آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27148_26043915.jpg)
اسپیشل فیچر
بابری مسجد کی شہادت
6دسمبر1992ء کو انتہا پسند ہندوؤں کے ایک گروہ کی جانب سے غیر قانونی طور پر بابری مسجد کو شہید کیا گیا۔ اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں 16ویں صدی کی بابری مسجد کے خلاف ایک طویل عرصے سے انتہا پسند ہندوؤں نے سازش شروع کر رکھی تھی۔ ایک سیاسی ریلی کے پرتشدد ہونے پر ان انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے بابری مسجد پر حملہ کیا گیا۔ انتہا پسندہندو تنظیم کا کہنا تھا کہ ایودھیا رام کی جنم بھومی یعنی جائے پیدائش ہے اور جہاں مسجد بنائی گئی وہ ان کی زمین ہے۔ ایک سازش کے تحت بابری مسجد کو شہید کرنے کیلئے احتجاج شروع کیا گیا اور اسی ریلی کے دوران مسجد کو شہید کیا گیا۔
چمکور کی جنگ
''چمکور کی جنگ‘‘ جسے ''چمکور صاحب کی لڑائی‘‘ یا ''چمکور کی دوسری جنگ‘‘ بھی کہا جاتا ہے 1704ء میں آج کے دن شروع ہوئی۔ سکھوں کی خالصہ کی قیادت گرو گوبند سنگھ نے کی جبکہ وزیر خان کی قیادت میں مغلوں کی اتحادی افواج میدان میں اتری۔ اس جنگ میں مغل فوج کو شکست ہوئی۔ گرو گوبند سنگھ نے اپنے خط ظفر نامہ میں اس جنگ کا حوالہ دیا ہے۔
بحری جہازوںکا تصادم
6دسمبر1917ء کی صبح فرانسیسی کارگو جہاز ''ایس ایس مونٹ بلینک‘‘ ہیلی فیکس، نوواسکوشیا،کینیڈا میں ناروے کے جہازایس ایس ایموکے ساتھ ٹکرا گیا۔ مونٹ بلینک بارود سے لیس تھا جس کی وجہ سے بھیانک آگ بھڑک اٹھی اورپورا ڈسٹرک تباہ ہو گیا۔ہیلی فیکس اور ڈارٹ ماؤتھ میں دھماکوں ،ملبے ،آگ اور منہدم ہونے والی عمارتوں کی وجہ سے تقریباًایک ہزار782افراد ہلاک ، 9ہزار افراد زخمی ہوئے۔یہ دھماکہ اس وقت کا سب سے بڑا دھماکہ تھا۔
فن لینڈ کا اعلان آزادی
فن لینڈ کی آزادی کا اعلان 6دسمبر 1917ء کو فن لینڈ کی پارلیمنٹ نے منظوری کے بعد کیا۔ جس کے مطابق فن لینڈ کو ایک آزاد ملک قرار دیا گیا۔آزادی کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تاکہ فن لینڈ کی آزادی کو قانونی حیثیت حاصل ہو سکے ۔ اس دن کو فن لینڈ میں یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ایکول پولی تکنیک قتل عام
ایکول پولی تکنیک قتل عام جسے مونٹریال قتل عام کے نام سے بھی جانا جاتا ہے شوٹنگ کاایک بڑا واقعہ تھا جو 6دسمبر1989ء کو مونٹریال کیوبیک میں ایکول پولی تکنیک میں پیش آیا۔ اس قتل عام میں 14خواتین ہلاک ہوئیں جبکہ فائرنگ سے دس خواتین اور چار مرد شدید زخمی ہوئے۔حملہ آور خواتین کے کلاس روم میں داخل ہوا اور کمرے میں موجود تمام خواتین کو گولی مار کرہلاک کردیا۔بعدازاں حملہ آور نے خودکشی کر لی۔