کیا آپ جانتے ھیں ؟
اسپیشل فیچر
دن کے وقت درخت کے نیچے بیٹھنا صحت کے لئے نفع بخش ہے لیکن رات کے وقت درخت کے نیچے سونا نقصان دہ ہے کیوں؟
ماہرین کے مطابق درخت دن کو گندی ہوا (یعنی کاربن ڈائی آکسائیڈ ) جذب کرتے ہیں اور آکسیجن چھوڑتے ہیں جو صحت کے لئے انتہائی مفید ہے لیکن رات کو درخت آکسیجن جذب کرتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ چھوڑتے ہیںجو صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس لئے رات کودرخت کے نیچے سونا صحت کے لئے ہر گز مفید نہیں۔
کیا وجہ ہے کہ گنبد والی مسجد میں کھڑے ہو کر تالی بجائیں تو تالی کی آواز چند سیکنڈ تک گونجتی رہے گی؟
اس کی وجہ یہ ہے کہ آواز کی لہریں مسجد کی دیواروں،چھت اور فرش سے بار بار منعکس ہو کر مسجد کے اندر گھومتی رہتی ہیں حتی کہ ان کی بلندی اتنی کم ہوجاتی ہے کہ کان کو ان کی خفیف سی آواز بھی سنائی نہیں دیتی۔
مٹی کے گھڑے میں پانی کیوں ٹھنڈا رہتا ہے؟
مٹی کے گھڑے میں مسام ہوتے ہیں اور انہی مساموں کے ذریعے پانی رستا ہے اور بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔بخارات بننے کے عمل کے دوران گھڑے کے پانی سے حرارت کو پَرے دھکیل دیا جاتا ہے جس سے گھڑے کا پانی ٹھنڈا رہتا ہے۔
لوہے کی گیندتوپانی میںڈوب جاتی ہے لیکن جہاز کیوں نہیں ڈوبتا؟
اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی میںلوہے کی گیند جتنی جگہ گھیرتی ہے اس جگہ پانی کا وزن گیند کے وزن سے کم ہو تا ہے اس لئے گیند پانی میں ڈوب جاتی ہے لیکن اس کے بر عکس بحری جہاز کے اندر خلا ہو تا ہے اور جہاز کا وزن اس کے گھیرائو کے برابر پانی کے وزن سے کم ہوتا ہے اس لئے بحری جہاز نہیں ڈوبتا۔
مصنوعی بارش کیسے برسائی جاتی ہے؟
مصنوعی بارش برسانے کیلئے چھوٹے چھوٹے جیٹ ہوائی جہاز وں کو بادلوں کے اُن ٹکڑوں کے اُوپر جا کر سلورآئیوڈائڈ کے ذرات اور دوسرے کیمیائی ذرات کا سپرے کرنا پڑتا ہے۔ اس عمل سے بخارات ذروں سے چمٹ کر ننھے منے قطروں کی صورت اختیار کر لیتے ہیں جو وزن سے نیچے گرتے ہیں اور گرتے ہوئے قطرے بڑے سہانے بن جاتے ہیں اور بارش کی صورت میں برستے ہیں۔
عام طور پر دھات کی بنی ہوئی چائے دانی وغیرہ کا ہینڈل لکڑی کا لگا یا جاتا ہے بتائیے کیوں؟
دھاتیں چونکہ عمدہ موصل ہوتی ہیں اس لئے دھات سے بنائی ہوئی چائے دانی کا ہینڈل لکڑی کا نہ لگایا جائے تو گرم ہونے کی وجہ سے اُسے چُھوا نہیں جا سکتا۔ چونکہ لکڑی میںسے حرارت نہیں گزرتی اسلئے لکڑی کے ہینڈل ٹھنڈے رہتے ہیں۔
پٹرول سے لگی ہوئی آگ کو بجھانے کے لئے پانی کیوں استعمال نہیں کرنا چاہیے؟
پانی پٹرول سے بھاری ہوتاہے اس لئے نیچے گر جاتاہے اور پٹرول اُوپر آجاتا ہے جس سے آگ مزید بھڑک اُٹھتی ہے۔اس لئے پانی کیساتھ پٹرول سے لگی ہوئی آگ کو نہیں بجھایا جاتا۔