بغیر دوابلڈ پریشر کیسے کم کریں؟
اسپیشل فیچر
بلند فشارِ خون یا ہائی بلڈ پریشر کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ اکثر کسی واضح علامت کے بغیر دل، دماغ اور گردوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس پر قابو پانے کیلئے ادویات، متوازن غذا اور جسمانی سرگرمی اہم ہیں، تاہم طبی تحقیق میں ایک ایسی ورزش کے فوائد بھی سامنے آئے ہیں جس کے دوران جسم بظاہر ساکن رہتا ہے، لیکن پٹھے دباؤ برداشت کرتے ہیں۔ اس ورزش کو ''آئسومیٹرک ورزش‘‘ (Isometric Exercise) کہا جاتا ہے۔ اس میں پٹھوں کو ایک مخصوص حالت میں کچھ دیر تک سکیڑ کر رکھا جاتا ہے، مگر جسم کے متعلقہ حصوں میں نمایاں حرکت نہیں ہوتی۔
ہاتھ کی گرفت سے بلڈ پریشر میں کمی
اس ورزش کی ایک آسان صورت ''آئسومیٹرک ہینڈ گرپ ‘‘ ہے۔ اس میں مخصوص آلے کو ہاتھ میں پکڑ کر کچھ دیر دبایا جاتا ہے۔ اس دوران بازو کو حرکت دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔2023ء میں برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والے ایک بڑے تجزیے میں 270 مطالعات اور 15 ہزار سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق آئسومیٹرک ورزش کرنے والوں کے سسٹولک بلڈ پریشر میں اوسطاً 8.24 اور ڈائسٹولک بلڈ پریشر میں 4 ملی میٹر مرکری کی کمی دیکھی گئی۔
ورزش کا طریقہ اور دورانیہ
تحقیقی مطالعات میں عموماً ہینڈ گرِپ ورزش کے چار دور تجویز کیے گئے ہیں، جن میں ہر دور دو منٹ کا ہوتا ہے اور درمیان میں آرام کیا جاتا ہے۔ بعض مطالعات میں یہ مشق ہفتے میں تین مرتبہ آٹھ ہفتوں تک کی گئی۔ تاہم دورانیہ اور دباؤ جسمانی حالت کے مطابق ہونا چاہیے۔
اس کی دوسری صورت ''وال اسکواٹ‘‘ (Wall Squat)ہے، جس میں کمر دیوار کے ساتھ لگا کر گھٹنوں کو موڑتے ہوئے بیٹھنے کی حالت اختیار کی جاتی ہے اور کچھ دیر اسی پوزیشن میں رہا جاتا ہے۔
احتیاط بھی ضروری !
آئسومیٹرک ورزش کو بلڈ پریشر کی ادویات کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ دوا استعمال کرنے والے افراد ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اسے بند نہ کریں۔ ورزش کے دوران سانس روکنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے بلڈ پریشر عارضی طور پر بڑھ سکتا ہے۔ دل کے امراض یا بے قابو بلڈ پریشر میں مبتلا افراد ورزش شروع کرنے سے پہلے معالج سے مشورہ کریں۔
بلند فشارِ خون پر قابو پانے کیلئے نمک کا کم استعمال، متوازن غذا، مناسب نیند، وزن میں اعتدال اور باقاعدہ طبی معائنہ بھی ضروری ہیں۔ آئسومیٹرک ورزش ان تدابیر کے ساتھ ایک معاون طریقہ ثابت ہو سکتی ہے، بشرطیکہ اسے درست طریقے اور طبی رہنمائی کے مطابق اپنایا جائے۔