مسائل اور ان کا حل
نان ونفقہ یا مارپیٹ پر خلع یا فسخ نکاح کا معاملہ سوال:اگر شوہر عورت پر ظلم کرے، گھر کا خرچہ بھی نہ دے اور اس پر گندے الزامات لگائے۔ اس صورت میں عورت کو کیا حق حاصل ہے؟ ان کی شادی کو20سال گزرچکے ہیں مگر بار بار سمجھانے پربھی آدمی ٹھیک نہیں ہوتا اور نہ طلاق دیتا ہے۔ کیااب عورت خلع لے سکتی ہے؟ (محمد شفیق ،لاہور)
جواب: شوہرکی رضامندی کے بغیرخلع نہیں ہوتا۔تاہم اگرکسی عورت کووہ صورت پیش آئے جو سوال میں مذکور ہے کہ شوہرانتہائی مار پیٹ کرتا ہے یا نان ونفقہ نہیں دیتاتواس سے خلاصی کیلئے پہلے تواس بات کی کوشش کی جائے کہ شوہر کو خدا کا خوف دلا کراس بات پرآمادہ کیا جائے کہ وہ ازخود طلاق دیدے۔اگروہ اس پر راضی نہ ہوتوخلع کر لیں مثلاًاپنا مہرمعاف کر کے یااورکوئی مال کی پیشکش کرکے اس سے طلاق حاصل کریں۔ اگروہ اس پربھی آمادہ نہ ہو تو ایسی صورت میں عورت کیلئے جائزہے کہ کسی مسلمان قاضی کی عدالت میں دعویٰ دائرکرکے پہلے یہ ثابت کرے کہ میرانکاح فلاں شخص کے ساتھ ہوا تھااوروہ ظلم وتشددکرتاہے یانان ونفقہ کی ادائیگی نہیں کرتا،پھرقاضی معاملات کی شرعی تحقیق کے بعد ’ضرب شدید‘‘یاتعنت (نان و نفقہ کی عدم ادائیگی ) کی بناء پرنکاح فسخ کر سکتاہے ۔ مذکورہ تفصیل کے مطابق نکاح فسخ ہونے کے بعد عورت اپنی عدت پوری کرکے دوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے ۔ (کذافی فتاویٰ عثمانی ،2؍470)
عاق کرنا
سوال :عاق کرنا کیسا ہے؟ کیا کوئی والد اپنے بیٹے کو عاق کرسکتا ہے؟ کیا پھر اس کو میراث سے حصہ ملے گا یا نہیں ؟(عابد، کراچی)
جواب :عاق کرنے کی شرعاً کوئی حیثیت نہیں ہے یعنی عاق کرنے سے کوئی وارث محروم نہیں ہوتا۔
نکاح کا معاملہ
سوال:زاہد کی2بیویاں ہیں۔کیا پہلی بیوی سے جو لڑکیاں ہوئیں ان کا عقد دوسری بیوی کے بھائیو ں سے جائز ہے؟ (یاسین، لاہور)
جواب : صورت مذکورہ میں ان دونوں کے درمیان نکاح درست ہے۔
قرآنی آیات کو جانوروں
کی تصویر کی شکل میں لکھنا
سوال :قرآنی آیات کو اس طرح لکھنا کہ اس سے جانوروں مثلا ًمور،یا گھوڑے کی تصویربن جائے ، تو کیا شرعاً یہ جائز ہے؟(عاصم )
جواب :قرآنی آیات کو اس طرح لکھنا جس سے جانوروں کی تصویر بن جائے ناجائز اور گنا ہ ہے۔ اس سے اجتناب برتنا لازم ہے ۔
پرندے پالنا
سوال :پرندے شوقیہ یا کاروبار کی نیت سے گھر کے اندر پنجرے میں پالنا جائز ہے یا نہیں ؟ (محمد احمد یونس، کراچی)
جواب:پرندوں کو گھر کے اندر پالنا درج ذیل شرائط کے تحت جائز ہے۔(1)اس کا پنجرہ بڑااور کشادہ ہو ،(2) اس کے پالنے میں کسی دوسرے شخص کو تکلیف نہ ہو۔(3) اس کے ذریعے دوسرے کے پرندے کو پکڑنا مقصود نہ ہو، (4) اس کی خوراک کا صحیح انتظام کیا جائے۔
خانہ کعبہ کی تصویر والی
جائے نماز پر بیٹھنا
سوال :جس مصلیٰ پر خانہ کعبہ کا نقشہ ہو اس پر پائوں رکھ کر بیٹھنا درست ہے؟ (وحید الرحمن، اسلام آباد)
جواب :اس میں بے ادبی کا شبہ ہے لہٰذا بہتر ہے کہ اس سے بچا جائے ۔
حفاظتی اسلحہ پر زکوٰۃ
سوال :حفاظت کیلئے جو اسلحہ بندوق وغیرہ قانون کے مطابق لائسنس یافتہ گھر میں رکھا ہو، کیا اس پر بھی زکوٰۃ لاگو ہوگی ؟(نصیر، لاہور)
جواب :حفاظتی بندوق یاحفاظتی اسلحہ پر زکوٰۃ واجب نہیں ۔
دورانِ خطبہ ٔجمعہ4 سنتیں پڑھنا
سوال :اگر پہلے سنتیں نہیں پڑھ سکا تو کیا خطبۂ جمعہ کے دوران سنتیں پڑھ سکتے ہیں یا نہیں ؟
جواب : خطبہ کے وقت سنتیں نہ پڑھیں جمعہ کی نماز کے بعد پڑھ سکتے ہیں۔ (درمختار ج1 ص4)
بیٹے کا نام محمد حسیب رکھنا
سوال: 2بیٹیوں کے بعد اللہ پاک نے مجھے بیٹے سے نوازا ہے میں نے اسکا نام محمد حسیب رکھا ہے۔ کیا یہ نام درست ہے ؟(ناجیہ نورین، لاہور)
جواب :جی ہاں درست ہے ۔
نکاح کے وقت دولہا سے کلمہ پڑھوانا
سوال :کیا نکاح کے وقت دولہا سے کلمہ پڑھوانا ضروری ہے ؟اور کلمہ نہ پڑھوایا جائے تو نکاح درست ہوجائیگا یا نہیں ؟
جواب :نکاح کے وقت کلمہ پڑھوانا نکاح کی شرائط میں سے نہیں ہے لہٰذا عام حالات میں ہر ایک سے بوقت نکاح کلمہ پڑھوانا یا اسے لازم سمجھنا شرعاً درست نہیں ۔
خرگوش حلال ہے
سوال : کیا خرگوش کھانا جائز ہے ؟ (جاوید، کراچی)
جواب :خرگوش حلال ہے اور آپ ﷺ سے خرگوش کا گوشت تناول فرمانا صحیح احادیث سے ثابت ہے۔ (صحیح بخاری 1ص350)
نشے کی حالت میں طلاق
سوال :نشے کی حالت میں طلاق کا مسئلہ واضح فرمادیں کیا کوئی شخص نشے کی حالت میں بیوی کو طلاق دے تو کیا وہ طلاق واقع ہوجائیگی ؟ (جویریہ، حیدرآباد)
جواب :نشے کی حالت میں طلاق دینے سے بھی طلاق واقع جاتی ہے ۔