ثاقب خان:پلیئر آف دی میچ

تحریر : محمد ارشد لئیق


غیر روایتی سفر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار آغاز

کرکٹ کی تاریخ میں بعض کھلاڑی اپنی پہلی ہی پیشی سے صلاحیتوں کا ایسا نقش چھوڑتے ہیں کہ پوری دنیا کی نظریں ان پر جم جاتی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھتے ہی سات وکٹیں حاصل کرکے ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ کا اعزاز جیتنے والے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان کی شاندار کارکردگی بھی ایک ایسی ہی یادگار مثال ہے۔ ان کی برق رفتار گیندوں، نپی تلی لائن و لینتھ اور وکٹیں لینے کی غیر معمولی صلاحیت نے نہ صرف ان کے روشن مستقبل کی نوید سنائی ہے بلکہ پاکستانی فاسٹ بولنگ کو ایک ایسا نیا ہتھیار بھی فراہم کیا ہے، جو آنے والے دنوں میں حریف بلے بازوں کیلئے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔

کرکٹ میں کامیابی کا راستہ ہمیشہ روایتی مراحل سے ہو کر نہیں گزرتا۔ بعض کھلاڑی طویل انتظار، مشکلات اور غیر معمولی جدوجہد کے بعد اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر ثاقب خان کی ٹیسٹ کرکٹ میں آمد بھی ایسی ہی ایک داستان ہے۔ 31 برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے ثاقب  کی ٹیم میں شمولیت بھی کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوئی بلکہ اچانک پیدا ہونے والی صورتحال نے ان کیلئے دروازہ کھولا۔ تین سال قبل تک جب ان کی عمر 28 برس تھی، انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا ایک بھی میچ نہیں کھیلا تھا۔ گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں کراچی بلیوز کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بنے۔

 پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے دو روز پہلے تک ان کا نام ٹیم میں شامل نہیں تھا۔ سری لنکا کے خلاف دورے کے ایک پریکٹس میچ میں عمدہ کارکردگی نے ان کی قسمت بدل دی اور انہیں قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔پہلے ٹیسٹ کی ابتداء میں پاکستانی بائولرز کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ان کے انتخاب پر سوالات اٹھنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا تھا۔پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے انہیں ابتدائی دن کی مایوس کن کارکردگی بھلا کر نئی شروعات کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کی ہدایت تھی کہ آف اسٹمپ کے قریب مستقل مزاجی سے گیند کرائی جائے تاکہ پچ سے ملنے والی سائیڈ وے موومنٹ سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ثاقب نے اس مشورے پر عمل کیا۔اگلی صبح ان کی محنت اور امیدوں کو رنگ لانے میں صرف پانچ گیندیں لگیں۔ راولپنڈی میں بادل چھائے ہوئے تھے اور موسم فاسٹ بولرز کیلئے سازگار دکھائی دے رہا تھا۔ ثاقب نے آف اسٹمپ کے قریب بہترین لائن اور لینتھ پر گیند کرائی، جو پہلے دھننجایا ڈی سلوا کی جانب اندر آئی اور پھر باہر کی طرف نکل گئی۔ ڈی سلوا اس گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے اور یوں سری لنکا کی 249 رنز کی پانچویں وکٹ کی شراکت ٹوٹ گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی بولرز گزشتہ روز 241 گیندیں کرانے کے باوجود ڈی سلوا کو آؤٹ نہیں کر سکے تھے۔

ثاقب نے جلد ہی اپنی دوسری اہم کامیابی بھی حاصل کر لی۔ کوشل مینڈس، جو ڈی سلوا کے ساتھ طویل وقت سے کریز پر موجود تھے، ان کی سوئنگ ہوتی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ گیند بلے کا کنارہ لیتی ہوئی پہلی سلپ کی جانب گئی، جہاں غازی غوری نے شاندار کیچ پکڑ لیا۔

موسم اور پچ کی سازگاری کے باوجود دوسرے بولرز، حتیٰ کہ عباس بھی، ایسی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ دوسری جانب ثاقب نے چند ہی منٹوں میں اپنی پانچویں وکٹ مکمل کی اور سری لنکا کی نچلے نمبروں کی بیٹنگ لائن کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی یہ کارکردگی اس لیے بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستانی بولرز نچلے نمبروں کے بیٹرز کے خلاف خاصے رنز دیتے رہے ہیں۔

ثاقب خان کا مستقبل ابھی غیر یقینی ہے۔ یہ شاندار آغاز ان کے طویل ٹیسٹ کیریئر کی بنیاد بن سکتا ہے، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ ان فاسٹ بولرز میں شامل ہو جائیں جنہیں کچھ عرصے بعد صرف مختصر بین الاقوامی سفر کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہے۔ تاہم، ان کے ڈیبیو نے یہ ضرور ثابت کر دیا ہے کہ صلاحیت کو موقع مل جائے تو غیر روایتی راستوں سے آنے والے کھلاڑی بھی بڑے میدانوں میں اپنی شناخت بنا سکتے ہیں۔ اگر ثاقب کا ٹیسٹ سفر مختصر بھی رہا تو اپنی پہلی ہی آزمائش میں پانچ وکٹیں لے کر انہوں نے اسے یادگار ضرور بنا دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟