مائیکرو ویو کے استعمال کی عام غلطیاں!
اسپیشل فیچر
آگ یا نقصان سے بچنے کیلئے مائیکروویو کے اوپر کچھ نہ رکھیں
چاہے کھانا دوبارہ گرم کرنا ہو یا پاپ کارن بنانا، ہم میں سے اکثر لوگ روزانہ مائیکروویو استعمال کرتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ممکن ہے آپ اب تک اپنا مائیکرو ویو غلط طریقے سے استعمال کرتے رہے ہوں۔ بہت سے لوگ باورچی خانے کے اس آلے کے اوپر مختلف چیزیں رکھ دیتے ہیں، جن میں پھلوں کی باسکٹ، ٹشوپیپر، ٹاولز یا کھانا پکانے کی کتابیں شامل ہوتی ہیں۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا کچن چھوٹا ہے، سطحی جگہ محدود ہے اور آپ کے پاس کاؤنٹر ٹاپ مائیکروویو ہے، تو اس کے اوپر اضافی سامان رکھنا بظاہر پرکشش لگ سکتا ہے۔ لیکن اس سے مائیکروویو کے ہوا کے راستے بند ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں آلہ زیادہ گرم ہو سکتا ہے، نقصان پہنچ سکتا ہے، حتیٰ کہ آگ لگنے کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ آپ مائیکروویو درست طریقے سے استعمال کر رہے ہیں، ماہرین نے روزمرہ کی وہ غلطیاں بھی بتائی ہیں جو اکثر لوگ کرتے ہیں۔کھانے کو ہلانا بھول جانے سے لے کر برتنوں کو حد سے زیادہ مضبوطی سے بند کرنے تک، ذیل میں ایسی ہی چند بڑی غلطیاں اور ان سے بچنے کے طریقے بیان کئے جا رہے ہیں۔ اینڈریو رائٹ(Andrew Wright) جوککولوجی( Cookology )کے بانی ہیں، کا کہنا ہے کہ جب مائیکروویو کو درست طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ نہایت بہترین اور کارآمد آلہ ہے، لیکن ہم بار بار ایک ہی غلطیاں ہوتے دیکھتے ہیں۔لوگ اکثر انہیں ایک بٹن دبانے والا سادہ حل سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ تھوڑی سی سمجھ بوجھ نہ صرف بہتر نتائج دیتی ہے بلکہ مشین کی عمر بھی بڑھا دیتی ہے۔
غیر محفوظ برتنوں
کا استعمال
ہم سب جانتے ہیں کہ دھات والی کسی بھی چیز کو مائیکروویو میں نہیں رکھنا چاہیے۔ لیکن Cookology کے مطابق صرف فوائل کی تہہ یا دھاتی تاریں ہی خطرناک نہیں ہوتیں جن سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔ماہرین نے وضاحت کی کہ پلاسٹک کو مائیکروویو میں گرم کرنا بھی مسئلہ بن سکتا ہے۔ وہ پلاسٹک ڈبے جو مائیکروویو کیلئے محفوظ نہ ہوں، خاص طور پر چکنائی یا تیل والے کھانے گرم کرتے وقت، نقصان دہ کیمیکل کھانے میں چھوڑ سکتے ہیں۔
کھانے کو ہلانا یا گھمانا بھول جانا
اگرچہ آج کل زیادہ تر مائیکروویوز میں گھومنے والی پلیٹ (ٹرن ٹیبل) ہوتی ہے، لیکن اس کے باوجود کھانا ہمیشہ یکساں طور پر گرم نہیں ہوتا۔اسی لیے ضروری ہے کہ دورانِ استعمال مائیکروویو کو کچھ دیر کیلئے روک کر کھانے کو اچھی طرح ہلا لیا جائے۔ Cookology کے مطابق درمیان میں کھانا ہلانا یا برتن کو گھما دینا زیادہ محفوظ اور یکساں نتائج کو یقینی بناتا ہے، خاص طور پر چاول، گوشت یا بچے ہوئے کھانے دوبارہ گرم کرتے وقت۔
برتنوں کو مضبوطی
سے بند کرنا
مائیکرو ویو میں کھانا ڈھانپنا ضروری ہوتا ہے، تاکہ کھانا یکساں طور پر گرم ہو اور چھینٹے بھی نہ پڑیں۔تاہم اس معاملے میں حد سے زیادہ احتیاط بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس لیے برتن کو بہت زیادہ سختی سے بند نہ کریں۔ ماہرین کے مطابق بھاپ کے باہر نکلنے کیلئے تھوڑی سی جگہ چھوڑنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر ڈھکن مکمل طور پر بند ہو تو اندر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں برتن خراب ہو سکتا ہے یا ڈھکن اچانک اچھل کر کھل سکتا ہے۔ حتیٰ کہ مائیکروویو کیلئے محفوظ برتن بھی اس صورت میں خراب ہو سکتے ہیں اگر ان کا ڈھکن بہت زیادہ مضبوطی سے بند کیا جائے۔ Cookology کے مطابق بہترین نتائج کیلئے کھانے کو ہلکے انداز میں ڈھانپیں تاکہ حرارت اور نمی برقرار رہے، لیکن ساتھ ہی بھاپ کو محفوظ طریقے سے باہر نکلنے کا راستہ بھی ملتا رہے۔
صفائی کو نظر انداز کرنا
مائیکروویو صاف کرنا ایک ایسا کام ہے جسے بہت سے لوگ ناپسند کرتے ہیں۔لیکن ماہرین کے مطابق یہ نہ صرف صفائی بلکہ مائیکروویو کی کارکردگی کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گندا مائیکرو ویو زیادہ توانائی جذب کرتا ہے اور کھانے کو کم مؤثر طریقے سے پکاتا ہے۔ کھانے کے دھبے بدبو اور دھوئیں کے خطرے کو بھی بڑھا دیتے ہیں۔ تاہم، بلیچ یا دیگر امونیا پر مبنی محلول استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ مائیکرو ویو جیسے محدود اور بند جگہ میں یہ محلول زہریلی بھاپ چھوڑ سکتے ہیں جو کھانے کو آلودہ کر سکتی ہیں۔
کھانے کو زہریلا ہونے سے بچائیں!
کام کرنے کی جگہ کو صاف رکھیں: جراثیم کچن کی مختلف سطحوں پر زندہ رہ سکتے ہیں، اس لیے پکانے کی جگہ اور اپنے ہاتھوں کو صاف رکھنا ضروری ہے۔
کراس کنٹامینیشن (cross-contamination) سے بچیں: کچا گوشت، مرغی، سمندری غذا اور انڈے کو اگر الگ نہ رکھا جائے تو یہ تیار کھانوں میں جراثیم پھیلا سکتے ہیں۔ ان اجزاء کو ہینڈل کرتے وقت الگ کٹنگ بورڈز اور پلیٹیں استعمال کریں۔ یہ اجزا فریج میں بھی الگ رکھے جانے چاہئیں۔
تھرمامیٹر استعمال کریں: کھانے کو محفوظ طریقے سے پکانے کیلئے اندرونی درجہ حرارت اتنا ہونا چاہیے کہ وہ جراثیم کو مار دے جو فوڈ پوائزننگ پیدا کر سکتے ہیں۔ درست اندرونی درجہ حرارت اجزاء کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے، اور کھانے کے محفوظ پکنے کا واحد یقینی طریقہ فوڈ تھرمامیٹر استعمال کرنا ہے۔
کھانے کو صحیح طریقے سے محفوظ کریں: کھانے کو صحیح طریقے سے اسٹور کرنا نقصان دہ بیکٹیریا سے لڑنے کیلئے ضروری ہے۔ فریش کھانے کو خریدنے کے دو گھنٹے کے اندر فریج میں رکھنا چاہیے اور فریج کا درجہ حرارت 40°F سے کم ہونا چاہیے۔
صرف ختم ہونے کی تاریخ پر بھروسہ نہ کریں: صرف ایکسپائری ڈیٹ یہ نہیں بتاتی کہ کھانے کی اشیاء کب پھینکی جائیں۔ اگر کچھ بو یا رنگ میں عجیب لگے تو بہتر ہے کہ اسے پھینک دیا جائے۔
منجمد کھانے کو کاؤنٹر پر پگھلانے سے گریز کریں: فریزر سے نکالے گئے کھانے کو کاؤنٹر پر پگھلانا خطرناک ہے کیونکہ بیرونی حصہ کمرے کے درجہ حرارت تک پہنچتے ہوئے بیکٹیریا تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔ منجمد کھانے کو فریج، سرد پانی میں یا مائیکروویو میں پگھلائیں۔