آج کا دن
اسپیشل فیچر
ایتھوپیا میں امن معاہدہ
2 نومبر 2022ء کو افریقی ملک ایتھوپیا کی حکومت اور ٹگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کے درمیان امن معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے کا مقصد ملک کے شمالی علاقے میں جاری طویل اور تباہ کن جنگ کا خاتمہ کرنا تھا۔ جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے۔
خلائی سٹیشن پر انسان پہنچا
2 نومبر 2000ء کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہلی مستقل انسانی ٹیم پہنچی، جس سے انسانی تاریخ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔یہ ٹیم ''ایکسپیڈیشن1‘‘ کہلائی اور اس میں تین خلا نورد شامل تھے۔یہ خلا نورد روسی خلائی جہاز ''سویوز ٹی ایم 31 ‘‘کے ذریعے 31 اکتوبرکو خلا میں روانہ ہوئے اور 2 نومبر کو ''آئی ایس ایس‘‘ پر پہنچے۔
بی بی سی ٹی وی کا آغاز
2 نومبر 1936ء کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دنیا کی پہلی باقاعدہ ٹیلی وژن سروس کا آغاز کیا۔یہ نشریات لندن کے الیگزینڈرا پیلس سے شروع کی گئیں۔ ابتدائی طور پر یہ نشریات روزانہ چند گھنٹوں کیلئے ہوا کرتی تھیں اور صرف لندن کے قریب رہنے والے ناظرین ہی انہیں دیکھ سکتے تھے۔
عرب اسرائیل تنازع
شام، اردن اور لبنان، اسرائیل کے ساتھ اپنے تنازعات ختم کرنے میں ناکام رہے تو 2نومبر 1953ء کو امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ ایک معاہدہ کیا اور یہ منصوبہ بنایا کہ شام ،اردن اور لبنان کے ساتھ ایک الگ معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔دریائے اردن کے کنارے کسی بھی ترقیاتی کام کیلئے ایک امن معاہدے کی ضرورت تھی،اس لئے امریکہ نے اس میں اہم کردار ادا کیا۔
برطانیہ مخالف مظاہرے
2نومبر1951ء کو مصر میں برطانیہ مخالف مظاہروں نے زور پکڑ لیا۔ ہنگامہ آرائی کو ختم کرنے کیلئے 6ہزار برطانوی فوجی مصر کے کینال زون میں پہنچے۔ یہ لڑائی 2 سال تک جاری رہی۔ 1953ء میں آئینی بادشاہت کا آغاز ہوا اور 1954ء میں عرب قوم پرست عبدالناصر برسراقتدار آئے۔
اولو آگ
2نومبر1882ء کو اولو میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے فن لینڈ کے شہر اولو کے ساتھ ساتھ 27 عمارتوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ان عمارتوں میں شہریوں کی لاکھوں روپے مالیت کی املاک جل کر راکھ ہو گئیں۔ تہہ خانے کا استعمال آتش گیر مواد کو ذخیرہ کرنے کیلئے کیا جاتا تھا، جس کی وجہ سے آگ قابو سے باہر ہو گئی۔
لولو برگس کی لڑائی
لولو برگس کی لڑائی سلطنت بلغاریہ اور سلطنت عثمانیہ کے درمیان ہونے والی ایک خونریز جنگ تھی۔ اسے پہلی بلقان کی جنگ کی سب سے خوفناک لڑائی بھی کہا جاتا ہے۔یہ جنگ 28 اکتوبر1912ء کو شروع ہوئی اور2نومبر 1912ء تک جاری رہی۔مورخین کے مطابق یہ فرانکو،پرشین جنگ کے خاتمے اور پہلی عالمی جنگ کے آغاز کے درمیان میں یورپ میں لڑی جانے والی سے بڑی جنگ تھی۔