آج کا دن
اسپیشل فیچر
دنیا کے گرد چکر لگانے والا شخص
آسٹریلوی ایڈونچررفریڈرک بینجمن نے1954ء میں آج کے روز خشکی اور پانی پر چلنے والی گاڑی کے ذریعے دنیا کا چکر مکمل کیا۔ وہ Amphibious گاڑی پر دنیا کا چکر لگانے والا پہلا شخص تھا۔ اس نے 17ہزار کلومیٹر کا سمندری سفر اور 62ہزار کلومیٹر زمینی سفر طے کیا۔ واضح رہے کہ کارلن نے پرتھ کے گلڈ فورڈ گرائمر اسکول میں تعلیم حاصل کی اور بعد میں کالگورلی سکول آف مائنز میں کان کنی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اس نے 1939ء میں چین ہجرت کرنے سے پہلے گولڈ فیلڈز میں بھی کام کیا۔ دوسری جنگ عظیم میںاسے انڈین آرمی کور آف انجینئرز میں تعینات کیا گیا۔1981ء میں اس کا انتقال ہوا۔
ایورسٹ سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون
برطانوی کوہ پیما ایلیسن جین نے 1995ء میں آج کے دن اضافی آکسیجن اور امدادی ٹیم کے بغیر تنہا ماؤنٹ ایورسٹ کو سرکرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ ایک ہی سیزن میں الپس کے ان تمام عظیم شمالی حصوں کو تنہا سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ہے جو کسی بھی کوہ پیما کیلئے ناممکن سمجھے جاتے تھے۔ ایلیسن نے نیپال میں6ہزار 812 میٹر اما دبلم کو بھی سر کیا۔1995ء میں ایلیسن نے بغیر کسی امداد کے دنیا کے تین بلند ترین پہاڑوں ،ماؤنٹ ایورسٹ، K2 اور کنگ چنجنگا کو سر کیا۔ 13 مئی 1995 ء کو وہ بغیر آکسیجن کے مائونٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچیں جبکہ 13اگست کو وہ ''کے2‘‘ کی چوٹی سے اترتے ہوئے ہلاک ہو گئیں۔
بھارت کے ایٹمی تجربات
13مئی 1998ء کو ہندوستان کی طرف سے پوکھران کے مقام پر 5 جوہری دھماکے کر کے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دْنیا کی امن پسند اقوام کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا ئی تھی۔ یہ بھارت کی طرف سے جوہری تجربات کا دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل بھارت نے 1974ء میں بھی ایٹمی دھماکے کئے گئے تھے۔ان ٹیسٹوں کے ذریعے بھارت نے 200 کلوٹن تک پیداوار کے ساتھ فیوژن اور تھرمونیوکلیئر ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کی۔ اس کے بعد بھارت نے جوہری دھماکہ خیز مواد کی پیداوار کی پیش گوئی کرنے کیلئے کمپیوٹر سمولیشن کی صلاحیت حاصل کی جس کے ڈیزائن اس ٹیسٹ میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے ڈیزائن سے ملتے جلتے تھے۔