تخلیقی صلاحیت کا انوکھا امتحان
اسپیشل فیچر
بلاکس سے بنے گا صدی کا شاہکار
دنیا میں کچھ تعمیراتی شاہکار ایسے ہیں جنہیں مکمل ہونے میں کئی نسلوں کا وقت لگ جاتا ہے، مگر جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیتوں نے ناممکن دکھائی دینے والے کاموں کو بھی حیرت انگیز حد تک آسان بنا دیا ہے۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں واقع ساگراڈا فامیلیا ایسا ہی ایک عظیم الشان چرچ ہے، جس کی تعمیر کا آغاز 1882ء میں ہوا اور اسے مکمل ہونے میں تقریباً ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ لگا۔ اس کے منفرد طرزِ تعمیر اور دلکش نقش و نگار نے اسے دنیا بھر میں شہرت دی ہے۔ لیکن کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ اس تاریخی عمارت کا ایک خوبصورت نمونہ لیگو کے چھوٹے چھوٹے بلاکس جوڑ کر صرف 12 گھنٹوں میں تیار کیا جا سکتا ہے؟
ایک اہم سوال نے اس تعمیراتی شاہکار کو ایک نئے اور دلچسپ چیلنج میں بدل دیا ہے، جس عمارت کو بنانے میں معماروں اور ہنرمندوں کی کئی نسلیں گزر گئیں، کیا اسے صرف 12 گھنٹوں میں لیگو کے ہزاروں رنگ برنگے بلاکس کی مدد سے دوبارہ تخلیق کیا جا سکتا ہے؟ معروف کھلونا ساز کمپنی لیگو نے بارسلونا کے اس تاریخی چرچ کا ایسا حیرت انگیز ماڈل متعارف کرایا ہے، جس میں 12ہزار سے زائد چھوٹے ٹکڑے استعمال کیے گئے ہیں۔ اب دنیا بھر کے لیگو شوقین افراد کیلئے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ رفتار، مہارت اور غیر معمولی یکسوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس منفرد ماڈل کو کتنی جلد مکمل کر سکتے ہیں۔
بارسلونا کے مشہور چرچ ساگراڈا فامیلیا کو معمار انتونی گاوڈی کے غیر معمولی تصور کے مطابق حقیقت کا روپ دینے میں معماروں، انجینئروں، مجسمہ سازوں اور پتھر تراشنے والے ہنرمندوں کی کئی نسلوں کو 140 سال سے زائد عرصہ لگ چکا ہے۔ لیکن اگر یہی شاہکار لیگو کے 12 ہزار 60 ٹکڑوں کی مدد سے تیار کرنا ہو تو آپ اسے کتنی جلد مکمل کر سکتے ہیں؟
انتونی گاوڈی کی وفات کی صد سالہ یاد کے موقع پر متعارف کرایا جانے والا لیگو آرکیٹیکچر ساگراڈا فامیلیا (سیٹ نمبر 21065) اب تک تیار کیا جانے والا تجارتی طور پر دستیاب دنیا کا سب سے بڑا سہ جہتی لیگو سیٹ ہے۔ اس نے اس سے پہلے یہ اعزاز رکھنے والے ایفل ٹاور کے 10ہزار ٹکڑوں پر مشتمل سیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نئے سیٹ میں سابقہ ریکارڈ کے مقابلے میں دو ہزار سے زائد اضافی ٹکڑے شامل ہیں، جو لیگو سے تعمیراتی نمونے بنانے کے شوقین افراد کیلئے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم یہ جاننا چاہتی ہے کہ آخر اس شاہکار کو لیگو کے ٹکڑوں سے سب سے کم وقت میں کون تیار کر سکتا ہے۔لیگو کے ذریعے کم سے کم وقت میں تعمیراتی نمونے تیار کرنے والے افراد کی ایک ایسی کمیونٹی موجود ہے جہاں مقابلہ انتہائی سخت ہے۔ تو کیا ساگراڈا فامیلیا کو 12 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں تعمیر کرنا ممکن ہے؟
لیگو آرکیٹیکچر کے ڈیزائنر روک ژگالین کوبے نے انتونی گاوڈی کی غیر معمولی تعمیراتی مہارت اور فن تعمیر کے جوہر کو ایک چھوٹے سے ماڈل میں سمو دینے کیلئے غیر معمولی محنت کی ہے۔ یہ ماڈل 62 سینٹی میٹر (24.4 انچ) بلند ہے اور اسے تقریباً اسی تاریخی ترتیب کے مطابق تیار کیا گیا ہے ۔جس ترتیب سے حقیقی باسیلیکا کی تعمیر ہوئی تھی۔ اس کی تیاری کا آغاز زیر زمین عبادت گاہ سے ہوتا ہے، پھر عمارت کے دلکش بیرونی حصوں اور شاندار اگلے رخ کو تشکیل دیا جاتا ہے اور آخر میں بلند و بالا میناروں کی تعمیر کے ساتھ اسے مکمل کیا جاتا ہے۔
اس ماڈل میں کئی ایسی منفرد اور ذہانت سے بھرپور جزئیات شامل کی گئی ہیں جو اسے حقیقت سے قریب تر بناتی ہیں۔ اس کے بلند میناروں کو سجانے کیلئے لیگو کے 100 یونیکورن کے سینگوں کو نئے انداز میں استعمال کیا گیا ہے، جبکہ عمارت کے تعمیراتی خدوخال نمایاں کرنے کیلئے ریڈی ایٹر گرل کے 533 ٹکڑے اور 42 چھوٹے مجسمے شامل کیے گئے ہیں۔چرچ کی رنگین شیشوں والی کھڑکیوں کا دلکش منظر تخلیق کرنے کیلئے 500 سے زائد شفاف لیگو ٹکڑے استعمال کیے گئے ہیں۔
ماضی میں لیگو کے قائم ہونے والے عالمی ریکارڈ
ماضی میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے افراد نے جس رفتار سے لیگو کے بڑے بڑے سیٹ تیار کیے، ان کے اوقات حیران کن ہیں۔آیئے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
کولوزیم
بیلاروس کے آرتسیوم سالاؤیو نے 2021ء میں 9 ہزار 36 ٹکڑوں پر مشتمل کولوزیم کا ماڈل 8 گھنٹے، 40 منٹ اور 55 سیکنڈ میں مکمل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ٹائی ٹینک
امریکا کے سیباسٹین ہاورتھ نے 2022ء میں لیگو کے 9 ہزار 90 ٹکڑوں سے بننے والے ٹائی ٹینک کو 8 گھنٹے، 42 منٹ اور 12 سیکنڈ میں جوڑ کر تیار کیا۔
ایفل ٹاور
2023ء میں امریکا کے کوپر رائٹ نے غیر معمولی مہارت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگو کا ایفل ٹاور 9 گھنٹے، 14 منٹ اور 35 سیکنڈ میں مکمل کیا۔
عالمی نقشہ
لیگو کے 11 ہزار 695 ٹکڑوں پر مشتمل عالمی نقشے کو بھی صرف 7 گھنٹے، 9 منٹ اور 41 سیکنڈ میں تیار کر لیا گیا۔ یہ تجارتی طور پر دستیاب دنیا کا سب سے بڑا دو جہتی لیگو سیٹ ہے۔ آسٹریلیا کے کلیرے فارکاش نے 2023ء میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
ملینیم فالکن
جولائی 2026ء میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ لوکاس ہیرشر نے لیگو کے 7 ہزار 541 ٹکڑوں پر مشتمل ملینیم فالکن (سیٹ نمبر 75192) کو صرف 7 گھنٹے، 27 منٹ اور 9 سیکنڈ میں تیار کیا۔ اس طرح انہوں نے سابقہ ریکارڈ میں 9 منٹ سے زائد کی کمی کی۔ اس سیٹ کیلئے 2021ء میں قائم ہونے والا پہلا باضابطہ ریکارڈ 21 گھنٹے سے بھی زیادہ تھا۔