بھائی ایک رشتہ، ایک سایہ، ایک محبت!
اسپیشل فیچر
اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کو رشتوں کی لڑی میں پرویا ہے۔ ہر رشتہ اپنی جگہ خاص اور انمول ہے۔ بھائی ایک ایسا رشتہ ہے جس میں محبت، تحفظ، قربانی، ہمدردی اور بے لوث خلوص پایا جاتا ہے۔ بھائی وہ ہوتا ہے جو بچپن کی شرارتوں میں ساتھی، مشکل وقت میں سائبان، اور کامیابیوں کے سفر میں حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوتا ہے۔یہ رشتہ صرف خون کا نہیں ہوتا بلکہ روح کی گہرائیوں سے جُڑا ہوتا ہے۔ ایک بھائی کا درد دوسرے بھائی کے دل میں گونجتا ہے، ایک کی خوشی دوسرے کی مسکراہٹ بن جاتی ہے۔ جب دنیا منہ موڑلیتی ہے، تب بھائی سہارا بنتا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ''ورلڈ برادرز ڈے‘‘ 24 مئی کو منایا جاتاہے، جس کا مقصد بھائی کے رشتے کی عظمت کو اجاگر کرنا، اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا اور عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے، جس کا مفہوم ہے: تم میں سب سے اچھے اخلاق والا وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئے۔ اصل اخلاق وہی ہے جو آپ گھر میں اپناتے ہیں، جہاں کوئی دکھاوا نہیں، صرف حقیقت ہوتی ہے۔
ہر رشتے کو وقت دینا پڑتا ہے۔ موجودہ دور میں ہمارے معاشرے میں کئی نوجوان دوستوں کو تو وقت دیتے ہیں، گھنٹوں ان کے ساتھ بیٹھتے ہیں، ان کی باتیں سنتے ہیں، ہنستے کھیلتے ہیں، لیکن حقیقی بھائی کیلئے ان کے پاس وقت نہیں ہوتا۔ یہ رویہ نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ قابلِ مزمت بھی ہے۔ بھائی وہ ہوتا ہے جو بچپن کا گواہ ہوتا ہے، جو ماں کی گود میں ساتھ بیٹھ کر پلا بڑھا ہوتا ہے، جس نے ہماری ہر کامیابی پر خوشی سے تالیاں بجائی ہوتی ہیں۔ اگر آپ باہر کی دنیا میں اچھے رویے سے پیش آنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اپنے سگے بھائی سے بدزبانی کرتے ہیں، اسے طنز کا نشانہ بناتے ہیں، تو آپ کو اپنے کردار اور اخلاق پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
حقیقی بھائیوں سے محبت سے پیش آئیں، اگر آپ بڑے بھائی ہیں، تو چھوٹے بھائیوں کیلئے آپ صرف بھائی نہیں بلکہ والد کے بعد ایک راہنما، محافظ اور محبت بھرا سایہ ہیں۔ ان کے کندھوں پر شفقت سے ہاتھ رکھیں، ان کی بات توجہ سے سنیں، ان کے خوابوں اور جذبوں کی قدر کریں، اور جب وہ زندگی میں کسی الجھن کا شکار ہوں تو ان کا سہارا بنیں۔ اور اگر آپ چھوٹے بھائی ہیں، تو بڑے بھائیوں کا ادب کریں، ان کی عزت دل سے کریں۔ ان کے تجربات سے سیکھیں، ان کے فیصلوں میں ان کا ساتھ دیں۔ اگر کبھی بڑے بھائی کسی وجہ سے ڈانٹ دیں اور آپ کو اختلاف ہو بھی جائے تو آپ کا انداز مؤدبانہ ہونا چاہیے، جیسے والدین سے گفتگو کرتے وقت ہوتا ہے۔ بڑے بھائی کی شخصیت، مزاج، اور رائے کا احترام کرنا آپ کے اخلاق کا عکس ہے۔ ان کے سامنے اونچی آواز سے بات نہ کریں، ان کے ساتھ مشورہ کریں اور ان کی بات کو اہمیت دیں۔