچہ وہ کتنے ہی غریب ہوں۔ البتہ نواسا،نواسی کے باپ کوزکوٰۃ دے سکتے ہیں بشرطیکہ وہ مستحق زکوٰۃ ہو۔سوال کا مطلب کچھ اور ہو تو دوبارہ لکھ کردریافت کرلیں۔
بغیر گواہوں کے نکاح
سوال :کیابغیر گواہوں کے نکاح ہوجاتا ہے؟ اگر کسی مجلس میں دو گواہ موجود نہ ہوں تو کیا میاں بیوی کے ایجاب وقبول سے نکاح شرعاً درست ہوجاتا ہے یا نہیں ؟(گل خان، اسلام آباد)۔
جواب :نکاح درست ہونے کیلئے باقاعدہ دو گواہوں کا موجود ہونا شرط ہے۔ اگر نکاح کی مجلس میں دو گواہ موجود نہیں ہوں گے تو نکاح نہیں ہو گا۔ (وفی البحر الرائق، ج3، ص88)
مخصوص ایام میں آیت کریمہ پڑھنا
سوال: کیا خواتین مخصوص ایام میں آیت کریمہ وظیفے کی نیت سے پڑھ سکتی ہیں؟ (طاہرہ بتول ،کراچی)
جواب: یہ آیت کریمہ دعا اور حمدو ثناء پر مشتمل ہے لہٰذا اسے مخصوص ایام میں وظیفے اور ذکر کی نیت سے خواتین پڑھ سکتی ہیں تاہم تلاوت کی نیت سے پڑھنا جائز نہیں۔
والدین کے حکم پر خلع لینا
سوال: کیا والدین کے حکم پر عورت کو اپنے شوہر سے خلع حاصل کرنا ضروری ہوگا؟
جواب: محض والدین کے حکم پر عورت کیلئے اپنے شوہر سے خلع لینا جائز نہیں بلکہ صرف اس صورت میں جائز ہے جبکہ عورت خود اس نتیجے پر پہنچے کہ شوہرکے ساتھ میرا نبھاؤ ممکن نہیں ہے (امداد الاحکام، ج 2، ص 276)۔