آج کا دن
اسپیشل فیچر
مریخ پر ہیلی کاپٹرکی پرواز
2021ء میں آج کے روز''انگینیوٹی‘‘ (Ingenuity) ہیلی کاپٹرنے تاریخ رقم کرتے ہوئے مریخ پر پہلی کامیاب پرواز کی۔ جہاں اس نے نہایت محدود وسائل اور مشکل فضائی حالات کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ یہ کارنامہ ناسا کے مشن کا حصہ تھا، جس کا مقصد مستقبل میں دیگر سیاروں پر فضائی تحقیق کے امکانات کو جانچنا تھا۔ اس کامیاب پرواز نے سائنسی دنیا میں ایک نئی راہ کھولی اور خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی، جس سے مستقبل کے مزید جدید مشنز کی بنیاد رکھی گئی۔
امریکی جنگ آزادی
19اپریل 1775ء کو امریکہ کی جنگ آزادی کا آغاز ہوا۔ یہ ایک تاریخی سنگ میل تھا جس نے دنیا کی پہلی بڑی نوآبادیاتی بغاوت کو جنم دیا۔ 18ویں صدی میں امریکہ کی 13 برطانوی نوآبادیاں (colonies) برطانیہ کی حکومت سے نالاں تھیں، خاص طور پر ٹیکسوں اور نمائندگی کے فقدان پر۔ یہ جنگ 8 سال جاری رہی۔ جنگ کا اختتام 1783ء کے معاہدہ پیرس سے ہوا، جس کے تحت برطانیہ نے امریکہ کی آزادی تسلیم کر لی۔
دنیا کا پہلا خلائی سٹیشن
1971 میں ''سلیوٹ1‘‘ کو خلا میں بھیجا گیا، جو انسانی تاریخ کا پہلا خلائی اسٹیشن تھا۔ اسے سوویت یونین کے خلائی پروگرام کے تحت لانچ کیا گیا۔ اس کا مقصد خلا میں طویل مدت تک قیام، سائنسی تجربات اور تحقیق کو ممکن بنانا تھا۔ سلیوٹ پروگرام کے اس ابتدائی منصوبے نے خلائی تحقیق میں ایک نئی جہت متعارف کرائی۔ بعد میں آنے والے خلائی اسٹیشنز اسی بنیاد پر تیار کیے گئے۔ یہ لانچ انسان کے خلا میں مستقل موجودگی کے خواب کی پہلی عملی شکل تھی۔
کینیڈا فائرنگ
19اپریل2020ء کو گیبریل ورٹ مین نے کینیڈا کے صوبے نووا سکوشیا میں 16مقامات پر متعدد مرتبہ فائرنگ کی اور اس کے بعد آگ لگادی۔ اس واقع کے نتیجے میں 22افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ ورٹ مین نے یہ کارروائی تقریباً13گھنٹے تک جاری رکھی جس میں اس نے پولیس کی وردی اور گاڑی کا استعمال بھی کیا۔اس کارروائی کے دوران عوام کو ریڈ الرٹ کے ذریعے خبر دار نہ کرنے پر پولیس پر بہت زیادہ تنقید بھی کی گئی۔ایک طویل مقابلے کے بعد کینیڈا کی پولیس نے ورٹ مین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
بیلجیئم کی آزادی
معاہدہ لندن، 19 اپریل 1839ء کو کنسرٹ آف یورپ، یونائیٹڈ کنگڈم آف نیدرلینڈز اور کنگڈم آف بیلجیئم کے درمیان ہوا ۔ یہ 1831ء کے آرٹیکلز کے معاہدے کی براہ راست پیروی تھی، جس پر نیدرلینڈز نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ معاہدے کے تحت، یورپی طاقتوں نے بیلجیئم کی آزادی اور غیر جانبداری کو تسلیم کیا اور اس کی ضمانت دی اور لکسمبرگ کے جرمن بولنے والے حصے کو مکمل آزادی قائم کرنے کی اجازت د ی گئی۔
فلپائن فضائی حادثہ
19اپریل2000ء کو ایئر فلپائنز کی فلائٹ 541 حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس المناک حادثے میں جہاز میں سوار تمام 131 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ سانحہ فلپائن کی فضائی تاریخ کے بڑے حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خراب موسم اور تکنیکی مسائل کو اس حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا گیا۔ اس سانحے نے ہوابازی کے حفاظتی اقدامات پر سنجیدہ سوالات اٹھائے اور مستقبل میں مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔