آج کا دن
اسپیشل فیچر
انڈونیشیا میں تباہ کن زلزلہ
21نومبر2022ء کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں مختلف اطلاعات کے مطابق 335 سے 602 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی اور بے گھر ہو گئے۔
ایم جی ایم گرینڈ آتشزدگی
21نومبر1980ء کو امریکا کے شہر نیواڈا میں واقع ایم جی ایم گرینڈ ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 85 افراد ہلاک اور 650 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ سانحہ نیواڈا کی تاریخ کی بدترین آفات میں شمار ہوتا ہے۔ آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔
زمبابوے: طویل حکمرانی کا خاتمہ
2017ء میں آج کے روز زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے 37 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا طویل دورِ حکومت ملک کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب تھا۔ موگابے نے 1980ء میں برطانوی نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کے بعد زمبابوے کی قیادت سنبھالی تھی۔
بوسنیا کی جنگ کا خاتمہ
1995ء میں امریکی ریاست اوہائیو میں واقع رائٹ پیٹرسن ایئر فورس بیس پر ڈیٹن امن معاہدے کی ابتدائی توثیق کی گئی۔ اس معاہدے کے نتیجے میں بوسنیا اور ہرزیگووینا میں ساڑھے تین سال سے جاری جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔ اس جنگ کے دوران ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے۔ ڈیٹن معاہدہ خطے میں امن کے قیام اور سیاسی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔
تھائی لینڈ فضائی حادثہ
21نومبر1990ء میں تھائی لینڈ کی فضائی کمپنی بینکاک ایئرویز کی پرواز نمبر 125 کو لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔ مسافر طیارہ ساموئی ایئرپورٹ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔ اس افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 38 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکا : پہلا گھومنے والا ریسٹورنٹ
1961ء میں آج کے روز امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں ''لا رونڈ‘‘ (La Ronde) کے نام سے ایک منفرد ریسٹورنٹ کا افتتاح ہوا۔ یہ امریکا کا پہلا گھومنے والا ریسٹورنٹ تھا، جس نے کھانے پینے کے ساتھ ایک نیا تفریحی تجربہ بھی متعارف کرایا۔ اس ریسٹورنٹ کی خاص بات یہ تھی کہ یہاں بیٹھے افراد کھانے کے دوران شہر اور گردونواح کے مختلف مناظر سے لطف اندوز ہو سکتے تھے۔
جنرل موٹرز کے مزدوروں کی ہڑتال
1945ء میں امریکا کی یونائیٹڈ آٹو ورکرز یونین نے تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کے مطالبے کی حمایت میں جنرل موٹرز کے خلاف ملک گیر ہڑتال شروع کر دی۔ اس احتجاج کے دوران 50 شہروں میں قائم کمپنی کے 92 کارخانوں کے ملازمین نے کام بند کر دیا۔ مزدوروں کا مؤقف تھا کہ مہنگائی کے پیش نظر ان کی اجرتوں میں اضافہ کیا جائے۔