پہلا ٹیسٹ:سنسنی اور نشیب و فراز سے بھرپور

تحریر : زاہداعوان


پاکستان، سری لنکا ٹیسٹ سیریز2026ء:پہلا ٹیسٹ ڈرا، نگاہیں17 سے 21 نومبر تک شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ پر مرکوز ہو گئیں:دوسرے ٹیسٹ میچ کی لاہور سے راولپنڈی منتقلی نے نہ صرف سیریز کے جغرافیائی منظرنامے کو تبدیل کر دیا بلکہ دونوں ٹیموں کی حکمت عملی، پچ کی ساخت، بولنگ کمبی نیشن اور اعصابی دبائو کے توازن کو بھی یکسر نئے رخ پر ڈال دیاہے: پاکستان کے اسپن شعبے کی کمزوری کھل کر سامنے آئی، بائیں ہاتھ کے اسپنرز عرفات منہاس اور رضا اللہ پہلی اننگز میں مجموعی طور پر47اوورز میں 232 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ سائیکل میں دونوں ٹیموں کی بقا، ساکھ اور مستقبل کی سمت متعین کرنے والا ایک فیصلہ کن معرکہ بن چکی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے سنسنی خیز اور نشیب و فراز سے بھرپور ڈرا پر اختتام کے بعد اب تمام تر نگاہیں17 سے 21نومبر تک شیڈول دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ پر مرکوز ہو گئی ہیں۔دوسرا ٹیسٹ میچ جو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، لاہور میں سموگ کی خطرناک حد تک بگڑتی ہوئی صورتحال اور فضائی آلودگی کے باعث راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے نہ صرف سیریز کے جغرافیائی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے بلکہ دونوں ٹیموں کی حکمت عملی، پچ کی ساخت، بولنگ کمبی نیشن اور اعصابی دبائو کے توازن کو بھی یکسر نئے رخ پر ڈال دیا ہے۔

 پانچ روزہ کرکٹ کی اصل خوبصورتی یہی ہوتی ہے کہ ہر سیشن نئی کہانی رقم کرتا ہے اور راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ نے ثابت کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں سے سجی پاکستانی ٹیم اور تجربہ کار سری لنکن سکواڈ کے درمیان طاقت کا توازن کس قدر باریک اور دلچسپ ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حالیہ سیریز ایسے وقت میں کھیلی جا رہی ہے جب دونوں ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نچلے درجوں سے نکلنے کی تگ و دو کر رہی ہیں۔ سری لنکا کی ٹیم ساتویں پوزیشن پر کھڑی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ گزشتہ چند برسوں کے اتار چڑھا ئوکے باعث تنزلی کا شکار ہو کرنویں نمبر پر جا پہنچی ہے۔

عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل کا جائزہ لیا جائے تو صورتحال مزید گمبھیر دکھائی دیتی ہے۔ موجودہ سائیکل میں پاکستان نے دس ٹیسٹ میچ کھیل کر صرف دو میں کامیابی حاصل کی ہے، سات میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ راولپنڈی ٹیسٹ اس کا پہلا ڈرا ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں گرین شرٹس سب سے نچلی یعنی نویں پوزیشن پر ہیں۔ اس کے برعکس سری لنکا کی ٹیم سات میچوں میں ایک فتح، دو شکستوں اور چار ڈرا میچوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ ہوم گرائونڈ پر سری لنکا کے خلاف یہ سیریز پاکستان کیلئے محض دو میچوں کا سلسلہ نہیں بلکہ اپنی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کا سنہری موقع ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں9 سے 13 نومبر تک کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کا جائزہ لیا جائے تو یہ مقابلہ ہر لمحے غیر متوقع موڑ لیتا رہا۔ سری لنکا کے کپتان کوسل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بظاہر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ صبح کی نمی اور راولپنڈی کی فضا میں فاسٹ بولرز کو ابتدائی مدد ملے گی، مگر پاکستان کی نئی نویلی اوپننگ جوڑی اذان اویس اور محمد طیب عارف نے سری لنکن بولنگ اٹیک کے عزائم پر پانی پھیر دیا۔ دونوں نوجوان اوپنرز نے پراعتماد انداز اپناتے ہوئے 86 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ طیب عارف نے محض51 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ اذان اویس نے 50گیندوں پر30 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ایک ہی اوور میں دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد جب سکور دو وکٹوں پر 90 ہوا تو پاکستان کو ایک مستحکم شراکت کی ضرورت تھی جو محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم نے فراہم کی۔کپتان بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم کی اننگز میں کلاس اور اعتماد جھلک رہا تھا مگر بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر پانے کی تشنگی بدستور برقرار رہی۔ نوجوان بلے باز محمد طحہٰ نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز بنائے اور ثابت کیا کہ وہ طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

پاکستان کی پہلی اننگز کی اصل روح رواں مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل ثابت ہوئے، جنہوں نے199 گیندوں پر 93رنز کی ذمہ دارانہ اور فنی مہارت سے بھرپور اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ وکٹ کیپر بلے باز محمد غازی غوری نے48رنز اور نوجوان آل رائونڈر عرفات منہاس نے52 رنز بنا کر نچلے مڈل آرڈر کو غیر معمولی استحکام بخشا۔ پاکستان نے 434رنز نو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر کے سری لنکا کو دبائو میں لانے کی کوشش کی۔

پاکستان کے 434رنز کے جواب میں سری لنکا کی پہلی اننگز کا آغاز کسی ڈرائونے خواب سے کم نہ تھا۔ تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس اور اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان نے نئی گیند کے ساتھ تباہ کن اسپیل کیا۔ پاسندو سوریا بندارا صفر پر محمد عباس کا شکار بنے جبکہ دنیش چندی مل محض ایک رن بنا کر ثاقب خان کی گیند پر سلپ میں سلمان علی آغا کو کیچ تھما بیٹھے۔ لاہیرو ادارا نے 42رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی ثاقب خان کے ہتھے چڑھ گئے۔155 کے مجموعی اسکور پر کامیندو مینڈس بھی 58 رنز بنا کر محمد عباس کی نپی تلی گیند بازی کا شکار ہو گئے۔ چار وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کر لے گا، لیکن یہاں سے سری لنکا کے دو سینئر ترین ستونوں دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان کوسل مینڈس نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔دھننجایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے پاکستانی بولنگ اٹیک کیخلاف چٹان کی طرح جم کر بیٹنگ کی اور پانچویں وکٹ کیلئے 249 رنز کی تاریخی شراکت قائم کی، جو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سری لنکا کی پانچویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے۔ دھننجایا ڈی سلوا نے 405منٹ کریز پر قیام کرتے ہوئے 167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دوسری جانب کپتان کوسل مینڈس نے پانچ گھنٹے تک کریز پر ڈٹے رہ کر 119 رنز اسکور کیے۔ میچ کے چوتھے روز پاکستان کے ڈیبیوٹنٹ فاسٹ بولر ثاقب خان نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جو پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ثاقب خان نے دن کے پہلے ہی اوور میں دھننجایا ڈی سلوا کوآئوٹ کر کے نہ صرف ریکارڈ شراکت توڑی بلکہ سری لنکن مڈل آرڈر میں بھونچال برپا کر دیا۔ محض چار اوورز بعد ثاقب خان نے کپتان کوسل مینڈس کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ اس کے بعد سری لنکا کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مہمان ٹیم نے اپنی آخری چھ وکٹیں محض 42رنز کے اضافے پر گنوا دیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں انفرادی کارکردگیوں کا جائزہ لیا جائے تو کئی اہم پہلو سامنے آتے ہیں جو آئندہ میچ کیلئے دونوں ٹیموں کی حکمت عملی طے کریں گے۔ پاکستان کیلئے سب سے بڑا مثبت پہلو سعود شکیل کی غیر معمولی مستقل مزاجی ہے، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ اس وقت پاکستان کے سب سے قابل بھروسہ ٹیسٹ بلے باز ہیں۔ پاکستان کے اسپن شعبے کی کمزوری کھل کر سامنے آئی،سری لنکا کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے جس آسانی کے ساتھ پاکستانی اسپنرز کے خلاف رنز بٹورے، وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم مینجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث ضرور ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

شاباش پاکستان:تیسرافارمیٹ، تیسری ٹرافی

انٹرنیشنل کرکٹ کا ہوم سیزن:پاکستان نے ٹی 20سیریز اور ون ڈے ٹرائی نیشن سیریزکے بعدٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کی

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس

بڑے نام باہر، نوجوانوں کو ترجیح: قومی کرکٹ میں فارمیٹ کی بنیاد پر نئی پالیسی کا اعلان: کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 30 سے بڑھا کر 38 کر دی گئی،21 نئے کھلاڑی فہرست میں شامل

اونچی اڑان

پیر جیون میں ایک غبارے والا رہتا تھا۔ اس کے پاس لال، پیلے، نیلے، ہرے اور ہر رنگ کے خوبصورت غبارے ہوتے تھے۔ وہ ہر روز صبح صبح اپنا سائیکل نکالتا، رنگ برنگے غبارے ہوا میں لہراتا اور چوک میں آ کر بیٹھ جاتا۔

شہد کی مکھی: ننھی معمار کا کمال

قدرت کی دنیا عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ کہیں بلند پہاڑ ہیں تو کہیں وسیع سمندر، لیکن بعض اوقات ایک ننھی سی مخلوق بھی اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے انسان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے۔

دوستی

ارے علی! دیکھو پانی کیسے اُچھل رہا ہے!حسن نے خوشی سے چلاتے ہوئے کہا۔ علی نے ہنستے ہوئے جواب دیا، ہاں یار! جیسے کوئی فوارہ ہو۔ میں تو کہتا ہوں آج اسکول جانے سے پہلے تھوڑی مستی ہوجائے!

کیا آپ جانتے ہیں؟

انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ؟