گریٹر اقبال،جیلانی پارک میں فن لینڈ منصوبہ زیرالتوا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) لاہور کے شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جیلانی پارک (ریس کورس) اور گریٹر اقبال پارک میں فن لینڈ بنانے کا منصوبہ جولائی 2024 میں منظور کیا گیا تھا۔
اس منصوبے کے تحت جدید جھولے ، تفریحی سرگرمیاں اور بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جانی تھیں۔ لیکن آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود کام کا آغاز نہیں ہو سکا۔ صورتحال اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ نئے فن لینڈ کی تعمیر کے انتظار میں پرانا فن لینڈ بھی بند کر دیا گیا، جس سے شہریوں کی سستی تفریح بھی ختم ہو گئی ۔لاہور کے شہریوں کو جدید تفریح فراہم کرنے کے لئے دو بڑے فن لینڈ بنانے کا منصوبہ منظور کرکے اعلانات تو کئے گئے مگر حکام نے نیا فن لینڈ بنانے کے لئے پرانا فن لینڈ بھی بند کر دیا، جس سے شہری پہلے سے موجود سہولتوں سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف نئے فن لینڈ پر جلد کام شروع کیا جائے بلکہ پرانے جھولے بھی بحال کئے جائیں، تاکہ عوام کو سستی تفریحی سہولتیں میسر آ سکیں۔پی ایچ اے حکام کے مطابق عالمی کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ڈیزائن کی تیاری کی جاچکی ہے ، جلد منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔