آج کا دن
اسپیشل فیچر
خلائی مشن ''میرینر 5‘‘ کی روانگی
1967ء میں میرینر خلائی پروگرام کے تحت ''میرینر 5‘‘ کو سیارہ زہرہ (وینس) کی جانب روانہ کیا گیا۔ یہ خلائی جہاز ناسانے 14 جون 1967ء کو لانچ کیا تھا۔ اس مشن کا مقصد زہرہ کے ماحول، درجہ حرارت، فضائی دباؤ اور مقناطیسی میدان کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔ میرینر 5 نے کامیابی سے زہرہ کے قریب سے پرواز کرتے ہوئے اہم سائنسی مشاہدات کیے اور زمین پر قیمتی اعداد و شمار بھیجے۔
امریکہ کا ''یوم پرچم‘‘
ریاستہائے متحدہ امریکہ میں 14 جون کو ''یوم پرچم‘‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن 14جون 1777ء کو دوسری کانٹی نینٹل کانگریس کی قرارداد کے ذریعے ریاستہائے متحدہ کے جھنڈے کو اپنانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ بہت سی ریاستوں میں کافی عرصے تک یہ دن نہیں منایا جاتا تھا لیکن جیسے جیسے امریکہ کی ریاستوں میں پرچم کو اپنا یا جاتا رہا اس کے ساتھ ساتھ یہ دن بھی وہاں منایا جانے لگا۔
خون عطیہ کرنے کا عالمی دن
ہر سال 14جون کوخون عطیہ کرنے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ جس کا مقصد خون کی محفوظ منتقلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو اپنا خون دوسروں کی زندگی بچانے کیلئے عطیہ کرتے ہیں۔دراصل یہ دن کارل لینڈسٹائنر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے خون کے گروپ دریافت کرنے کے ساتھ اس تھیوری کی بنیاد رکھی تھی کہ ایک جیسے بلڈ گروپ آپس میں ملائے جا سکتے ہیں۔ اس تھیوری پر ایک ہی گروپ کے خون کو ملانے کا کامیاب تجربہ 1907ء میں کیا گیاتھا۔
برطانیہ میں بدترین آتشزدگی
14 جون 2017ء کو ویسٹ لندن میں واقع 24منزلہ رہائشی عمارت گریفل ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس خوفناک حادثے میں 72 افراد ہلاک ،70زخمی جبکہ223افراد اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔ یہ 1988ء کے پائپر الفا آئل پلیٹ فارم کی تباہی کے بعد برطانیہ میں سب سے مہلک آتشزدگی تھی۔ فریج میں خرابی کی وجہ سے لگنے والی آگ تقریباً60گھنٹے تک لگی رہی، لندن فائر بریگیڈ کے 250 سے زیادہ فائر فائٹرز اور 70 فائر انجن آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں شامل تھے۔
جاپان: فضائی حادثہ
1972ء میں جاپان ایئر لائنز کی پرواز 471 بھارت کے شہر نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی۔ یہ المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے کے قریب پہنچتے ہوئے گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 87 افراد میں سے 82 جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زمین پر موجود مزید چار افراد بھی ہلاک ہو گئے۔ اس سانحے نے جاپان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی۔ یہ حادثہ اس دور کے مہلک ترین فضائی سانحات میں شمار کیا جاتا ہے۔
''جنگ فریڈلینڈ‘‘
1807ء میں فرانسیسی شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کی عظیم فوج نے پولینڈ کے مقام فریڈلینڈ میں روسی فوج کو فیصلہ کن شکست دی۔ یہ معرکہ ''فریڈلینڈ جنگ‘‘کے نام سے مشہور ہے۔ اس جنگ میں فرانسیسی افواج کی شاندار حکمت عملی اور فوجی مہارت نے روسی لشکر کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ فریڈلینڈ کی فتح نے نپولین کی یورپ میں سیاسی و عسکری برتری کو مزید مضبوط بنایا۔ یہ جنگ نپولینی دور کی اہم ترین فتوحات میں شمار کی جاتی ہے۔