آج کا دن
اتحادی افواج کا جوابی حملہ
پہلی عالمی جنگ کے دوران 8 جنوری 1918ء کو فرانسیسی ، برطانوی اور اطالوی افواج پہلی عالمی جنگ کے دوران اٹلی میں دریائے پیائو کے کنارے جوابی حملے کی تیاری میں مصروف تھیں تاہم یہ جنگ کچھ عرصے کیلئے موخر ہوگئی۔ مارچ 1918ء میں جرمنوں نے ایک مرتبہ پھر دریائے پیائو کے مغربی محاذ پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اسے جرمن فوج کی جنگ جیتنے کی آخری کوششوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔ 1918ء میں پیائو کی جنگ کے خاتمے کے بعد آسٹریا اور ہنگری کی فوجیں جو جرمنوں کے ساتھ لڑ رہی تھیں بکھرنا شروع ہو گئیں۔دریائے پیائو کے کنارے ہونے والی یہ جنگ پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کا آغاز تھا۔
برطانیہ میں فوڈ راشننگ
8جنوری1940ء کو برطانیہ نے مکھن اور چینی پر مشتمل فوڈ راشننگ متعارف کرائی۔ کچھ عرصے بعد چائے، جام، بسکٹ،پنیر، انڈے ،دودھ اور ڈبہ بند پھلوں کا راشن متعارف کرایا گیا۔ان سب اقدامات کے بعد بھی جب جنگ جاری رہی تو اور بھی کھانے اور غیر کھانے کی بہت سی اشیاء متعارف کرائی گئیں جن میں گوشت،پیٹرول، کپڑے اور یہاں تک کے صابن کو بھی راشن کارڈ میں شامل کیا گیا۔ اس کارڈ کا اجراء اس لئے بھی کیا گیا کیونکہ جنگی حالات کی وجہ سے ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت تھی اور حکومت اپنی نگرانی میں ان اشیاء کی تقسیم کو منصفانہ رکھنا چاہتی تھی۔
1918ء کا امن معاہدہ
پہلی عالمی جنگ کے بعد امن کیلئے واشنگٹن کا14نکاتی منصوبہ امریکی صدر رووڈ روولسن کی طرف سے پیش کیا گیا۔ یہ تجویز ایک پلان پر مشتمل تھی جس میں قیام امن کے 14مختلف پہلو شامل تھے۔ اس فہرست میں سے ایک وہ ہے جو امن قائم کرنے والے ممالک کیلئے تجارت کی مساوات اور اس کی دیکھ بھال میں مدد سے متعلق تھا۔ اس فہرست کے ایجنڈے کے دیگر حصوں میں تمام نو آبادیاتی دعوئوں کی غیر جانبدارانہ ایڈجسٹمنٹ ، روسی علاقے کا انخلا ،بیلجیئم اور فرانس کے علاقوں اور اٹلی کی سرحدوں کی از سر نو ترتیب شامل تھی۔
یوکرین مسافر طیارہ ایران میں تباہ
2020ء میں آج کے روز یوکرین ایئر لائنز کا مسافر بردار طیارہ امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تہران سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ جہاز میں سوار تمام 176 افرادمارے گئے۔ تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ہوائی جہاز طیارہ شکن میزائل کا نشانہ بنا جو اسلامی انقلابی گارڈ کور(IRGC) کی طرف سے داغا گیا۔ یہ واقعہ امریکہ کی طرف سے قاسم سلیمانی کے قتل کے پانچ دن بعد پیش آیا اور ایران کی جانب سے آپریشن شہید سلیمانی کا بدلہ لینے کے چند گھنٹے بعد۔