میٹا کا ویڈیو شیئرنگ فلسفہ بدل گیا
اسپیشل فیچر
ٹیکنالوجی کی دنیا میں وقت کے ساتھ ساتھ بڑی تیزی کے ساتھ جدت آ رہی ہے،آئے روز آنے والی تبدیلیاں اور متعارف کرائے جانے والے نت نئے فیچرز نہ صرف ان کے استعمال کے انداز بدل دیتے ہیں بلکہ مستقبل کی سمت کا بھی تعین کرتے ہیں۔ ایسی ہی ایک تبدیلی حال ہی میں اس وقت سامنے آئی ہے جب معروف سوشل میڈیا کمپنی ''میٹا‘‘ نے اعلان کیا کہ اب فیس بک پر اپلوڈ کی جانے والی تمام ویڈیوز خود بخود ''ریلز‘‘ کی صورت میں شائع ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد بلا لحاظ ویڈیو کی قسم،مختصر، طویل یا لائیوفوراً ریلز کے زمرے میں شامل کرنا ہے تاکہ صارفین کیلئے ویڈیو کا تجربہ اور تخلیق آسان اور یکساں ہو جائے۔ اس سے پہلے سے موجود ویڈیوز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، صرف نئے اپ لوڈز اس تبدیلی کے زمرے میں آئیں گی۔ اس اقدام کو ماہرین، فیس بک کے ویڈیو پلیٹ فارم کے سب سے بڑے انقلابی قدم سے تعبیر کر رہے ہیں۔
میٹا نے اپنے ایک اعلامیے میں اپنی اس بڑی تبدیلی کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صارفین چاہیں مختصر ویڈیو اپلوڈ کریں یا طویل، حتیٰ کہ لائیو اسٹریم ہی کیوں نہ ہووہ اب ریلز کے طور پر ہی پوسٹ ہوگی۔ اس کے ساتھ فیس بک کا موجودہ ویڈیو ٹیب بھی ریلز کے نام سے جانا جائے گا، جس سے صارفین کو تمام ویڈیو مواد ایک ہی جگہ پر آسانی سے دستیاب ہو گا۔
تبدیلی کی وجوہات
مقاصد و خدشات
یہ اقدام میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے فیس بک کو '' مزید کلچرل اور پُراثر‘‘ پلیٹ فارم بنانے کے ویژن کا حصہ ہے۔ یہ فیصلہ دراصل میٹا کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، با لخصوص انسٹاگرام اور فیس بک پر ویڈیو مواد کو مرکزی حیثیت دینا چاہتا ہے۔ چونکہ ریلز انسٹاگرام پر کامیابی کا سبب بنیں، اب کمپنی اسی فارمیٹ کو فیس بک پر بھی پوری طرح لاگو کر کے ویڈیو تجربے کو یکساں اور مربوط بنانا چاہتی ہے۔ اس تبدیلی کے ذریعے صارفین کیلئے ویڈیو بنانامزید آسان ہوجائے گا۔انسٹاگرام ریلز کی کامیابی کو فیس بک پر بھی منتقل کیا جائے گا،میٹا شارٹ ویڈیو (جیسا کہ ٹِک ٹاک وغیرہ) کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو پورا کرے گا۔
تاہم، کچھ خدشات موجود ہیں، اگرچہ صارفین سابق زمرے میں ہی رہیں گے لیکن انہیں نیا ماحول قبول کرنے اور نئی تبدیلیوں کو سمجھنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ماہرین کا تجزیہ
ڈیجیٹل میڈیا کے ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی صارفین کے رویّوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ آج کے دور میں لوگ مختصر اور دلچسپ مواد دیکھنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ ٹِک ٹاک اور یوٹیوب شارٹس کی مقبولیت نے میٹا کو مجبور کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔
میٹا کی یہ تبدیلی فیس بک کے ویڈیوز کے مستقبل کی سمت کا تعین کرتی ہے۔ اگرچہ ہر نئی تبدیلی وقت کے ساتھ قبول کی جاتی ہے، مگر اس بات میں کوئی شک نہیں کہ فیس بک ''ریلز‘‘ کا فروغ نوجوانوں، کاروباری اداروں اور تخلیق کاروں کیلئے پہلے سے زیادہ پرکشش بنائے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ صارفین اس نئی دنیا کو کس گرمجوشی سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
اہم نکات اور خصوصیات
90 سیکنڈ کی حد کا خاتمہ
اب ریلز کے دورانئے پر کوئی پابندی نہیں رہے گی۔ صارفین طویل دورانیے کی ویڈیوز بھی ریلز میں شامل کر سکیں گے۔
نیا تخلیقی تجربہ
میٹا نے صارفین کو ویڈیوز کے ایڈیٹنگ کیلئے جدید ٹولز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ہر ویڈیو زیادہ متاثر کن اور جاذبِ نظر ہو۔
آڈیئنس سیٹنگ
ہر ویڈیو اپلوڈ کے وقت صارف سے اس کی آڈیئنس کا تعین دوبارہ پوچھا جائے گا، جس سے صارف کو مزید کنٹرول حاصل ہوگا۔
مرحلہ وار نفاذ
یہ تبدیلیاں آنے والے مہینوں میں دنیا بھر کے صارفین اور فیس بک پیجز پر بتدریج لاگو کی جائیں گی۔
صارفین کو ملنے والے فوائد
٭...ویڈیو اپلوڈ کا عمل منفرد اور سادہ ہو گیا ہے،ایک ہی انٹرفیس میں تخلیق، ایڈٹ اور پبلش ممکن ہے۔
٭...ویڈیوز کی لمبائی کی آزادی اور نئے ٹولز تخلیق کاروں کیلئے نئے مواقع پیدا کریں گے۔چاہیں ویڈیو پانچ منٹ ہو یا بیس، اب اسے ریلز میں آسانی سے شیئر کیا جا سکے گا۔
٭...ایک ہی فارمیٹ میں تمام ویڈیوز دیکھنا اور شیئر کرنا آسان ہوگا۔
٭...کاروباری ادارے اور برانڈز اپنی ویڈیو کو زیادہ مؤثر طریقے سے چلانے کے قابل ہوں گے۔
٭...آپ کا سامع مکمل طور پر ویڈیو اپلوڈ کے وقت آپ کے قابو میں ہوگا۔
٭... ویڈیوز، ریلز اور لائیوز کا تجربہ اب ایک ہی مربوط صفحے پر ہوگا۔