داڑھی سے عالمی ریکارڈز بنانے والا شخص
اسپیشل فیچر
شوق کی کوئی حد نہیں، بعض اوقات یہی شوق ایسے راستے اختیار کر لیتا ہے جو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ دنیا میں عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے لوگ طاقت، رفتار اور مہارت کا سہارا لیتے ہیں، مگر کچھ افراد انوکھے انداز اپنا کر تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک منفرد کردار وہ شخص ہے جس نے اپنی داڑھی کو عالمی ریکارڈ کا ذریعہ بنا لیا۔ بظاہر سادہ نظر آنے والی داڑھی اس کیلئے محض شناخت نہیں بلکہ ایک ایسا ہنر بن گئی جس کے ذریعے اس نے حیران کن کارنامے انجام دیے۔
اس شخص نے داڑھی میں مختلف اشیا رکھ کر، انہیں متوازن کر کے یا مخصوص وقت تک سنبھال کر ایسے ریکارڈ قائم کیے جن پر پہلے کسی نے غور تک نہیں کیا تھا۔ اس غیر معمولی شوق نے نہ صرف لوگوں کو حیرت میں مبتلا کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ لگن اور جدت کے ساتھ عام چیزیں بھی غیر معمولی کامیابی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ داڑھی کے ذریعے بنائے گئے یہ ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہیں کہ انسان اگر چاہے تو اپنی انفرادیت کو دنیا کے سامنے ایک نئی پہچان میں ڈھال سکتا ہے۔
امریکی جوئل اسٹریسر نے اپنی بڑی گھنی داڑھی کے ساتھ کئی عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ٹوتھ پکس سے لے کر گالف ٹی، کانٹے سے پنسلیں تک، جوئل نے اپنی داڑھی میں حقیقتاً متعدد چیزیں رکھی ہیں تاکہ وہ ریکارڈ توڑنے والے لیجنڈ کے طور پر اپنی پہچان قائم کر سکیں۔ جوئل جو انشورنس کلیمز کے شعبے میں کام کرتے ہیں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتفاقاً اپنی داڑھی کی حیرت انگیز اسٹوریج صلاحیتیں دریافت کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ میرے ریکارڈ توڑنے کے شوق میں کبھی کمی آنے والی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ خوراک کی چیزیں اتفاقاً اس میں پھنس جاتی تھیں، میں نے محسوس کیا کہ یہ واقعی چیزیں رکھنے میں کمال کی ہے۔ اس نے مجھے سوچنے پر مجبور کیا، اگر میں واقعی یہاں چیزیں رکھنے کی کوشش کروں تو کیا ہو گا؟ اور بالکل یہی انہوں نے کیا۔
جوئل نے کہا کہ یہ ناقابل یقین احساس ہے! گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل توڑنا کبھی پرانا نہیں لگتا۔ وہ سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا جو ریکارڈ دکھاتا ہے بھی بہت شاندار ہوتا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنے شاندار عالمی ریکارڈز حاصل کر سکوں گا۔جوئل نے کہا کہ کپڑوں کے کلپ سب سے مشکل چیز تھی کیونکہ ان کی داڑھی کے بال کلپ کے باہر والے حصے میں پھنس جاتے تھے، جو انتہائی تکلیف دہ ہوتا تھا۔ یہ ریکارڈ بنانا اتنا آسان کبھی نہیں ہوتا جتنا لوگ سوچتے ہیں۔ جوئل نے بتایا کہ جب میں نے پہلی بار اپنی داڑھی میں سب سے زیادہ کینڈی کینز رکھنے کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی، تو مجھے کئی مشکلات پیش آئیں۔ یہ نازک ہوتے ہیں، اس لیے جلد ٹوٹ جاتے ہیں اور پھر سارا انتظام بکھر جاتا ہے۔ میرا حل یہ تھا کہ انہیں ریپرز میں ہی رکھا جائے، لیکن ریپرز بہت پھسلنے والے ہوتے ہیں اور وہ پکڑنے کی بجائے پھسل جاتے ہیں۔ جب میں اپنی داڑھی میں بہت سارے کینڈی کینز جمع کرنا شروع کرتا ہوں تو اچانک سب گر جاتے ہیں۔ جب میں نے اپنی داڑھی میں 200 کینڈی کینز رکھ کر ریکارڈ توڑا، تو یہ عمل کافی وقت لے گیا کیونکہ دو بار میں بہت قریب پہنچا لیکن سب بکھر گیا اور مجھے دوبارہ شروع کرنا پڑا۔
اس سال جوئل کا ایک اور ریکارڈ بنانے کا منصوبہ بھی تھا، جس میں وہ اپنی داڑھی میں سب سے زیادہ مِسٹلٹو رکھنے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن سب کچھ خراب ہو گیا۔ کیونکہ ریکارڈ توڑنے کیلئے جتنی مقدار میں مِسٹلٹو چاہیے وہ کافی مہنگی ہے۔ میں نے مشق کیلئے کافی مقدار خریدی، لیکن جب میں ریکارڈ توڑنے گیا تو وہ سب خشک ہو چکی تھی۔ پتے اور بیریز گر گئے اور اس پر پھپھوندی لگنے لگی! یہ واقعی بہت مایوس کن تھا۔ لیکن میں دوبارہ منصوبہ بندی کروں گا اور بہتر تیاری کے ساتھ یقینی طور پر کرسمس 2026ء کیلئے اپنی داڑھی میں سب سے زیادہ مِسٹلٹو رکھنے کا ریکارڈ توڑوں گا۔