آج کا دن
اسپیشل فیچر
پاکستان میں زلزلہ
28دسمبر 1974ء کوپاکستان کوایک ہولناک قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا۔ 7.4 شدت کے شدید زلزلے سے شمالی علاقہ جات بری طرح متاثر ہوئے۔ ہزارہ، ہنزہ، سوات اور خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں بستیاں چند ہی لمحوں میں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئیں۔اس المناک سانحے کے نتیجے میں پانچ ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سترہ ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔چار ہزار سے زائد مکانات تباہ ہونے سے ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے۔
سوویت یونین کا قیام
28 دسمبر 1922ء کو دنیا کی تاریخ میں ایک اہم سیاسی اور نظریاتی تبدیلی اس وقت رونما ہوئی جب سوویت یونین ( USSR) باضابطہ طور پر قائم ہوا۔ اس نئی ریاست کی بنیاد 1917ء کے روسی انقلاب کے بعد رکھی گئی، جس کی قیادت ولادیمیر لینن نے کی۔ سوویت یونین کے قیام کے وقت چار ریاستیں روس، یوکرین، بیلاروس اور ٹرانس کاکیشین فیڈریشن (آج کے جارجیا، آرمینیا اور آذربائیجان) شامل تھے۔ بعد ازاں وقت کے ساتھ ساتھ مزید جمہوریاں شامل ہوئیں اور یہ اتحاد پھیلتا چلا گیا۔ 1991 میں اس کا خاتمہ ہوا۔
مالیات کی پہلی خاتون
مورئیل فائے ایک امریکی کاروباری خاتون تھیں جنہیں نیو یارک سٹاک ایکسچینج میں نشست حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ نیو یارک سٹاک ایکسچینج کی رکن فرموں میں سے ایک کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔ یہ28دسمبر1967ء کو ایکسچینج کے ایک ہزار 365مرد اراکین میںشامل ہونے والی پہلی خاتون بنیں۔انہیں ''مالیات کی پہلی خاتون‘‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔اس واقعہ کو امریکی تاریخ میں بہت اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس دور میں خواتین امریکی معاشرے میں زیادہ متحرک نہیں تھیں۔
برطانیہ میں وباء
28دسمبر1957ء کو برطانیہ میں پاؤں اور منہ کی وباء پھیل گئی۔اس وباء کے پھیلنے کی اصل وجہ برطانیہ کے شمال میں واقع مذبح خانہ تھا جہاں مویشیوں کو ماہرین کی نگرانی کے بغیر ذبح کیا جاتا تھا اور ان کی باقیات کو صحیح انداز میں ٹھکانے نہیںلگایا جاتا تھا۔اس بیماری کے پھوٹنے کے بعد حکام کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے گئے ۔اس بیماری کے شکار تقریباً30ہزار جانوروں کو ذبح کر دیا گیا کیونکہ ان سے بیماری دوسرے جانوروں یا انسانوں میں بھی پھیل سکتی تھی۔
انڈونیشیا ائیر لائن حادثہ
اندونیشیا ائیر ایشیا فلائٹ نمبر8501ایک طے شدہ بین الاقوامی مسافر پرواز تھی جو سورابایا،جاوا، انڈونیشیا سے سنگاپور تک چلائی جارہی تھی۔ 28دسمبر2014ء کو جہاز پرواز کے دوران بحیرہ جاوا میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں جہا زمیں سوار تمام 162 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مارچ 2015ء میں سرچ آپریشن مکمل ہوا جس میں صرف 116افراد کی لاشیں تلاش کی جا سکیں۔یہ انڈونیشیا کی سرزمین کا تیسرا سب سے مہلک حادثہ تھا۔دسمبر 2015ء میں، انڈونیشیائی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ریڈار کنٹرول سسٹم میں خرابی نے کپتان کو آن بورڈ فلائٹ کنٹرول کمپیوٹرز کو ری سیٹ کرنے کا سگنل دیا جس کی وجہ سے طیارہ پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہو گیا۔