آج کا دن
مشتری کے گرد تین سیاروں کی دریافت
1610ء میں آج کے دن اطالوی ماہر فلکیات گلیلیو گلیلی نے مشتری کے گرد تین سیاروں کی دریافت کی تھی۔ جنہیں افسانوی کرداروں ''لو‘‘، ''یوروپا‘‘ اور ''گانیمیڈ‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ مشتری نظام شمسی کا سب سے بڑا سیارہ ہے، مشتری اتنا بڑا ہے کہ نظام شمسی کے باقی تمام سیارے اس کے اندر سما سکتے ہیں۔ مشتری کے اندر 1300 سے زیادہ زمینیں فٹ ہو سکتی ہیں۔زمین سے یہ رات کو آسمان میں نظر آنے والا دوسرا روشن ترین سیارہ ہے۔ مشتری سورج سے پانچواں سیارہ ہے۔
ہائیڈوجن بم
امریکہ کے صدر ہیری ٹرومین نے 7جنوری 1953ء کوہائیڈروجن بم تیار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس منصوبے کے مکمل ہونے سے قبل بھی ایسا ہی اعلان کیا تھا۔ ہیری ٹرومین کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ہائیڈروجن بم بنانے کا فیصلہ سوویت یونین کے 1949ء میں ایٹم بم کے متعلق دئیے گئے بیان کے بعد کیاتھا۔ امریکی صدر کے مطابق ہائیڈروجن بم بنانے کا مقصد امریکہ کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
CQDریڈیو سگنلز کا افتتاح
''CQD‘‘ریڈیو کے استعمال کیلئے اپنائے جانے والے پہلے ڈسٹریس سگنلز میں سے ایک تھا۔7جنوری1904ء کو مارکونی انٹرنیشنل میرین کمیونی کیشن کمپنی نے ''سرکلر 57‘‘ جاری کیا جس میں واضح طور پر بتایا گیا کہ کمپنی کی تنصیبات کیلئے یکم فروری''CQD‘‘بحری جہازوں کی طرف سے کسی ایمرجنسی یا مشکل کی صورت میں دی جانے والی کال ہو گی۔ کچھ عرصہ بعد اسی ڈسٹریس سگنل کو تبدیل کر کے مورس کوڈ کی شکل دے دی گئی اور دور جدید میں اسے'' SOS‘‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔
امریکی صدر کلنٹن کا مواخذہ
7جنوری1999ء کو امریکی صدر کلنٹن کے مواخذے کیلئے مقدمے کی سماعت کاآغاز ہوا۔ کلنٹن پر جھوٹ بولنے اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام تھا۔ بعد میں گواہوں سے چھیڑ چھاڑ اور طاقت کے غلط استعمال جیسے اقدامات کا بھی الزام لگایا گیا۔ کلنٹن پر پاؤلا جونز کی طرف سے ہراساں کرنے کے الزامات کا مقدمہ بھی چلایا گیا۔مواخذے کے مقدمے کی سماعت کے دوران، ہاؤس جوڈیشری کمیٹی نے مواخذے کے تین آرٹیکلز کی منظوری دی ۔ اس کے بعد کلنٹن نے امریکی عوام سے عوامی معافی مانگی ۔
مانٹیل حادثہ
7جنوری 1948ء کو کینٹکی ائیر نیشنل گارڈ کا پائلٹ 25سالہ کیپٹن تھامس ایف مانٹیل، فرینکلن کینٹکی ریاستہائے متحدہ امریکہ کے قریب اپنےP-51 Mustang لڑاکا طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ یہ حادثہ ایک نامعلوم فلائنگ آبجیکٹ ''UFO‘‘ کا پیچھا کرنے کے دوران پیش آیا۔ یہ واقعہ ابتدائیUFOواقعات میں سب سے زیادہ مشہورتھا۔مانٹیل نے کافی اونچائی تک اس کا پیچھا کیا جہاز اس کے کنٹرول میں نہیں رہا اور گر کر تباہ ہو گیا۔