وزیر اعظم افتخار گیلانی کی لیپہ میں کھلی کچہری
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہفتہ اور اتوار کو لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دشوار گزار وادی لیپہ پہنچ کر عوام کے مسائل سنے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے وعدے کیے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی کے اس دو روزہ دورے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ تھی کہ لیپہ کے عوام عرصہ دراز سے سفری مشکلات، بنیادی سہولتوں کی کمی، عدالتی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سردی کے باوجود رات گئے کھلی کچہری منعقد کی جہاں مقامی لوگوں نے براہ راست اپنے مسائل اور مشکلات ان کے سامنے رکھے۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو شکایات کے ازالے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے قیام، لیپہ بار ایسوسی ایشن کے لیے عمارت، کپہ گلی بازار کے آتش زدگان کی مالی معاونت اور لیپہ بائی پاس کی تعمیر جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ بائی پاس منصوبہ پہلے سے کیے گئے سروے کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا اور متاثرین کی امداد کے لیے قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان اعلانات سے مقامی آبادی میں امید پیدا ہوئی ہے تاہم اصل امتحان ان وعدوں کو عملی شکل دینے کا ہے۔لیپہ جیسے سرحدی علاقے میں ترقیاتی کام صرف تعمیر و ترقی کا معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی ، عوامی اعتماد اور ریاستی ذمہ داری سے بھی جڑا ہوا ہے۔ وادی لیپہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے شہری غیر معمولی حالات میں زندگی گزارتے ہیں۔ انہیں سڑک، صحت، تعلیم، مواصلات اور روزگار کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کے دورے کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
اب لیپہ کے لوگ یہ دیکھنا چاہیں گے کہ کھلی کچہری میں دی گئی ہدایات کتنی جلد عملی اقدامات میں تبدیل ہوتی ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگ اس لیے سکون سے سوتے ہیں کہ سرحدوں کے محافظ جاگ رہے ہوتے ہیں۔ یہ پیغام بھی اہم تھا کہ سرحدی علاقوں کے عوام اور دفاعِ وطن کے لیے ذمہ داریاں انجام دینے والے ادارے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ تاہم سرحدی آبادی کی محرومیوں کا ازالہ بھی اسی قومی یکجہتی کا لازمی تقاضا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ ریاست میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے صفوں میں موجود انتشار پسند عناصر کی نشاندہی اور ان کی حوصلہ شکنی ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے تاہم ان کے حصول کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار بھی قابل قبول اور ذمہ دارانہ ہونا چاہیے۔ ایسی گفتگو اور طرزِ عمل سے اجتناب کرنا ہوگا جو ریاست میں انتشار اور بے چینی کو فروغ دے۔وادی لیپہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے لائن آف کنٹرول کے قریب آباد عوام کے عزم، حوصلے اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج بھی ان کے حوصلے پست نہیں کرسکی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری صفوں میں بعض ایسے عناصر شامل ہوچکے ہیں جو اپنے ذاتی مفادات اور مقاصد کے لیے انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے عناصر کی سرگرمیاں تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہی ہیں اس لیے ان کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔وزیر اعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا فون آیا تو انہوں نے انہیں اپنی وادی لیپہ میں موجودگی سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے اس موقع پر وادی کے عوام کے لیے سلام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وادی لیپہ کو سیاحتی مرکز بنانے کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔ یہ علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور ملک بھر کے لوگ اس کی خوبصورتی دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے قابل عمل منصوبے متعارف کرائے گی جن سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور لوگ باعزت طریقے سے معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ علاقے سے بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ سڑکوں سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ لیپہ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے، مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم بچوں کو پاکستان کی بہترین سرکاری اور ٹاپ نجی یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوائی جائے گی۔ ادھرآزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر راجہ محمد ذوالقرنین خان ہفتے کے روز مختصر علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔سابق صدر کے انتقال پر حکومت آزاد کشمیر نے اتوار کے روز سرکاری سطح پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ۔راجہ ذوالقرنین خان نے60 ء کی دہائی میں عملی سیاست میں قدم رکھا تھا۔ اگست 2006 ء میں مسلم کانفرنس نے انہیں آزاد کشمیر کا صدر منتخب کیا۔ وہ اگست 2011 ء تک اس منصب پر فائز رہے۔
وزیر اعظم افتخار گیلانی اورآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری طارق فاروق نے راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال کو جموں و کشمیر کے سیاسی، پارلیمانی اور سماجی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ راجہ ذوالقرنین خان تاریخی گھرانے سے رکھنے والے باصلاحیت رہنما اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے، ان کی سیاسی جدوجہد، قومی خدمات اور عوامی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments