باورچی خانہ ،خاتونِ خانہ کی شخصیت کا آئینہ خانہ
اسپیشل فیچر
باورچی خانہ ہر گھر کی ضرورت ہے اس لئے اس کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال بھی نہایت ضروری ہے۔ خواتین اپنے دن کا بیشتر وقت کچن میں گزارتی ہیں اور نت نئے کھانے پکاتی ہیں۔ کھانا پکانا دراصل ایک آرٹ ہے اور آرٹسٹ کو کسی بھی تخلیقی کام کیلئے آئیڈیل ماحول کی ضرورت ہوتی ہے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر کوئی نیا شاہکار تخلیق کر سکے۔ اسی طرح خواتین کو مزیدار ڈشز تیار کرنے کیلئے آئیڈیل کچن درکار ہوتا ہے اس لئے کچن کی صفائی کو نظر انداز نہ کریں۔ اس ضمن میں چند ضروری اقدامات بتائے جارہے ہیں جن پر عملدرآمد کرکے آپ اپنے سگھڑ پن کا ثبوت دے سکتی ہیں۔ باورچی خانہ چھوٹا ہو یا بڑا ، اس میں روشنی کا مناسب انتظام کریں تاکہ کھانا پکاتے وقت آسانی رہے۔ کچن میں ڈبل سنک کوترجیح دیں تاکہ اس پر زیادہ برتن رکھے جا سکیں۔ برتن دھونے کے بعدانہیں صاف کرکے فوراً مطلوبہ جگہوں پر واپس رکھیں تاکہ زیادہ پھیلاوا نہ ہو۔ کچن کے ریکس والماریاں وغیرہ چاہے لکڑی کی ہوں یا ایلومینیم کی ان پر لیمنیٹیڈ واٹر پروف شیٹس بچھائیں ۔ وقتاً فوقتاً مائیکروویو اور اُوون وغیرہ کی تفصیلی صفائی کرتی رہیں۔ برتن کے سٹینڈ والا کیبنٹ سنک کے قریب ہونا چاہئیے، برتن دھونے کے ساتھ ہی سٹینڈ میں لگاتی جائیں۔ باورچی خانے میں مختلف چیزیں تیار کرنے مثلاً سبزی وغیرہ کاٹنے کی جگہ ہمیشہ چولہے اور برتن دھونے کی جگہ کے درمیان میں ہونی چاہئے۔ کھانا پکانے کے برتن ، کتابیں اور دیگراشیاء وغیرہ چولہے کے قریب والی الماریوں میں یا ریک(Rack)میں ترتیب سے موجود ہونی چاہئیں ، تمام مصالحے پلاسٹک کی ٹرانسپیرنٹ بوتلوں میں رکھیں تاکہ آسانی سے نظر آسکیں۔ الماریاں اور ریک ہمیشہ صاف رکھیں اگر یہ گندی ہوں گی تو تھوڑے ہی دنوں میں کیڑے اور لال بیگ وغیرہ پیدا ہو جائیں گے۔ الماریوں کو صاف رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہفتہ میں ایک بار الماریوں کے کاغذ ضرور تبدیل کریں اور ہمیشہ برائون کاغذہی استعمال کریں۔ کاغذ بچھانے سے پہلے ریک میں بورک پائوڈر چھڑک دیں اس سے لال بیگ وغیرہ نہیں آتے اور الماریاں بھی صاف رہتی ہیں۔ سنک کی نالیوں میں ہفتہ میں ایک بار کپڑے دھونے والا صابن پانی میں ابال کر ڈال دیا کریں اس طرح (نالیاں ) صاف رہتی ہیں اور کیڑے مکوڑے پیدا نہیں ہوتے۔ کوڑاکرکٹ ڈالنے کیلئے ہمیشہ ڈھکن والی ٹوکری استعمال کریں، اس میں ایک پلاسٹک کا تھیلا ضرور لگا دیں ، کوڑا وغیرہ ڈال کر بند کر دیں اس طرح آپ کو کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں آسانی ہو گی۔ چولہے رات کوہمیشہ صاف کرکے بند کیا کریں تاکہ صبح ناشتہ بناتے وقت پریشانی نہ ہو جھاڑن رات میں دھو کر پھیلا دیں تاکہ صبح کام کے وقت آپ کو جھاڑن صاف ملے۔ خیال رہے کہ کھانا پکانے کے برتن بھاری دھات کے ہونے چاہئیں ،کھانا ہمیشہ ہلکی آنچ پر پکائیں اس طرح آپ کے برتن بھی خراب نہیں ہوںگے اور چولہے بھی ٹھیک جلیں گے۔ بھاری چیزیں الماریوں کے نچلے حصے میں رکھیں جن کا استعمال کم ہوتاہے، رات میں جب کام ختم ہوجائے تو کوشش کریں کہ باورچی خانہ صاف کر لیا جائے تاکہ صبح ناشتہ بنانے کیلئے جب آپ کچن کا رخ کریں تو آپ کا موڈ فریش ہو جائے ۔ میلا کچیلا کچن اور گندے برتنوں کا انبار آپ کی طبیعت کو بوجھل کر دے گا، اور پھر سار ادن اسی کیفیت میں گزرے گا۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ باورچی خانہ شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے، یہ جس قدر صاف ستھرا اور خوبصورت ہوگا اتنا ہی گھر بھی صاف ستھرا نظر آئے گا اور آنے والے مہمان تعریف کئے بغیر رہ نہیں سکیں گے۔ ٭٭٭