وفاقی و صوبائی تعاون ناگزیر

تحریر : عرفان سعید


بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں گیس کی عدم فراہمی، کم پریشر اور زیادہ بلوں پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی تشویش قابلِ توجہ ہے۔

 پارلیمانی سیکرٹری صمد گورگیج نے کہا کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ کوئٹہ میں گیس بحران شدت اختیار کر رہا ہے، شہریوں کو گیس نہیں مل رہی جبکہ بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ نے خواتین کی جانب سے شکایات موصول ہونے اور گھریلو مشکلات کا ذکر کیا۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کبھی ملک کی 80 فیصد گیس پیدا کرتا تھا لیکن اب پیداوار کم ہوکر 15 فیصد تک آگئی ہے۔صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمد متاثر ہوئی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا ہے۔ میر صادق عمرانی نے بھاری بلوں کا مسئلہ بیان کیا۔ علی مدد جتک نے سریاب میں گیس کی عدم فراہمی اور کم آمدنی والے شہریوں کو بھاری بل بھیجنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ رحمت صالح بلوچ نے سرحدی پٹی کو بلوچستان کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے چمن سے گوادر تک سرحدی راستے کھولنے کا مطالبہ کیا۔ نور محمد دمڑ نے زیارت میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث قیمتی جنگلات کی کٹائی پر تشویش ظاہر کی۔ ظفر آغا نے وفاقی حکومت کی یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی نشاندہی کی جبکہ اصغر ترین اور ملک نعیم بازئی نے گیس اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی۔ ان تمام اراکین کی شکایات اس بات کا ثبوت ہے کہ گیس بحران سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر حل طلب ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو صارفین کی شکایات دور کرنے، درست بلنگ اور دستیاب گیس کی منصفانہ فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت کے واقعات نے عوام  میں عدم تحفظ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے آبائی علاقوں سے لوگوں کی منتقلی کے بجائے ان کے تحفظ، روزگار اور بنیادی  ضروریات یقینی بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اپنی زمینوں، گھروں اور آباؤاجداد کی قبروں سے  جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ امن و امان کی بہتری کے لیے اقدامات کرے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے امکانات پیدا کرے۔

دوسری جانب بلوچستان کے پہلے جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک ہسپتال کی تکمیل آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ 150 بستروں پر مشتمل بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز یقیناً بلوچستان کے عوام کے لیے بڑی سہولت ہے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کہتے ہیں کہ ہسپتال کے قیام سے صوبے کے مریضوں کو علاج کے لیے دیگر صوبوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال صحت کے شعبہ میں اہم منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ ادارے کے سربراہ ممتاز ماہر امراض قلب ڈاکٹر جلال خان اچکزئی کہتے ہیں کہ ہسپتال میں دل کی سرجری سمیت دل کے مریض کی تمام سروسز میسر ہوں گی۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں ہسپتال سے منسلک تین سیٹلائٹ مراکز فعال کیے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کا دائرہ کار تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک بڑھایا جائے گا۔ادھر گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ بلوچستان کے معاشی مستقبل کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ پاناما کے پرچم بردار بحری جہاز ایم وی گریٹ وین تاؤ کی آمد کے بعد 26 ہزار 321 میٹرک ٹن سے زائد کارگو کی ان لوڈنگ شروع ہونا بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کا مظہر ہے۔ چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کا تسلسل عالمی شپنگ کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اس سے شپنگ، لاجسٹکس اور کارگو ہینڈلنگ کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ گوادر پورٹ کو علاقائی تجارتی مرکز بنانے کی صلاحیت موجود ہے تاہم ضروری ہے کہ اس ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک بھی پہنچیں اور گوادر کے نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کی جانب سے گوادر بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار بھی اہم پیش رفت ہے۔ چیئرمین سعودی پاکستانی بزنس کونسل شہزادہ منصور ایم سعد السعود نے پاکستان کی بندرگاہوں کی تجارتی اہمیت کو سراہا اور گوادر کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی۔ چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے وفد کو بندرگاہ کی استعداد، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانسشپمنٹ اور انرجی ٹرمینلز کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ سعودی وفد کی دلچسپی پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی لوگوں کو بھی ترقیاتی عمل میں شریک کرے۔

صوبے کی ترقی کے لیے سرکاری وسائل کا شفاف استعمال بھی ناگزیر ہے۔ بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر علی ترین کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا، جس میں مالی سال 2023-24ء کے دوران 12 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کے بے قاعدہ اخراجات کی نشاندہی ہوئی۔ کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں، غیر ضروری تقرریوں، گاڑیوں کی خریداری اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے نظام پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اصغر علی ترین نے ریکوری اور متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ رکن کمیٹی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ داری متعلقہ محکموں کو سونپی جانی چاہیے تاکہ اضافی انتظامی اخراجات سے بچا جا سکے۔ کمیٹی کی جانب سے خصوصی آڈٹ اور سو فیصد ریکوری کی ہدایات قابل تحسین ہیں، تاہم ان پر عملی عملدرآمد بھی ضروری ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل کسی ایک حکومت یا سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں۔ گیس، بجلی، پانی، امن و امان، روزگار اور ترقیاتی منصوبوں کے معاملات پر وفاقی اور صوبائی حکومت، سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ گوادر کی بندرگاہ، معدنی وسائل اور سرحدی تجارت صوبے کی خوشحالی کے اہم ذرائع بن سکتے ہیں لیکن ان کے ثمرات مقامی عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سیاسی جماعتوں کو اختلافات کے باوجود عوامی مفادات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا جبکہ احتسابی اداروں کو سرکاری خزانے کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کردار ادا کرنا چاہیے۔ بلوچستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب عوام کو بنیادی سہولیات، باعزت روزگار، محفوظ ماحول، سیاسی آزادی اور اپنے وسائل پر جائز اختیار حاصل ہو۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام فریق الزام تراشی کے بجائے تعاون، مکالمے اور عملی اقدامات کو ترجیح دیں تاکہ بلوچستان امن، خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟