گورنر کا دہرا امتحان!

تحریر : عابدحمید


خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بعد سکیورٹی چیلنجز کو سنجیدگی سے لیاجارہا ہے اور اس حوالے سے مؤثراقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ خصوصی اہمیت کے حامل بارہ اضلاع پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز ہے۔

 اس حوالے سے گزشتہ روز پشاور میں اعلیٰ سطحی بریفنگ کا اہتمام کیاگیا جس میں مشیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا نے گورنر راج کے ایک ماہ بعد کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ گورنرراج کے بعد یہ بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل تھی جس کا مقصد ان مقاصد اوراقدامات کو بیان کرناتھا جس کیلئے یہ قدم اٹھایاگیا اور اس حوالے سے اب تک کیا پیشرفت ہوئی ۔ اگرچہ اب تک کئے جانے والے اقدامات ابتدائی مراحل میں ہیں لیکن کسی حد تک کچھ ٹھوس اقدامات ہوتے نظرآرہے ہیں ۔اس بریفنگ کے ذریعے یہ بات واضح کی گئی کہ موجودہ سیٹ اَپ کی اولین ترجیح امن وامان کی صورتحال ہے ،سیاسی اور عسکری قیادت اس حوالے سے ایک پیج پر ہے،ابتدائی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں ،پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے، سب سے بڑا مسئلہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کی زیر نگرانی آنے والے بارہ اضلاع ہیں جن میں آٹھ اضلاع سابق فاٹا سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ اضلاع ابھی بھی بدامنی کا شکار ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے مطابق تیرہ سالوں میں ان اضلاع میں ایک پولیس لائن بھی نہ بن سکی۔لیکن یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ تیرہ سال قبل تو یہ اضلاع خیبرپختونخوا میں ضم ہی نہیں ہوئے تھے۔ قبائلی علاقے وفاق کے زیرانتظام تھے اور 2018ء میں انہیں خیبرپختونخوا میں ضم کیاگیا۔یہ الگ بحث ہے کہ ان علاقوں میں پولیس سٹیشن کیوں نہ بن سکے اورریگولر پولیس کیوں تعینات نہیں ہوئی۔ اس پر کبھی سنجیدگی سے کام ہی نہیں کیاگیا۔قبائلی اضلاع میں سب سے بڑا مسئلہ کسی بھی عمارت کیلئے اراضی کا حصول ہے ۔اس حوالے سے مناسب قانون سازی کا کہاگیاتھا۔

یہاں مشترکہ اراضی ہے جو مختلف قبائل میں بٹی ہوئی ہے ، جب تک اس حوالے سے مناسب قانون سازی نہیں کی جاتی اورزمین کے تنازعات ختم نہیں کئے جاتے اس وقت تک یہ مسائل حائل ہوتے رہیں گے ۔ضم شدہ اضلاع کرم اور شمالی وزیرستان کے چند حصوں کے علاوہ دیگر اضلاع میں زمین کی ملکیت کا کوئی ریکارڈ نہیں۔حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی ڈیٹا بھی موجود نہیں۔ اجتماعی ملکیت اور روایتی نظام کے تحت زیادہ تر اراضی قبیلے کی اجتماعی ملکیت ہے ۔خیبرپختونخوا لینڈ ایکیوزیشن رُولز 2020ء خاص طورپر ضم شدہ اضلاع کیلئے بنائے گئے تھے۔ ان کے تحت جہاں زمین کی ملکیت کا ریکارڈ نہ ہو وہاں مقامی روایات اور رسوم کے مطابق زمین کی ملکیت اور قیمت کا تعین کیاجاتا ہے ۔اس کیلئے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیشن بنایاجاتا ہے جس میں قبائلی عمائدین بھی شامل ہوتے ہیں۔لیکن ابھی تک ان علاقوں میں اراضی کا حصول ایک چیلنج ہے ۔اب وفاق کے زیرنگران ان علاقوں میں اس حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ ضلع کرم میں اراضی کے یہی مسائل اکثر جان لیوا تنازعات کا سبب بن جاتے ہیں اور اکثر وبیشتر اراضی کے تنازعات پر قبائل کے مابین شروع ہونے والے جھگڑوں کو مذہبی منافرت کی شکل دے دی جاتی ہے ۔چونکہ ان اضلاع کا انتظام وانصرام اب وفاق خود دیکھ رہا ہے تواس حوالے سے امید کی جارہی ہے کہ اب مناسب اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔

ایک طرف ایمرجنسی والے بارہ اضلاع میں امن وامان کے قیام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب دیگر اضلاع میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کی معزول حکومت پر ایک الزام گورننس کو نظرانداز کرنے کا بھی تھا ۔ تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں اسی پیرائے میں کی جارہی ہیں ۔جے یو آئی کا مفتی محمود مرکز  بھی تجاوزات کی زد میں آگیا جسے جے یو آئی کی جانب سے سیاسی انتقام قراردیاجارہا ہے ۔تادم تحریر جے یوآئی مرکز کی حفاظت کیلئے درجنوں رضاکار وہاں جمع ہیں۔ گزشتہ روز جے یوآئی کی جانب سے الزام عائد کیاگیا کہ ان کے مرکز کی بجلی بند کردی گئی ہے تاہم پیسکو ترجمان کی جانب سے اس کی تردیدآگئی ۔مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت کی جانب سے اب بیانات میں کافی تیزی آگئی ہے ۔جے یو آئی کو خیبرپختونخوا میں تنظیمی سطح پر بھی فعال کردیاگیا ہے لیکن کیا مولانا فضل الرحمن یا ان کے کسی عزیز ورشتہ دار پر ہاتھ ڈالاجاتا ہے تو اس کا ردعمل نومئی جیسا ہوگا؟یا ہوسکتا ہے؟اس کا جواب دینامشکل ہے۔ جے یو آئی کی جانب سے آج تک جتنے بھی مظاہرے یادھرنے کئے گئے وہ پرامن رہے ہیں۔ مرکز میں جس وقت پی ٹی آئی کی حکومت تھی مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کیاگیاتھا ۔مگراس حوالے سے ان کیلئے کسی بھی  قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی تھی۔اس وقت بھی کہاگیاتھاکہ مولانا فضل الرحمن کے اسلام آبادمارچ کے پیچھے پس پردہ قوتیں ہیں جنہوں نے آسانی سے اسلام آباد پہنچنے دیاابھی بھی یہی کہاجارہا ہے ۔

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا واریئر اور کارکن ایک طرف اس صورتحال سے خوش ہیں ،خاص کر وہ کارکن جو اپنی جماعت کی قیادت سے مایوس ہوچکے ہیں، تاہم دوسری جانب ان کے شکوک وشبہات بھی برقرار ہیں ۔ہمیشہ اقتدار میں رہنے اور  مقتدرہ کا ساتھ دینے والے مولانا فضل الرحمن اچانک اس حد تک چلے جائیں گے یہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کیلئے بآسانی ہضم ہونے والی بات نہیں ۔اس شک کابھی اظہار کیاجارہاہے کہ یہ سب مولانا کے ووٹ بینک کوبڑھانے کیلئے کیاجارہا ہے۔ دیکھا جائے تو مولانا فضل الرحمن کی جماعت اس وقت پی ٹی آئی کے بعد دوسری بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا ووٹ بینک بھی زیادہ ہے۔ اگراس جماعت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں کوئی تحریک شروع کردی جاتی ہے تو گورنر راج کے سب سے زیادہ خواہشمند گورنر صاحب کی توجہ یقینی طورپر بٹ جائے گی ۔اب تو انہیں وزیراعلیٰ کے اختیارات بھی دے دیئے گئے ہیں، دیکھنا ہوگا کہ وہ اس صورتحال سے کیسے نمٹتے ہیں اور جس جماعت یعنی پیپلزپارٹی سے ان کا تعلق ہے وہاں سے ان کیلئے کیا ہدایات آتی ہیں ۔یہ یقینی طورپر گورنر فیصل کریم کنڈی کیلئے ایک مشکل صورتحال ہوگی ۔ایک طرف انہیں امن وامان بحال رکھنے کیلئے سخت اقدامات کا کہاجاسکتا ہے، دوسری جانب اس بات کابھی امکان ہے کہ پیپلزپارٹی انہیں اس حد تک جانے کی اجازت نہ دے۔ادھراے این پی کی جانب سے بھی گزشتہ سے پیوستہ ہفتے چند تندوتیز بیانات آئے تھے تاہم اب وہاں  خاموشی چھاگئی ہے۔ اے این پی کے سربراہ ایمل ولی کی جانب سے ہرچند ماہ بعد ایسا ہی کوئی شوشہ چھوڑاجاتا ہے، چند دن تک تلخ بیانات آتے ہیں اور اس کے بعد اسی قسم کی خاموش چھاجاتی ہے ۔شاید ان کو بھی اب میڈیا میں اِن رہنے کا گرآگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟