دنیا کی خوبصورت مساجد
اسپیشل فیچر
جامع مسجد ڈاکار سینی گال (افریقہ)
یہ مسجد سینی گال کے دارالحکومت ڈاکار میں واقع ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ اس کا ڈیزائن فرانسیسی اور مراکشی ماہرین تعمیرات نے باہم مل کر تیار کیا تھا اور اس کے اخراجات حکومت مراکش نے برداشت کئے۔ اس مسجد کی ایک منفرد بات یہ ہے کہ 1964ء میں اس کا افتتاح دو ملکوں کے حکمرانوں مراکش کے شاہ حسن ثانی اور سینی گال کے مسیحی صدر لیوپولڈ سیڈر سنگھور نے باہم مل کر کیا۔ یہ سینی گال کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ یہ مسجد اندرونی اور بیرونی طرف انتہائی منقش کام کی وجہ سے بہت خوبصورت لگتی ہے، اس کے واحد مینار کی بلندی 220فٹ ہے۔
کہا جاتا ہے کہ سینی گال کی پہلی مسجد شہری سلوی میں بنی تھی مگر اس کا سن تعمیر معلوم نہیں۔ اس وقت ڈاکار میں 1000سے زیادہ مسجدیں ہیں جبکہ پورے ملک میں مساجد کی تعداد 50ہزار سے زائد ہے۔
مرکزی جامع مسجد، ابوجا( نائیجیریا)
اس مسجد کو ملک کی قومی مسجد کا درجہ حاصل ہے۔ یہ مسجد نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں 1984ء میں بنائی گئی۔اس کے چاروں کونوں پر چار مینار اور ان پر چار ہی چھوٹے گنبد ہیں جبکہ ایک مرکزی گنبد ہے جس کا قطر118فٹ اور بلندی 197فٹ ہے۔ ہر مینار کی بلندی 308فٹ ہے۔ مسجد کے مرکزی ہال میں 5ہزارنمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ ہال کے اوپر تینوں اطراف میں گیلریاں بنی ہوئی ہیں جن میں 1500خواتین نماز پڑھ سکتی ہیں۔ اس مسجد کے ساتھ ایک لائبریری اور ایک کانفرنس روم بھی بنایا گیا ہے جس میں 1500اشخاص کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کے چیف امام، ڈپٹی امام اور موذن کی رہائش گاہیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
ابوجا کی تاریخ اس وقت سے شروع ہوتی ہے جب نائیجیریا کی حکومت نے 1980ء میں لاگوس سے دارالحکومت ابو جا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابو جا کے آزادی چوک میں دارالحکومت کے شایان شان ایک خوبصورت مرکزی مسجد تعمیر کرنے کا سوچا گیا۔ ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے فیصلہ کیا کہ اس مسجد کا ڈیزائن ایسا ہو جو شہر کے ہر حصے سے برابر نظر آئے۔ چنانچہ AIM کنسلٹنٹس کمپنی نے جو دیدہ زیب ڈیزائن بنایا واقعی وہ ایسا ہی تھا۔ اس مسجد کا رقبہ55382مربع فٹ ہے اور یہ نہ صرف ابوجا بلکہ پورے نائیجیریا کی انتہائی خوبصورت مسجد ہے۔