گندم کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت، کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرینگے : مریم نواز

گندم کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت، کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرینگے : مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ ،نیوزایجنسیاں)صوبہ پنجاب میں پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے گندم کی خریداری، فری مارکیٹ اور ڈی ریگولیشن کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گندم کی آزادانہ نقل وحمل کی اجازت ہوگی۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت گندم کی کٹائی سے قبل صورتحال کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز ہوا، مریم نواز نے گندم کی ریکارڈ پیداوار پر پنجاب کے کسان کو شاباش دی اور زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کسان ہمارے بھائی ہیں، ان کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ گندم کے کاشتکاروں کو حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ہزار ٹریکٹر مفت دئیے گئے ۔ اجلاس میں صوبے بھر میں گندم کی آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دے دی گئی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے گندم کی خریداری، فری مارکیٹ اور ڈی ریگولیشن کی پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے مختلف شہروں کے لئے 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی،پنجاب کے دور دراز بڑے شہروں میں مرحلہ وار الیکٹرک بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں سرگودھا،شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان سمیت چھ دیگر اضلاع میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم لانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں 380الیکٹرک بسوں کی خریداری کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا، پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی ،جس کیلئے مریم نواز نے اگلے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کر دی۔ اجلاس میں فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، سمندری روڈ تا سرگودھا روڈ ریڈ بس سروس اور جڑانوالہ تا جھنگ روڈ اورنج بس سروس شروع کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کی فوری تعمیر کے لئے پلان طلب کر لیا اورلاہور میں یلو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کے لئے 15روز کی مہلت دے دی،انہوں نے الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا پلان بھی طلب کر لیا اورلاہور میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی منظوری بھی دی۔ان کا کہناتھاکہ سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، لاہور ہی نہیں باقی شہروں کے عوام کا بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر پورا حق ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز آج سول سیکرٹریٹ کا دورہ کریں گی۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے دورہ پرسیکرٹریز کو اپنی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا اورکہاکہ فائل ورک مکمل رکھا جائے ، مریم نواز کے دورہ کے دوران کچن اور برتنوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں