آج کا دن
اسپیشل فیچر
''اپالو 14‘‘کی زمین پرواپسی
1971ء میں ناسا کے اپالو پروگرام کے تحت خلائی مشن ''اپالو 14‘‘ کامیابی کے ساتھ اپنا تاریخی سفر مکمل کر کے زمین پر واپس پہنچا۔ یہ انسان کی چاند پر تیسری کامیاب لینڈنگ تھی۔ اس مشن کے دوران خلا بازوں نے چاند کی سطح پر سائنسی تجربات کیے، مختلف نمونے جمع کیے اور اہم مشاہدات ریکارڈ کیے۔ یہ مشن انسانی تاریخ میں سائنسی ترقی کی ایک درخشاں مثال سمجھا جاتا ہے۔
کھیل والی بال کی ایجاد
1895ء میں امریکی ماہر جسمانی تربیت ولیم جی مورگن نے ایک نیا کھیل ایجاد کیا جسے انہوں نے ابتدائی طور پر ''منٹونیٹ‘‘ کا نام دیا۔ اس کھیل کا مقصد ایسا کھیل متعارف کرانا تھا جو باسکٹ بال کے مقابلے میں کم سخت ہو اور ہر عمر کے افراد آسانی سے کھیل سکیں۔ وقت کے ساتھ اس کھیل کے قواعد و ضوابط میں بہتری لائی گئی اور اس کا نام والی بال رکھا گیا۔ آج والی بال دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شمار ہوتا ہے۔
ہیلی دمدار ستارہ
1986ء میں ہیلی نامی ایک دم دار ستارہ سورج کے نزدیک سے گزرا۔ دمدار ستارے کا یہ گزر 75 سال میں ایک بار ہوتا ہے جسے انسانی آنکھ دیکھنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اب یہ ستارہ 2061ء میں دوبارہ نمودار ہو گا۔ اس طرح کے ستاروں کے مشاہدے سے خلاء میں موجود دیگر ستاروں اور سیاروں کی چال اور رفتار معلوم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔اس سے قبل بھی کئی ستارے زمین کے قریب سے گزر چکے ہیں جنہیں انسانی آنکھ دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ویتنام جنگ
1965ء میں آج کے روز امریکہ کا پہلا فوجی دستہ جنوبی ویتنام پہنچا۔اس خونریز جنگ میں سب سے زیادہ نقصان شمالی ویت نام اور ویت کانگ کا ہوا، جن کی کل ہلاکتوں ا ور گمشدگیوں کی تعداد 11 لاکھ 76 ہزار ہے جبکہ 6لاکھ سے زائد لوگ زخمی ہوئے۔ چین کے1446 فوجی ہلاک اور4200 زخمی ہوئے، سوویت اتحاد کے 16 فوجی بھی مارے گئے۔ اس طرح شمالی ویت نام اور اس کے اتحادیوں کا کل جانی نقصان 11 لاکھ 77 ہزار 446 رہا جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 6 لاکھ 4 ہزار رہی۔
بلقان معاہدہ
1934ء میں آج کے دن ترکی، یونان، یوگوسلاویہ اور رومانیہ کے درمیان ایتھنز میں بلقان معاہدہ طے پایا، جس کے مطابق بلقانی ممالک ایک دوسرے کے وجود کا احترام کرتے ہوئے حدود کی پاسداری کریں گے۔ خلافت کے خاتمے اور شکست کے بعد ترکی پر متعدد پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ پابندیوں کی وجہ سے ترکی کو کئی محاذوں پر سے پیچھے ہٹنا پڑا،بلقان معاہدہ بھی انہی پابندیوں کا سلسلہ تھا ۔بلقان معاہدے کے بعد بھی ترکی اور یونان کے درمیاں کئی لڑائیاں ہوئیں۔
ا فضل گورو کوپھانسی
2013ء میں آج کے روز حریت رہنما افضل گورو کوپھانسی دی گئی۔وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارامولہ میں پیدا ہوئے۔ ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کے دوران انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر دسمبر 2001ء میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے میں ملوث ہونے،حملہ آوروں کیلئے اسلحے کے حصول میں سہولت کاراور انہیں پناہ دینے کے الزامات عائد کئے تھے۔