آج کا دن
اسپیشل فیچر
عالمی یوم آزادی صحافت
عالمی یوم صحافت(World Press Freedom Day) ہر سال 3 مئی کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے تحت منایا جاتا ہے۔یونیسکو نے اپنے جنرل کانفرنس کے چھبیسویں اجلاس میں (جو 15 اکتوبر1991ء سے 7 نومبر 1991ء تک جاری رہا )اس دن کو منانے کی سفارشات پیش کیں جس کے تحت اقوام متحدہ نے1993ء میں 3 مئی کو عالمی یومِ صحافت کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔یہ دن دراصل 1991 میں نامیبیا کے شہر ونڈہوک میں ایک اعلامیے کی یادگار ہے جسے ''ونڈہوک اعلامیہ‘‘ (Windhoek Declaration) کہا جاتا ہے۔ اس اعلامیے میں آزاد، خودمختار اور کثیرالجہتی میڈیا کے قیام پر زور دیا گیا تھا۔عالمی یوم صحافت کا مقصداظہارِ رائے کی آزادی کو فروغ دینا، صحافت میں شفافیت، دیانت داری اور غیر جانبداری کی اہمیت اجاگر کرنا،ان صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنا جو آزادیِ اظہار کی راہ میں جان کی بازی لگا چکے ہیں اورحکومتوں اور معاشروں کی توجہ میڈیا پر بڑھتی ہوئی پابندیوں اور دباؤ کی طرف مبذول کراناہے۔
کرسٹوفر کولمبس نے جمیکا دریافت کیا
3مئی1494ء کو کرسٹوفر کولمبس نے جمیکا دریافت کیا۔ جمیکا بحیرہ کیریبین میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے۔اس کا رقبہ 10ہزار 990 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ گریٹر اینٹیلز اور کیریبین کا تیسرا سب سے بڑا جزیرہ ہے۔ جمیکا کیوبا کے جنوب میں تقریباً 145 کلومیٹر اور ہسپانیولاکے مغرب میں 191 کلومیٹر پر واقع ہے۔ کرسٹوفر کولمبس نے جمیکا کو 1494ء میں امریکہ کی دریافت کے ٹھیک دو برس بعد دریافت کیا۔
جوڈو کا پہلا عالمی کپ
3مئی1956ء کو پہلے عالمی جوڈو کپ کا انعقاد جاپان کے شہر ٹوکیو میں کیا گیا۔جوڈو جس کے لفظی معنی ''نفیس طریقے سے‘‘ کے ہیں، جدید جاپانی مارشل آرٹ کی قسم ہے جو 1882ء میں ڈاکٹر کانو جیگورو نے جاپان میں تخلیق کی۔اس کھیل کا سب سے اہم پہلو مقابلے کا ہے، جہاں ایک کھلاڑی دوسرے کھلاڑی کو مقابلے میں زمین پر چت اور اس کی حرکت کو موقوف کر نے کے ساتھ ساتھ مارشل آرٹ کی تکنیک کے استعمال سے مقابل کو شکست قبول کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ ہاتھوں اور پاؤں کی مدد سے حملہ کرنا، ضرب لگانا اور ان اعضاء کو ہی بچاؤ کیلئے استعمال کرنا اس کھیل کی خصوصیات میں شامل ہیں۔
االبرٹا کی آتشزدگی
یکم مئی 2016ء کو فورٹ میک مرے، البرٹا، کینیڈا کے جنوب مغرب میں جنگل کی آگ شروع ہوئی۔ 3 مئی کو اس نے پوری کمیونٹی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اسے البرٹا کی تاریخ کی سب سے بڑی جنگل کی آگ قرار دیا جاتا ہے کیونکہ ا س میں88ہزار لوگ اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔ فائر فائٹرز کی کینیڈین آرمڈ فورسز اور رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر کینیڈین صوبائی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے جنگل کی آگ سے لڑنے میں مدد کی۔ فورٹ میک مرے میں پھیلتی ہوئی جنگل کی آگ نے تقریباً2ہزار400 مکانات اور عمارتیں تباہ کر دیں۔