آج کا دن
بین البراعظمی ٹیلی فون سروس کاآغاز
گراہم بیل کو ٹیلی فون کا موجد مانا جاتا ہے اور موجودہ دور کا مواصلاتی نظام بھی اسی ایجاد کی جدید شکل ہے۔ ابتدائی طور پر ٹیلی فون کا استعمال اور اس کی حدود انتہائی کم اور محدود تھیں۔ مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد اس میں وقت کے ساتھ ساتھ جدت آتی گئی۔ 25دسمبر 1915ء میں گراہم بیل نے نیویارک میں موجودگی کے دوران سان فرانسسکو میں بیٹھے اپنے ساتھی تھامس واٹسن سے ٹیلی فون پر بات کر کے بین البراعظمی ٹیلی فون سروس کا آغاز کیا۔تھامس واٹسن کو ٹیلی فون کی ایجاد میں ایک اہم کردار تصور کیا جاتا ہے۔
کلیمن ٹائن منصوبہ
''کلیمن ٹائن‘‘ جسے ڈیب سپیس پروگرام سائنس ایکسپیریمنٹ(DSPSE)کے نام سے بھی جانا جاتا ہے دراصل ایک بیلسٹک میزائل ڈیفنس آرگنائزیشن(پہلے سٹریٹیجک ڈیفنس انیشی ایٹو آرگنائزیشن) اور امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے درمیان ایک مشترکہ خلائی منصوبہ تھا۔ اس منصوبے کا آغاز 25جنوری1994ء کو کیا گیا۔ اس خلائی مشن کا مقصد سینسرز کی جانچ کرنا تھا۔خلائی جہاز میں ایسے آلات نصب کئے گئے تھے جن کی مدد سے چاند اور زمین کے قریب موجود خلائی ماحول کا جائزہ لیا جا سکے۔خلائی جہاز تکنیکی خرابی کی وجہ سے مطلوبہ نتائج فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
آرمینیا ، کولمبیا زلزلہ
آرمینیا ،کولمبیا زلزلہ 25جنوری1999ء کو آیا۔ اس زلزلے کا مرکز کولمبیا کے جنوب مغرب میں 40کلومیٹر مغرب کی جانب واقع تھا۔زلزلے کے شدید جھٹکوں نے آرمینیا کو بہت زیادہ متاثر کیا جبکہ کولمبیا میں کاشت کرنے والے ایکسس ریجن، 18 قصبے، 28 دیہات اور کافی حد تک پیریر اور مانیزیلس متاثر ہوئے۔زلزلے کی شدت6.2ریکارڈ کی گئی اور یہ 16برسوں میں کولمبیا میں آنے والا سب سے تباہ کن زلزلہ تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں تقریباً2ہزار افراد ہلاک اور 4ہزار زخمی ہوئے جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد 3ہزار کے قریب تھی۔
الزبتھ کوچران کا سفر
الزبتھ کوچران سیمن جو اپنے قلمی نام Nellie Blyکے نام سے بھی جانی جاتی تھیں ایک امریکی صحافی، صنعت کار، موجد اور سماجی کارکن تھیں۔ ان کے متعلق مشہور تھا کہ یہ اپنے ہی بنائے ہوئے ریکارڈ توڑ دیتی ہیں۔انہیں 72 دنوں میں دنیا بھر کا سفرکرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انہوں نے یہ سفر 25جنوری 1890ء میں مکمل کیا۔ الزبتھ نے اس سفر کا آغاز جولس ورن کے افسانوی کردار فلیاس فوگ کی تقلید میں کیا۔ الزبتھ کوچران نے اپنے شعبے میںنئی نئی جہتیں دریافت کیں اور ایک نئی طرز کی تحقیقاتی صحافت کا آغاز کیا۔