آج کا دن
اسپیشل فیچر
کولمبس کی پہلی سمندری مہم
3 اگست 1492ء کو اطالوی مہم جو کرسٹوفر کولمبس سپین سے اپنی پہلی سمندری مہم پر روانہ ہوا۔ اس مہم کو سپین کے حکمران جوڑے ملکہ ازابیلا اوّل اور بادشاہ فرڈیننڈ دوئم نے مالی معاونت فراہم کی تھی۔جس کا مقصد ایشیا تک نئی تجارتی راہ تلاش کرنا تھا۔اس وقت تک زمین کے گرد سفر کا کوئی ثابت شدہ ریکارڈ موجود نہیں تھا اور یورپ کے بیشتر لوگ سمجھتے تھے کہ مغرب کی جانب بحری سفر خطرناک ہے۔
سلووینیا کی تاریخ کا بدترین سیلاب
2023ء میں 3اگست کو یورپی ملک سلووینیا شدید بارشوں کے باعث اپنی تاریخ کے بدترین سیلاب سے دوچار ہوا۔ موسلا دھار بارشوں نے دریاؤں کو بپھرا دیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے۔ متعدد سڑکیں، پل، رہائشی علاقے اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کر کے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
اگادیرفضائی حادثہ
3 اگست 1975ء کو ایک نجی طور پر چارٹر کیا گیا بوئنگ 707 طیارہ مراکش کے شہر اگادیر کے قریب ایک پہاڑی چوٹی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کر رہا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 188 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت دنیا کے بدترین فضائی سانحات میں شمار کیا گیا اور بعد ازاں اس نے فضائی حفاظت، نیویگیشن اور پروازی طریقۂ کار میں مزید بہتری کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
ایلپاسو فائرنگ
3 اگست 2019ء کو ٹیکساس کے شہر ایلپاسو میں والمارٹ اسٹور پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ دہشت گردانہ حملے میں ایک فرد نے مبینہ طور پر 23 افراد کو ہلاک اور 23 کو زخمی کیا۔ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے شوٹنگ کی تفتیش دہشت گردی اور نفرت انگیز جرم کے طور پر کی۔ اس واقعہ کو امریکی تاریخ میں لاطینیوں پر سب سے مہلک حملہ قرار دیا گیا۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ پیٹرک ووڈ کروسیئس کو فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور اس پر قتل کا مقدمہ چلایا گیا۔
سکائی ٹاور کا افتتاح
3 اگست 1997ء کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں واقع ''اسکائی ٹاور‘‘ کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ تقریباً ڈھائی سال کی تعمیر کے بعد مکمل ہونے والا یہ ٹاور اس وقت جنوبی نصف کرہ ارض کی بلند ترین عمارت تھا۔ تقریباً 328 میٹر بلند یہ ٹاور نہ صرف آکلینڈ کی شناخت بن گیا بلکہ سیاحوں کیلئے بھی ایک بڑی کشش کا مرکز ہے۔ اس میں مشاہداتی ڈیک، گھومتا ہوا ریستوران اور بنجی جمپ جیسی تفریحی سہولیات موجود ہیں، جبکہ یہ جدید انجینئرنگ اور تعمیراتی مہارت کی ایک شاندار مثال بھی شمار ہوتا ہے۔
نائجر نے آزادی حاصل کی
3 اگست 1960ء کو نائجر نے تقریباً چھ دہائیوں پر محیط فرانسیسی نوآبادیاتی اقتدار کا خاتمہ کرتے ہوئے آزادی حاصل کی۔ اگرچہ ملک کو غربت، خشک سالی، سیاسی عدم استحکام اور سلامتی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم یومِ آزادی آج بھی نائجری عوام کیلئے قومی وقار، خودمختاری اور آزادی کی جدوجہد کی کامیابی کی علامت کے طور پر بھرپور جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔